12 نومبر 2022ء بمطابق 17ربیع الاٰخر 1444ھ بروز ہفتہ بعد نماز عشاء عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی کے عاشقان رسول نے فیضان مدینہ آکر جبکہ دیگر مقامات پر ہزاروں عاشقان رسول بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت، امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے علم و حکمت سے بھر پور جوابات دیئے اور مسلمانوں کی دینی ومعاشرتی رہنمائی کے لئے مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: جنّتی پتھرکون ساہے ؟

جواب:حجرِاسود ۔

سوال: جس نے کسی کا دل دکھایا ہوتو کیا اس کے جواب میں اس کا بھی دل دکھا سکتے ہیں ؟

جواب: دل نہ دکھایا جائے بلکہ معاف کردیا جائے ۔

سوال : توبہ پر استقامت کیسے حاصل ہو ؟

جواب : استقامت تو بڑی چیز ہے، کہاگیا ہے اَلْاِسْتَقَامَۃُ فَوْقَ الْکَرَامَۃ یعنی استقامت توکرامت سے بھی بڑھ کرہے ،بہرحال اس کے لیے کوشش کی جائے، کبھی نیکیوں میں دل لگتاہے اور کبھی اُچاٹ ہوتاہے تو زبردستی اپنے آپ کو نیکیوں کی طرف مائل کیا جائے ،اسی طرح گنا ہ کے تعلق سے خود کوڈرایا جائے،گناہوں کے عذابات اورہلاکتوں سے ڈرانےکی کوشش کرتےرہیں،عربی محاورہ ہے:مَنْ جَدَّوَجَدَیعنی"جس نے کوشش کی،اُس نے پالیا" ،بھرپورکوشش کریں گے تو استقامت حاصل ہو جائے گی ،کمزورکوشش کریں گے تو کامیابی مشکل ہے،گناہ چھوڑنے کو سنجیدگی سے لیں گے تو گناہ چھُوٹ جائیں گے،نظر اندازکریں گے توایسانہیں ہوسکے گا، زندگی کا وقت ختم ہونےسے پہلے پہلے ہم اپنی اَنَایعنی مَیں کو ختم کریں اوراپنے آپ کو گناہوں سے بچائیں ۔

سوال: بعض نادان لوگ گھرکی کھڑکی سے کچرا باہرپھینکتے ہیں ،گاڑی سے یا راستے میں چلتے ہوئے پان کی پِیک (پچکاری) پھینکتے رہتے ہیں ،اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: یہ لوگ اپنے گھرمیں تو کچرانہیں پھینکتے مگرگلیوں میں پھینک دیتے ہیں، ایساہرگزنہیں کرناچاہئے،بعض اوقات پھینکے گئے کچرے میں نجاست بھی ہوتی ہے، جس سے لوگوں کے پاؤں /کپڑے وغیرہ خراب ہوسکتے ہیں ،کچھ لوگ دیواروں کےساتھ بیٹھ کر پیشاب کررہے ہوتے ہیں ،ان میں سے کئی کام تو غیر اخلاقی ہیں ،بعض اوقات ملکی قوانین کی خلاف ورزی ہو رہی ہوتی ہے ،اس لیے ہمیں صفائی رکھنی چاہئے،حدیث پاک میں ہے:پاکیزگی (صفائی)نصف ایمان ہے۔(مسلم،ص140،حدیث:223)

سوال: حضرت سَلمان فارسی رضی اللہ عنہ کیا اہلِ بیت سے ہیں ؟

جواب:نبیِ پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں اہلَ بیت سے شمارفرمایا ہے،فرمانِ مصطفی (صلی اللہ علیہ والہ وسلم ): سَلْمَانُ مِنَّا اَہْلَ الْبَیْت یعنی سلمان ہمارے اَہلِ بیت سےہیں۔(مسند بزار،ج13، ص139، حدیث: 6534)

سوال: کیاسبزگنبدکودیکھنا کارِ ثواب ہے ،گاڑی چل رہی ہواورگنبدِخضراء نظرآئے تو کیا کریں ؟

جواب: جی ہاں !پیارے آقا،مکی مدنی مصطفےٰ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کے روضۂ مبارکہ کے سبزگنبدکو دیکھنا ثواب کا کام ہے ،جب یہ نظرآئےتو دُرودشریف پڑھناچاہئے ۔

سوال: گنبدِخضراء کو دیکھنے کی تمنا کیسے پیداہو ؟

جواب: عموماًنیک صحبت اپنانے ،نعتیں سننے ،مطالعہ کرنے سےیہ جذبہ ملتاہے ،فطری طورپرکسی میں یہ جذبہ پیداہوجائے تویہ الگ بات ہے، مکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’عاشقانِ رسول کی 130حکایات ‘‘کا مطالعہ کریں ،اس کے مطالعہ سے حاضریٔ مدینہ کی تڑپ پیداہوگی اوراگرپہلے سے ہوئی تو اس میں مزید اضافہ ہوگا ،حاضریٔ مدینہ کاموقع ملنا بہت بڑی خوش نصیبی ہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ گناہ کی پہچانپڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا رَبَّ المصطفٰے! جو کوئی 24 صفحات کا رسالہگناہ کی پہچانپڑھ یا سن لے، اُسے گناہوں کی پہچان، گناہوں سے نفرت اور گناہوں سے بچنے کی سعادت عطا فرماکر جہنم سے بچا کر جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ نصیب فرما ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔