03اپریل 2021ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کو علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول عطا فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہزاروں جبکہ بیشتر مقامات پر لاتعداد عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

مدنی مذاکرے کے مدنی پھول ملاحظہ کیجئے

سوال : فضول بات کسے کہتے ہیں ؟

جواب : فضول بات وہ ہے جس کا نہ دنیا کا فائدہ ہو نہ آخرت کا بلکہ آخرت میں اس کا حساب دینا ہوگااوردنیا میں فضول باتوں سے وقت ضائع ہوتاہے ،اس وقت میں ذکردُرودکیاجاسکتا ہے۔

سوال : حیا کسےکہتےہیں ؟

جواب: حیاجسے اردومیں شرم کہا جاتاہے ، یہ تمام انسانوں میں ہوتی ہے بلکہ بعض جانوروں میں بھی ہوتی ہے جیسے ہاتھی میں ،حیا کا معنی ہے:عیب لگائے جانے کے خوف سے شرمانا ،اس میں خاصیت یہ ہےکہ یہ اللہ پاک کے ناپسندیدہ کاموں سے روکتی ہے اورلوگ جس بات کو ناپسندکریں اس سے بھی شرم وحیا والابندہ رک جاتاہے،پسندیدہ حیا وہ ہےجس کی وجہ سے اللہ پاک کی نافرمانی نہ ہو۔

سوال: شیخ شہاب الدین سہروردی رحمۃ اللہ علیہ کس زمانے کے بزرگ ہیں ؟

جواب: یہ حضورغوث پاک رحمۃ اللہ علیہ کے زمانے کے ہیں ،انہوں نے حضورغوث پاک رحمۃ اللہ علیہ کی صحبت پائی ہے ،ان کا مزاربغدادشریف میں ہے ۔

سوال: کیا جنت میں کسی قسم کا خوف ورنج ہوگا ؟

جواب:نہیں !جنت میں کسی قسم کی کوئی ٹینشن ،خوف،رنج،ظلم بلکہ گنا ہ کا تصوربھی نہیں ہوگا ۔

سوال : آپ نے کس طرح دینی کام کیا ہے ؟

جواب: میں نے سینکڑوں بلکہ ہزاروں مساجد میں جاجاکرنمازیں پڑھی ہیں (بیانات کئے ہیں،مدنی قافلوں میں سفرہواہے،نیکی کی دعوت دی ہے )،اسی طرح جنازے بہت زیادہ پڑھائےہیں، تدفین میں شرکت کی ہے،نکاح پڑھائے ہیں،شادی کے موقع پر محفلِ نعت کا رواج بھی اَلْحمدُللہ دعوتِ اسلامی نے دیا ہے۔

سوال: پیٹ بھرجائے پھربھی کھانے کو جی چاہے تو کیا کرنا چاہئے ؟

جواب: بُھوک کے تین حِصّے کرنا بہتر ہے۔ایک حصّہ کھانا،ایک حِصّہ پانی اور ایک حِصّہ ہوا۔مَثَلاً تین روٹی میں سَیر ہوجاتے ہیں تَو ایک روٹی کھایئے ایک روٹی جتنا پانی اور باقی ہوا کیلئے خالی چھوڑدیجئے۔اگر پَیٹ بھرکر بھی کھا لیا تو مُباح ہے کوئی گُناہ نہیں۔ مگر کم کھانے کی دینی و دُنیوی بَرَکتیں مرحبا! تجرِبہ کر کے دیکھ لیجئے۔ اِن شاء اللّٰہُ الکریم پیٹ ایسا دُرُست ہو جائے گا کہ آپ حیران رہ جائیں گے۔ اللہ پاک ہم سب کو پیٹ کا قفلِ مدینہ نصیب فرمائے۔ یعنی حرام سے بچنے اور حلال کھانا بھی ضَرورت سے زیادہ کھانے سے بچائے۔(کھانے کا اسلامی طریقہ،ص24)

سوال: اِس ہفتے کارِسالہرشتہ داروں سے بھلائی پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ  نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 16 صفحات کا رسالہرشتہ داروں سے بھلائی پڑھ یا سُن لےاُسے اور اُس کے سارے خاندان کو حج، مدینۂ پاک کی باادب حاضری، جلوۂ مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں شہادت کی موت اور جنتُ الفردوس میں بے حساب داخلہ عطا فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم