03جولائی 2021ء مطابق 23ذیقعدۃِالحرام 1442ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کو علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول عطا فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سینکڑوں جبکہ بیشتر مقامات ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

مدنی مذاکرے کےمزید مدنی پھول ملاحظہ فرمائیں

سوال : قبرمیں امن کس طرح قائم رہے گا ؟

جواب : اگرقبرمیں امن چاہتے ہیں تو آپ کو امن والے اسلام ،اللہ ورسول کے احکام پرعمل کرنا ہوگا ،ان پر عمل کریں گے تو ان شاءاللہ الکریم قبرکے اندرامن قائم رہے گا ۔

سوال: کون سے 2انبیائے کرام ہرسال حج کرتے ہیں ؟

جواب: حضرت الیاس علیہ السلام اورحضرت خضر علیہ السلام ۔

سوال : کون سے اسلامی مہینے کی راتیں افضل ہیں اورکس اسلامی مہینے کے دن افضل ہیں ؟

جواب: رمضان کی راتیں افضل ہیں اورذُوالحجہ کےپہلے 10دن افضل ہیں ،حدیث پاک میں ہے : اللہ پاک کے نزدیک عشرۂ ذُوالحجہ کے دنوں سے افضل کوئی دن نہیں ۔(ابن حبان ،6/62،حدیث:3842)

سوال: نیکی اورگناہ کے بارے میں امیرِاہل سنت نے کیا فرمایا ؟

جواب: فرمانِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم:"نیکی پرانی نہیں ہوتی اورگناہ بُھلائے نہیں جاتے (الجامع الصغیرللسیوطی، ص192،حدیث : 3199 )

سوال : نمازکے بغیرانسان کیسا ؟

جواب:نمازکے بغیرانسان کسی کام کا نہیں ،بے کارہے،تمام اسلامی بھائی مسجدبھروتحریک شروع کریں ، اللہ کرےنمازکے وقت ماحول ہی بدل جائے ، کوئی وضوکررہا ہو،کوئی نمازکے کے لیے دوسروں کوکہہ رہا ہو،میں نے راسُ الْخَیْمہ (عرب امارات(UAE) کی ریاستوں میں سے ایک ریاست کا نام ہے)میں دیکھاتھا کہ نمازکے وقت دکانیں بندکردی جاتی ہیں ،کاش !ہرجگہ ایساہوجائے ۔

سوال: دعوت ِاسلامی کے شعبے ایف جی آرایف (FGRF)کے تحت یتیم خانہ بنام ”مدنی ہوم “بنانے کا طے ہوا،اس میں تعاون کرنے والوں کو امیراہل سنت نےکیا دعادی ؟

جواب: ”یا اللہ پاک!تجھے تیرے پیارے حبیبصَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا واسطہ( جن کو یتیموں کی سرپرستی بہت پسند ہے)جو ہمارے ساتھ اِس کام میں تعاون کریں،مدنی ہوم کے تعلق سے تعاون کریں،ہمیں عمارت دیں،عمارت دِلوائیں،اس کے اندر مالی طورپرمدد کریں، مدد کرتا رہے، مدد کرنے کے لیے دُوسروں کو اُبھارے،وہ میرا مدنی بیٹا ہو،خواہ مدنی بیٹی ہو،کوئی بھی ہو،اے اللہ پاک! اُس کو ایمان کی سلامتی نصیب فرما،بُرے خاتمے سے بچا،اے اللہ پاک!اس کو باربارحج نصیب فرما،باربار میٹھا میٹھا،شہد سے بھی میٹھا مدینہ دِکھااور جنت الفردوس میں اپنے پیارے حبیب صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے پڑوس میں عالیشان محل عطافرما۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” قربانی کیوں کرتے ہیں؟ ‘‘ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ  نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا اللہ پاک! جو کوئی17 صفحات کا رسالہ ”قربانی کیوں کرتے ہیں؟“پڑھ یا سُن لے اُسے ہر سال خوش دلی سے قربانی کرنے کی سعادت عطا فرما اور اس کی قربانی کو اس کے لئے پُل صراط کی سواری بنا۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم