19جون 2021ء مطابق 9 ذیقعدۃِالحرام 1442ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کو علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول عطا فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سینکڑوں جبکہ بیشتر مقامات ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

مدنی مذاکرے کےمزید مدنی پھول ملاحظہ فرمائیں

سوال : کیا زیادہ دعائیں مانگ سکتے ہیں ؟

جواب : دُعاعبادت ہے بلکہ عبادت کامغزہے ،اس لیے جتنی بھی دُعائیں کرلیں پھر بھی کم کم اورکم ہیں ۔

سوال: بوڑھوں کو آپ کیانصیحت فرمائیں گے ؟

جواب:مسلمان بوڑھے کومایوس نہیں ہوناچاہئے،اسلام میں بوڑھاہونے والے کے بھی فضائل ہیں ،میرامشورہ ہے کہ بوڑھے بے موقع گفتگونہ کریں ، بے جاغُصّہ نہ کریں ،مسکراتے رہیں ان شا ء اللہ الکریم ان کی عزت ہوگی ،جوان اولاد کو باربارٹوکنا،غُصّہ کرنا،گھرکے رازفاش کرنا وغیرہ ،اس سے عزت کم ہوجاتی ہے ،یہ کہنا کہ میں صحیح بات کرتاہوں ،کیا میں صحیح بات نہ کروں؟پہلی بات تو یہ ہے کہ جسے آپ صحیح کہہ رہے ہیں ضروری نہیں کہ وہ صحیح ہو،اگرصحیح بھی ہوتو ہرصحیح بات کوہرموقع پر نہیں کیا جاسکتا،اب بھی ہمارے ہاں اہلِ علم بوڑھوں کی بہت عزت ہوتی ہے ،سیدی قطبِ مدینہ(امیرِ اہلسنّت کے پیرصاحب حضرت ضیاء الدین احمد مدنی قادری رحمۃ اللہ علیہ) نے 107سال عمرپائی ،ان کی عزت کتنی زیادہ تھی؟لوگ ان سے محبت کرتےتھے،میں نےجب اِن کے فوت ہونے کی خبرسُنی تو میں قبرستان میں تھا ،ان کی محبت کی وجہ سے میں رونےلگا۔

سوال : سُستی کیسے دُورکی جائے ؟

جواب: سُستی دُورکرنے کاطریقہ ہے کہ چُستی پیداکرنے کی کوشش کی جائے ،تکلف کے ساتھ سُستی دُورکی جائے ،مَنْ جَدَّوَجَدَیعنی جس نے کوشش کی اُس نے پالیا ،جن جائزکاموں کے بارے میں سُستی ہے ان کو کرگزرے ،پھر ان کی عادت پڑجائےگی تو سُستی نہیں ہوگی ،سُستی کودورکرنےکے لیے چُستوں کی صحبت اختیارکی جائے۔

سوال: بندہ کس عمرمیں بوڑھاکہلاتا ہے ؟

جواب:30 سال تک بندہ جوان(Young) رہتاہے ،30سال کے بعدجوانی ڈَھل جاتی ہے ،30سے 50سال کا اُدھیڑ عمر ہے ،50 سال کے بعداُدھیڑعمربھی ڈھلنے لگتی ہے اور60سال والا مکمل بوڑھا ہوجاتاہے ۔بڑھاپے اورموت کاکوئی علاج نہیں ،بوڑھے کوچاہئے کہ وہ اللہ پاک کی طرف رجوع کرہی لے ،توبہ کرے،جن بندوں کے حقوق تلف کئے ہیں تو ان کو یادکرتارہے ،فہرست تیارکرے ،انہیں تلاش کرکے اُن سے حقوق معاف کرواتارہے۔

سوال:ماحول کی آلودگی (Pollution) کوختم یا کم کرنے میں ایک فردکا کیاکردارہوناچاہئے ؟

جواب: فردسے معاشرہ بنتاہے ،اس لیے ہرفردکو ماحول آلودہ (خراب) کرنےسے بچناچاہئے ،اگرگاڑی کالادُھواں چھوڑرہی ہوتو اسے درست کروالیں کہ یہ زیادہ نقصان دہ ہے،کچرےاِدھراُدھرپھینکنے کےبجائے کچراکُونڈی میں رکھاجائے،اداروں کو چاہئےکہ کُوڑااُٹھاتے رہیں ،اگروہ نہیں اُٹھاتے تو لوگ ان کو کہیں کہ وہ یہ کام کریں ،جن جانوروں کی تعدادکم ہوجائے ،اگرچہ حلال ہوں،قانون بن جائے کہ اِ نہیں نہیں کھانا تو اس قانون پرعمل کیا جائے،اللہ کرے کہ ہم اپنا تحفظ کرنا سیکھیں ،دوسروں کے تحفظ کاخیال کریں ،جانوروں کابھی تحفظ کریں،ماحول کی آلودگی کو کم کرنے کےلیے درخت لگائے جائیں ، پودے بھی انسان کی خدمت کررہے ہوتے ہیں ۔دعوتِ اسلامی بھی شجر کاری مہم(Tree Planting Campaign) چلارہی ہے،اس میں دعوتِ اسلامی کاساتھ دیں۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ امام مالک کا عشقِ مدینہ ‘‘ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہنے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا ربَّ المصطفیٰ! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہامام مالک کاعشقِ رسول پڑھ یا سُن لےاُسے امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کے صدقے عشقِ مدینہ سے مالامال فرما،اُسےباربارمدینہ ٔ پاک کی بااَدب حاضِری نصیب فرمااوراُس کوبے حساب بخش دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم