ماہِ رمضان المبارک کی آمد ہوتے ہی دعوتِ اسلامی کے  زیرِ اہتمام روزانہ دو مدنی مذاکروں کا سلسلہ ہوتا ہے جن میں امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ قیمتی مدنی پھول ارشاد فرماتے اور عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرماتے ہیں۔

پاکستان میں یکم رمضان المبارک کا چاند 24 اپریل کو دکھائی دیا ، تراویح کی ادائیگی کے رمضان شریف کے پہلے مدنی مذاکرے کا آغاز ہوا۔ مدنی مذاکرے میں امیر اہل سنت نے عاشقانِ رسول کے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال:مسلمان اورمسجدکا آپس میں کیاتعلق ہے؟

جواب:مسلمان اورمسجد کا چولی دامن یعنی گہراتعلق ہے،خوش نصیب ہے وہ مسلمان جس کی دوڑ مسجدتک ہے۔

سوال: لاک ڈاؤن(Lock Down) میں ہمیں نمازکی ادائیگی کے بارے میں کیا کرنا چاہئے؟

جواب: اللہ کرے ہمیں نماز کی ادائیگی کی فکرہو،میرامشورہ ہے کہلاک ڈاؤن(Lock Down)میں ایک بڑی تعدادنےچونکہ گھر میں نمازپڑھنی ہے تو فوراًنمازاداکرنے کی کوشش کی جائے تاکہ نمازکی ادائیگی میں تاخیریا سستی نہ ہو مثلا جیسے ہی نمازِعشاکاوقت شروع ہوتو آپ نمازِعشاء کے فرض وسنتیں پڑ ھ کرنمازِتراویح اداکرلیں ۔

سوال:مدنی مذاکرہ سننے کا کیا فائدہ ہےاورماہ ِرمضان میں اس حوالے سے ہماری کیاروٹین ہونی چاہئے؟

جواب:مدنی مذاکرہ یکسوئی کے ساتھ سننےسےاتنا زیادہ فائدہ ہوگاکہ یہ فائدہ آپ کی نسلوں تک بھی پہنچے گا،اِنْ شَاۤءَ اللہ۔ماہِ رمضان میں نمازِتراویح کی ادائیگی کے فوراًبعدمدنی مذاکرہ سننےکا اہتمام کیجئے ،نمازِعصرکے بعد ہونےوالے مدنی مذاکرےمیں بھی شرکت کیجئے اوراس کے بعد ہونےوالی دُعائےافطارمیں شامل ہوجائیے ۔

سوال: روزہ کس طرح افطارکرناچاہئے؟

جواب:پانی یا کھجورسےافطارکیجئےیادونوں سے بھی کیا جاسکتاہے،مگرجب کھجورسےکریں تو نمازسےپہلے اچھی طرح منہ صاف کرلیں ،منہ میں مٹھاس کا کچھ اثرنہیں ہونا چاہے ،منہ بالکل صاف ہو۔

سوال:ماہ ِرمضان میں کھانا کھانےمیں کیااحتیاط کی جائے ؟

جواب:کھانےمیں ہاتھ ہلکا رکھیں یعنی کھانابھوک سے کم کھائیں ،تلی ہوئی چیزوں(Fri Items) سے بچیں ،اس کا فائدہ آپ خود دیکھ لیں گے۔

سوال: ہم اپنے یوم ِولادت(Birthdayسالگرہ)کو کس طرح منائیں؟

جواب: یہ خوشی کا موقع ہے، اس میں اللہ پاک کا شکراداکریں،دُرُودشریف پڑھ لیں ۔اگردعوت کرنی ہوتو مکمل شریعت کے مطابق ہو،مردوعورت کا اختلاط(بے پردگی کے ساتھ ایک جگہ جمع ہونا)نہ ہو،پردے کی ترکیب ہو،کیک کا رواج ہے مگرمیرامشورہ ہے کہ کیک کے بجائے کھانامثلاً پلاؤپکا کرکھلایا جائے۔

سوال: کیا ماہِ رمضان میں ہرنیکی کا ثواب بڑھ جاتاہے؟

جواب: جی ہاں !ہرنیکی کا ثواب ستّر(70)گُنا بلکہ اس سےبھی بڑھا دیاجاتاہے۔

سوال:مہنگائی کا علاج کیا ہے ؟

جواب:بزرگوں نے اس کا حل یہ ارشادفرمایاہے کہ جوچیز مہنگی ہوجائے اسےخریدنا ہی چھوڑدیں ،وہ سستی ہوجائے گی ،ایک مرتبہ مدینہ شریف میں کشمش مہنگی ہوگئی ،حضرت علی المرتضیٰ شیرخدارضی اللہ عنہ نےفرمایا کہ کشمش خریدناچھوڑدواس کی جگہ کھجوراستعمال کرلو ،کشمش سستی ہوجائےگی۔

سوال:حرص( لالچ) کےبارے میں آپ کیا فرماتےہیں ؟

جواب: کروناوائرس (Corona Virus)ظاہری بیماری ہے مگرحرص(لالچ)باطنی بیماری اورزیادہ نقصان دہ ہے۔

سوال:خیرخواہی اوررحم کرنےکےبارےمیں آپ کیافرماتےہیں ؟

جواب:خیرخواہی وہمدردی کرو،خیرخواہی وہمدردی کئے جاؤگے،رحم کرو،رحم کئے جاؤ گے۔

سوال: دولت کےبارےمیں آپ کیافرماتےہیں ؟

جواب:دولت بُری نہیں ،دولت کی محبت بُری ہے،اعلیٰ حضرت امام احمدرضاخان رحمۃاللہ علیہ نےاسے ایک مثال سےسمجھایاکہ کشتی اورپانی دونوں کا آپس میں گہراتعلق ہے ،کشتی پانی کے اوپرچلتی ہے،جب تک پانی نیچے رہتاہے کشتی چلتی رہتی ہے اورجب پانی کشتی کے اندرآجاتاہے تو کشتی ڈُوب جاتی ہے، اسی طرح دولت کی محبت انسان کےدل میں داخل ہوجائےتو اس کے لیے تباہی لاتی ہے۔دولت سے محبت کرناشیطانی کام ہے۔

سوال:ماں باپ اوراولاد پرخرچ کرنے کےبارےمیں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:ماں باپ کے لیے اپنےخزانوں کےمنہ کھلےرکھیں ،یہ 10 روپےمانگیں ،آپ 100روپےپیش کریں ،یہ پانی مانگیں تو مبالغۃًآپ دودھ پیش کریں ۔ اپنے بال بچوں پر بھی وسعت کریں ،جوان کےبھلے میں ہو،ان پر خرچ کریں۔

سوال:ماہ ِرمضان میں کون سا وِرْدیاوظیفہ کیا جائےاورکیا دعا مانگی جائے ؟

جواب:پورے ماہ ِرمضان میں2وظائف کی کثرت کی جائے ،کلمہ شریف (لَاۤاِلٰہَ اِلَّااللہُ مُحَمَّدُرَّسُوْلُ اللہ)[صلی اللہ علیہ والہ وسلم] اوراِسْتِغْفار۔2دعائیں کثرت سےکی جائیں،جنت میں داخلے کی دعا اورجہنم سےنجات کی دعا۔

سوال: لباس کےبارے میں آپ کا کیا ذہن ہے؟

جواب: سادہ لباس استعمال کیا جائے،فیشن اورٹِپ ٹاپ سےبچاجائے۔بہتریہ ہے کہ سفید لباس پہنا جائےالبتہ اچھااورقیمتی لباس کسی خاص موقع پر اچھی اچھی نیتوں سے پہنناثواب کا کام ہے ۔مثلاً مجھے رمضان سےمحبت ہےیہ میرامحبوب ہےسال میں ایک مرتبہ آتاہے میں نے اس کے استقبال کی نیت سےآج ہزاروں روپے کاقیمتی جُبّہ پہنا ہے مگریہ بھی سادہ اورسفید ہے،اس میں میری ایک اور نیت بھی تھی کہ آج یکم(1st) رمضان ہے اوریہ میرےمرشد حضورغوث پاک (حضرت سید عبدالقادرجیلانی)رحمۃا للہ علیہ کاجشن ولادت بھی ہے ۔

سوال: کیاسادگی،صفائی اورکشش،تینوں کوجمع کیا جاسکتاہے؟

جواب: جی بالکل جمع کیاجاسکتاہے۔