05 شعبان المعظم 1444ھ بمطابق 25 فروری 2023ء بروز ہفتہ، نواسۂ  رسول امام حسین رضی اللہ عنہ کی ولادت کے سلسلے میں دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا اہتمام کیا گیا جس میں کثیر عاشقانِ رسول فیضان مدینہ کراچی میں براہِ راست اور ملک و بیرون ملک سے ہزاروں اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

شیخ طریقت امیراہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے امام حسین رضی اللہ عنہ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دیئے۔

مدنی مذاکرے کے چند سوالات مع جوابات ملاحظہ کیجئے:

سوال: حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہاکے چھوٹے بیٹے ہیں یا بڑے ؟

جواب: بڑے بیٹے تو حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ ہیں ،حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ ان کے چھوٹےبھائی ہیں ۔

سوال:تعزیت کن الفاظ سے کرنی چاہئے ،اس طرح کہنا کیساکہ بڑاافسوس ہوا ،جبکہ حقیقت میں ایسا نہ ہو؟

جواب: مصیبت زدہ آدمی کو صبر کی تلقین کرناتعزیت ہے،یہ سنّت ہے۔(بہارِ شریعت،ج1،ص852 ماخوذاً)تعزیت کرتے ہوئے یہ الفاظ ’’بڑاافسوس ہوا‘‘اِستعمال نہ کرنا بہتر ہے،کیونکہ ہرکسی کی وفات پرہرایک کو افسوس ہونا ضروری نہیں ۔یوں کہاجائے کہ فلاں کے فوت ہونے کی خبرملی ،اللہ پاک ان کی مغفرت فرمائے ،آپ کوصبرعطافرمائے وغیرہ ۔تعزیت میں جھوٹ شامل نہ ہونے پائے ۔ لوگوں کے دکھوں اورتکلیفوں میں تعزیت کرنی چاہئے ،اسی طرح بیماری میں عیادت کی جائے ،اس سے محبتوں میں اضافہ ہوتاہےاوریہ ثواب کا کام بھی ہے ۔

سوال : کیا ماہِ رمضان میں چیزیں سستی بیچنی چاہئیں ؟

جواب :جی ہاں!ماہِ رمضان میں تمام دکانداردام(قیمت) کم کردیں ،اگرپیچھے سے کوئی چیز مہنگی ملے تو مناسب نفع رکھ لیں ،زیادہ نفع نہ لیں،ہمیں ان پر رحم کرنا چاہئے بلکہ غریبوں کو تلاش کرکے انہیں نوازیں ۔ساداتِ کرام کی خدمت کرنا اپنی سعادت سمجھیں اوراس طرح دیں کہ پتاہی نہ چلے کہ کس نے مددکی ہے ، عرب دنیا میں ماہِ رمضان میں چیزوں کی قیمتیں کم ہوجاتی ہیں ۔

سوال: کیا دوسروں کے عیب بیان کرنے کے بجائے اپنے عیبوں پر نظرڈالنی چاہئے ؟

جواب: جی ہاں !مسلمانوں کے عیب بیان کرنے کے بجائے اپنے عیبوں پرنظر رکھنی چاہئے ۔

سوال:آدھے سر درد کا کوئی روحانی علاج ارشاد فرمادیں ؟

جواب: سورۂ اخلاص(قُلْ ھُوَاللہُ اَحَدْ) ،اوّل وآخردرودشریف،1بارپڑھ کردم کریں ،یہ عمل 11 بارکرنے سے مرض چلاجائے گا۔ان شاء اللہ الکریم۔ناریل (Coconut)کا پانی پینے سے آدھے سراورپورے سرکے دردمیں کمی واقع ہوتی ہے ۔

سوال: مسجددیکھ کر کیا پڑھناچاہئے ؟

جواب: مسجدکو دیکھنااوراسے دیکھ کر درودشریف پڑھنا دونوں ثواب کے کام ہیں ۔حضرت مولیٰ مشکل کُشا،علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کا فرمان ہے کہ مسجدکو دیکھ کر درودشریف پڑھناچاہئے۔

سوال: امام صاحب کوکوئی کھانادےیا چائے پلائے تو کیاانہیں یہ کھانا پینادرست ہے ؟

جواب: جی ہاں ! امام صاحب کو کھانا اورچائے وغیرہ دینا بہت ثواب کا کام ہے اوریہ کرنابھی چاہئے ۔

سوال:اس طرح کہنا کیسا ہےکہ ’’اللہ پاک ہمارے گناہوں کی سزا دنیامیں ہی دے دے ‘‘۔ ؟

جواب: یہ نہیں کہنا چاہئے، اس کے بجائے اللہ پاک سے دنیاوآخرت کی خیروسلامتی ورحمت اورعافیت کی دعاکرنی چاہئے ۔جوربّ سزادینے پر قادرہے وہ عافیت دینے پر بھی قادرہے ۔

سوال : اگرکوئی بڑی عمروالا علمِ دین حاصل کرے تو اس کے لیے کیاخوشخبری ہے ؟

جواب : علمِ دین حاصل کرنا عبادت ہے ۔2فرامینِ مصطفی (صلی اللہ علیہ والہ وسلم ):جوبچپن میں علمِ دین حاصل نہ کرسکا،وہ بڑی عمرمیں علم حاصل کرے تو اسے مرنے کے بعدشہیدکا رتبہ ملے گا۔(کنزالعمال ،10/162) خیریعنی بھلائی کی باتیں سیکھنے سے مؤمن کا دل نہیں بھرے گا یہاں تک کہ وہ آخرکار جنت میں داخل ہوجائے گا۔(سنن ترمذی 4/348) اس حدیث کی شرح کا خلاصہ یہ ہے کہ علم کے حریص کےلیے ایمان پر خاتمے کی خوشخبری ہے ۔

سوال: جسم میں کسی جگہ دردہوتو اس کا کوئی روحانی علاج ارشاد فرمادیں ؟

جواب: یَامُغْنِیْ پڑھ کر دردکی جگہ دم کرلیں ،چلتے پھرتے یَاغَنِیْ پڑھتے رہیں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” نماز کی برکتیں “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک! جوکوئی 17 صفحات کا رسالہ ”نماز کی برکتیں“ پڑھ یا سُن لے اُس کو مکّے مدینےمیں نمازیں پڑھنے کی سعادت دے اور اُس کی والدین سمیت بے حساب مغفرت فرما ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔