پانچ رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور چھ رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال: کیا ماہِ رمضان میں موٹاپا(Obesity)کم ہوسکتاہے؟

جواب:جی ہاں !بشرطیکہ ماہ ِرمضان میں سادہ غذا کھائیں،چکناہٹ اورتلی ہوئی چیزوں سےبچیں ،بھوک سےکم کھائیں ،خوب چباکرکھائیں ۔سو (100)دواکی اِک (1)دواپرہیز پرعمل کریں توموٹاپا(Obesity)کم ہوسکتاہے۔

سوال: ماہِ رمضان میں صبح چہل قدمی(Morning Walk) کرناکیسا؟

جواب:چہل قدمی(Walk) کرناصحت کے لیے مفید ہے،البتہ ایسی جگہ نہ جائیں جہاں بے پردگی وغیرہ کا اندیشہ ہو۔

سوال:روزے کےمقاصد کیا ہیں؟

جواب:اللہ ورسول(صلی اللہ علیہ والہ وسلّم) کی رِضا حاصل ہو،ظاہری وباطنی آداب کی پابندی کے ساتھ روزہ رکھ کر پرہیزگاری اورروحانیت حاصل کرنا ۔

سوال:اپنی دُکانوں اورعطروغیرہ کے نام رکھتے وقت کیابات پیشِ نظررکھی جائے ؟

جواب:دنیاوی کاموں کےنام بھی دنیاوی ہی ہونے چاہئیں،مقدس نام نہ رکھےجائیں،میں نےتقریباًپچاس(50)سال پہلے اپنی اگربتیوں کا نام قادری اگربتی رکھاتھا،پھر ایک دن اس کا پیکٹ نیچےزمین پرگِراپڑا دیکھا،اس بے ادبی کودیکھ کر میں نے اس کا نام تبدیل کرکےقومی اگربتی رکھ لیا ۔

سوال:وسوسے آئیں تو اس کا کیا حل ہے؟

جواب:وسوسوں پر غورنہ کریں، ان کی طرف سےتوجہ ہٹادیں،یہ بھی اس کا حل ہے ۔مزید معلومات کے لیے مکتبۃ المدینہ کے رسالے’’وسوسے اوران کا علاج‘‘ کا مطالعہ کیا جائے۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:گائے کا دودھ کیساہوتاہے ؟

جواب:گائے کادودھ اورمکھن مفیدہے،البتہ یہ بھینس کےدودھ سے پتلا ہوتاہے۔

سوال:اچھے سوال کےبارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:عربی محاورہ ہے:حُسْنُ السُّؤَالِ مِفْتَاحُ الْعِلْمِیعنی اچھا سوال علم کی کنجی (Key)ہے ۔

سوال:کیا ایصالِ ثواب کرنے والے کےپاس بھی ثواب رہتاہے یا سارامنتقل ہوجاتاہے ؟

جواب:ایصالِ ثواب کرنے سے ایصالِ ثواب کرنے والے کا ثواب جاتانہیں بلکہ بڑھ جاتاہے ۔

سوال:محبتِ رسول کا کیا انداز ہوناچاہئے؟

جواب:رسولِ کریمصلی اللہ علیہ والہ وسلّم کی اِتّباع(یعنی پیروی) کی جائے ،جن احکام وفرائض وغیرہ کاآپصلی اللہ علیہ والہ وسلّمنے حکم اِرشاد فرمایا، ان کواداکیاجائے ،سُنّتوں پر عمل کیا جائے۔

سوال:جنّت کہاں ہے؟

جواب: جنت ساتوں آسمانوں کے اوپر ہےاورجہنم ساتوں زمینوں کےنیچے ہے ۔جنت بہت ہی اُونچی اورجہنم بہت ہی نیچی ہے ،اللہ پاک ہمیں جنت میں داخل فرمائےاورجہنم سے بچائے۔

سوال:جب دوالفاظ کو آپس میں ملایاجاتاہے تو ان دونوں کے درمیان’’ اور‘‘آئے گا یا’’ و‘‘؟

جواب:علمائےلغت کے نزدیک زیادہ درست قاعدہ یہ ہےکہ دو(2)عربی الفاظ ہوں یا فارسی،یا ایک عربی ہواوردوسرافارسی تو دونوں کوملائیں گے تو اس میں ’’و‘‘آئےگا۔اگردونوں الفاظ اُردوہوں یا ایک اردو ہودوسراہندی(یا عربی اورفارسی کے علاوہ کسی بھی اورزبان کا)ہواوردونوں کوملایاجائےتو اس میں لفظ ’’اور‘‘آئےگا۔

سوال: کیا علم بڑی دولت ہے؟

جواب:جی ہاں! علم بڑی دولت ہے،دنیا کا مال جتناخرچ کریں کم ہوتا ہے، مگرعلم ایسی دولت ہےکہ اسےخرچ کریں تو یہ بڑھتاہےمثلاً کسی کو پڑھا دیایابیان کیا۔

سوال:مختلف باتیں سُننے میں آئیں تو کیاکریں ؟

جواب:اتنی اسلامی معلومات تو ہرایک کوہونی چاہئیں اور اسےسمجھ ہوکہ یہ بات درست ہےیانہیں ،اگردرست ہوتو قبول کرے ورنہ ردکردے ۔

سوال: انسان کی آوازآہستہ یا اُونچی ہونےکے بارےمیں آپ کیا فرماتےہیں ؟

جواب:بڑے کےسامنےچھوٹا اپنی آواز پست(آہستہ)رکھے ،یہ ادب ہےاوراس کےاپنےفوائدہیں۔قرآنِ کریم میں بہت بلندآواز کوگدھے کی آواز کی مانند(مثل)قراردے کراس کی مذمت کی گئی ہے۔

سوال: بچوں سے یہ پوچھنا کہ تم بڑے ہوکرکیا بنوگے،اس کے بارے میں کچھ فرمائیے؟

جواب:عام ماحول میں یہ سوال کیا جاتاہےتو جواب میں اکثرپائلٹ یا ڈاکٹربننے کا کہا جاتاہے۔اَلْحَمْدُلِلّٰہ! دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول میں عموماً بچے حافظِ قرآن ،مفتی اورعالمِ دین بننے کاکہتے ہیں ۔اللہ پاک اچھی سوچ دے اوربچوں میں بھی اچھی سوچ اُترے۔

سوال: اپنےآپ کونیک سمجھنا یا نیک کہناکیسا؟

جواب:اپنےآپ کونیک سمجھنا یا نیک کہنادرست نہیں ،گنا ہ نہ بھی ہورہے ہوں توبھی اپنےآپ کو گنہگارہی سمجھنایا کہنا چاہئے ،یہی عاجزی ہے۔

سوال:جنّات کس کی اولاد ہیں ؟

جواب:شیطان ابلیس کی  ۔