22 ربیع الاٰخر 1443ھ بمطابق 27 نومبر 2021ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں شہر کراچی اور بیرون شہر سے کثیر عاشقان رسول نے شرکت کی۔مدنی مذاکرے میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے

سوال: کپڑے پہننے سے پہلے جھاڑنے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب : جب بھی کپڑے پہنیں تو پہلے اچھی طرح جھاڑلیں تاکہ کسی کیڑے وغیرہ سے نقصان نہ پہنچے، بالخصوص سردیوں میں کیڑے مکوڑے کپڑوں میں چھپ سکتے ہیں ، اسی طرح جب پانی پئیں تو دیکھ کرپئیں۔

سوال: بعض شہرمیں رہنے والے گاؤں والوں کو اچھا نہیں سمجھتے ،ان کا اس طرح کرنا کیسا ؟

جواب :ایساکرنا درست نہیں ،ایساہرگزنہیں سمجھنا چاہئے ، افضلیت کااصل معیارتقویٰ ہے،شہر یا دیہات میں رہنے میں نہیں ۔

سوال:اسلام کے چوتھے خلیفہ،امیرالمؤمنین حضرت علی رضی اللہ عنہ کو مولیٰ اورشیرخداکیوں کہتے ہیں ؟

جواب: ہمارے پیارے آقا،مکی مدنی مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا : مَنْ کُنْتُ مَوْلَاهُ فَعَلِيٌّ مَوْلاَهُ۔( ترمذی ، حدیث نمبر 3713 )یعنی جس کا میں مولیٰ ہوں اس کا مولیٰ علی ہے،اسی طرح پیارے نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے آپ کواسداللہ (اللہ پاک کا شیر)کا لقب عطافرمایا ۔

سوال: وہ رشتہ دارجو بارباردل دکھاتے ہیں، کیا اُن کے ساتھ بھی صلہ ٔرحمی کرنا ہوگی ؟

جواب: جی ہاں !ان کے ساتھ بھی صلۂ رحمی(رشتہ داروں کے ساتھ حسنِ سلوک ) کرنا ہوگی ،یہی دلوں کو قریب کرے گا،اسلام میں قطعِ رحمی یعنی رشتہ کاٹنے کی اجازت نہیں ۔

سوال: جب کوئی غصے میں ہوتو کیا کرنا چاہئے ؟

جواب: جب کوئی غُصّے میں ہوتو اسے دعائیں دیں(مثلاً اللہ تجھے حج نصیب کرے،اللہ تجھے مدینہ دِکھائے) ،اس سے اُس کا غصہ ختم ہوجائے گا۔اِن شآءَ اللہ

سوال : بغض وکینہ کا کیا معنی ہے؟

جواب: بغض و کینہ دل میں چھپی ہوئی دشمنی کو کہتے ہیں ،یہ ایسی باطنی بیماری ہے کہ اس کے نقصانات بہت زیادہ ہیں ،شب ِبرأت میں اس کی بخشش نہیں ہوتی جس کے دل میں کسی مسلمان کا کینہ ہو ۔

سوال:گھرمیں لڑائی جھگڑا ہونے کی کیا وجہ ہوسکتی ہے؟نیزاخلاقی تربیت کیسے کی جائے ؟

جواب :تالی دوہاتھ سے بجتی ہے ،اگرایک غصے میں ہوتو دوسراٹھنڈاہوجائے ،ناپاکی پانی سے پاک ہوتی ہے،اخلاقی تربیت ماں کی گودمیں ہوجائے، گھر کا ماحول اچھا ہوتو بہت اچھا ہے ،مزیددعوتِ اسلامی کا دِینی ماحول مل جائے تو بھی اخلاقی تربیت ہوجائے گی ان شاء اللہ الکریم ،بداخلاقی تو جانوروں کے ساتھ بھی نہیں کرنی چاہئے ،جن جانوروں کو مارنے کی شرعی طورپر اجازت ہےان کے ساتھ بھی اچھا سلوک کرنے کا حکم ہے ،مثلاً جو بلّی(Cat) تکلیف دیتی ہواُسے تیزچھری سے ذبح کرنے کا حکم دیا گیاہےتا کہ اسے کم سے کم تکلیف ہو۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” عیب چھپاؤ جنت پاؤ “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشین ِ امیرِاہلِ ِسُنّت مدظلہ العالینے کیا دُعا دی ؟

جواب: یارب المصطفٰے! جو کوئی21 صفحات کا رسالہ عیب چھپاؤ جنت پاؤپڑھ یا سُن لے اُسے لوگ کے عیب چھپانےوالا بنا، دنیا وآخرت میں اُس کی عیب پوشی فرما اور بے حساب بخش دے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔