22 رمضان المبارک کو بعدِ عصر اور 23 رمضان المبارک کی شب مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا جن میں امیر اہل سنت حضرت علامہ محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

بعدِ عصر ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:ہمارے بزرگانِ دِین پڑوسیوں کا کس طرح خیال رکھتے تھے؟

جواب: بہت خیال رکھتے تھے ،پھل لاتے توان کو بھی دیتے ،پھل کم ہوتے تو چُھپا کرلاتے تاکہ پڑوسیوں کے بچوں کی نظرنہ پڑےاورانہیں رنج نہ ہو،سالن بناتے تو شوربا زیادہ بناتے اورانہیں بھی سالن دیتے ۔ہمیں بھی اپنے ہمسائیوں کے ساتھ اچھا سُلوک کرناچاہئے ۔

سوال:ماں کی کوئی مصروفیّت ہو مثلاً کھانا پکاناہو اوربچہ شرارت کرتاہواوراس کو سنبھالنے والا کوئی نہ ہوتوکیا اس کے ہاتھ پاؤں باندھ سکتےہیں ؟

جواب:ایسی کوئی ضرورت ہوتو اس طرح باندھ سکتے ہیں کہ اسے آزمائش نہ ہو،نشان نہ پڑے،دردنہ ہو۔

سوال:اللہ پاک کا شکرکن الفاظ کے ساتھ کرنا چاہئے؟

جواب:اللہ پاک کا شکراداکرنے کے لیے اَلْحَمْدُ لِلّٰہبہترین الفاظ ہیں ۔

سوال:جہنّم کےبارے میں کچھ بتائیے تاکہ دل نرم ہو۔

جواب:جہنّم اللہ پاک کے قہروغضب کا مظہرہے ،اس کا عذاب بہت سخت ہے ،اس کی آگ کالی(Black) ہے ،اس میں اندھیراہی اندھیراہے،بڑے بڑے سانپ(Snakes) ہیں،ان کاہم تصوربھی نہیں کرسکتے ،جہنمی کا جسم بہت بڑاکردیاجائے گا،ایک داڑھ پہاڑ جتنی بڑی ہوگی تاکہ اسے زیادہ عذاب ہو،جہنمی بادل دیکھے گا اس سے بارش نہیں بلکہ عذاب برسے گا ، اللہ پاک ہمیں اپنےمحبوب کی شفاعت سے جہنّم سےبچائے۔اٰمین

سوال:ذہنی دباؤ(Depression) کارُوحانی علاج کیا ہے ؟

جواب:باوضورہئے ،اپنےآپ کو مصروف رکھیے اوراپنے لیے دُعاکیجئے ۔

بعدِ تراویح ہونے والا مدنی مذاکرہ

سوال:آبِ زم زم کھڑے ہوکرپینے میں کیا فائدہ ہے ؟

جواب:آبِ زم زم آب ِشفاہے ،یہ کھڑے ہو کر پینے سے سارے جسم میں سرایت کرےگایوں یہ سارے جسم کی شفاء کا باعث ہوگا۔

سوال: بائیں آنکھ(Left Eye)پھڑکتی ہوتو اس کاکوئی رُوحانی علاج ارشادفرمادیں ؟

جواب:یہ بات یادرکھیں کہ اسلام میں بدشگونی نہیں،اس لیے بائیں آنکھ(Left Eye) پھڑکنے سے بُراشگون نہ لیا جائے ،اس کی طرف توجہ نہ دیں ،یہ خود ہی دُرست ہوجائے گا البتہ نظرکی حفاظت کے لیے ایک روحانی علاج یہ ہے کہ ہرنمازکے بعد آیَۃُ الْکُرْسی پڑھیں ،جب’’وَلَا یَـُٔوْدُهٗ حِفْظُهُمَا‘‘پر پہنچیں تو اپنے دونوں ہاتھوں کی اُنگلیوں پر یہ الفاظ ’’ وَلَا یَـُٔوْدُهٗ حِفْظُهُمَا‘‘11مرتبہ اور ’’ وَ ہُوَ الۡعَلِیُّ الۡعَظِیۡمُ‘‘ایک مرتبہ پڑھیں ،پھراُنگلیوں پر دَم کرکے آنکھوں پرلگا لیں ،آیَۃُ الْکُرْسی نہ آتی ہو تو اس جگہ’’ یَانُوْرُ‘‘پڑھیں ۔

سوال:نبیِ کریمصلی اللہ علیہ والہ وسلم نےاِشارے سے چاندکے دوٹکرے فرمائے تھے، وہ مقام کہاں ہے ؟

جواب:مکہ شریف میںمسجدُالحرام کے بابِ بلال کی جانب موجود پہاڑ جبلِ اَبُوقبیس پر،اس جگہ مسجدِبلال بنائی گئی تھی۔اب یہ جگہ شاہی محل میں آگئی ہے۔

سوال:دنیا کا سب سے پہلا پہاڑ کون ساہے ؟

جواب:جبلِ اَبُوقبیس(مکہ شریف)۔

سوال:پاکستان میں غربت کس طرح ختم ہوسکتی ہے؟

جواب:پاکستان میں کثیر تعدادمیں ارب پتی(بہت مالدار)لوگ بھی ہیں ،سب امیرلوگ اپنی پوری زکوۃ اورعُشر(فصلوں،پھلوں اورجانوروں وغیرہ کی زکوٰۃ )دیں اورحق داروں تک پہنچائیں تو کم ازکم پاکستان میں غربت ختم ہوجائے۔

سوال:لاک ڈاؤن میں عاشقانِ رسول کے اداروں اوردعوت ِاسلامی کے ساتھ تعاوُن کرنے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:ساری دُنیاکے عاشقانِ رسول کے مدرسے اوردارالعُلومہمارے سرکے تاج ہیں،تمام صاحبِ ثروت انہیں بھی زکوٰۃ وصدقات دیں ،دعوتِ اسلامی کو بھی یادرکھیں ۔

سوال:آپ کے کتنے دوست ہیں ؟

جواب:مجھے یہ کہنا چاہئے کہ بہت سے لوگوں نے مجھے اپنادوست بنالیا ہے، جن میں بچے اوربوڑھے بھی شامل ہیں ۔

سوال:کئی اولیا ئے کرام کے لقب میں لفظ’’گنج‘‘ آتاہے مثلاً داتا گنج بخش ،بابافریدگنج شکر اس کا کیا معنیٰ ہے؟

جواب:لفظ ’’گنج ‘‘فارسی لفظ ہے جس کا معنیٰ’’ خزانہ‘‘ہے ،داتاگنج بخش کا معنیٰ ہے خزانہ دینے والا،گنج شکرکا معنی شکرکاخزانہ ۔

سوال:اہلِ بیت اورصحابہ میں کیافرق ہے ؟

جواب:اہلِ بیت میں پیارے آقا مکی مدنی مصطفےٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے گھرکےتمام افرادمثلاً تمام ازواج یعنی اُمُّہَاتُ الْمُؤمنین(مومنوں کی مائیں) ،آپ کی تمام بیٹیاں ،حضرت علی رضی اللہ عنہ اورایک قول کے مطابق تمام ہاشمی شامل ہیں ۔صحابی وہ ہیں جو سرکا رِ مدینہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر ایمان لائے ،نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی صحبت پائی اگرچہ ایک سکینڈکے لیے تھی اورایمان پر خاتمہ ہوا۔

سوال:قادریہ ،چشتیہ ،نقشبندیہ اورسہروردیہ سلسلے کیا ہیں، ان کی وضاحت فرمادیں ؟

جواب:بُزرگوں کے چار(4)مشہورسلسلے ہیں:(1)سلسلہ ٔقادریہ ہمارے غوثُ الاعظم حضرتِ شیخ عبدالقادرجِیلانی رحمۃُ اللہ علیہ سے ،(2)سلسلہ ٔچشتیہ حضرتِ خواجہ معینُ الدین چشتیرحمۃُ اللہ علیہ(3)سلسلہ ٔنقشبندیہ حضرتِ خواجہ بہاؤالدین نقشبند رحمۃُ اللہ علیہ (4)اورسلسلہ ٔسہروردیہ حضرتِ خواجہ شہابُ الدین سہروردی رحمۃُ اللہ علیہ سے چلا۔چاروں سلسلے حق ہیں ،یہ چاروں بہت بڑے بزرگ ہیں ،اس کے علاوہ ان کی مزید شاخیں ہیں مثلاًشاذلی ، سلسلۂ قادریہ کی شاخ ہے،اسی طرح سلسلہ ٔ رضویہ (جواعلیٰ حضرت امام احمدرضا خانرحمۃُ اللہ علیہ سےہے)سلسلۂ قادریہ کی شاخ ہے۔

سوال:اگرکوئی فیل ہوجائے یا ہارجائے تو پھرکیاکرنا چاہئے ؟

جواب:تیمورہارکرجنگل میں گیا اوراس میں پناہ لی، وہاں اس نےایک کیڑی(چیونٹی/Ant) کودیکھاکہ وہ ایک دانا لیے اپنے بِل(سوراخ) میں جاناچاہتی تھی، کئی مرتبہ گِری مگراس نے ہمت نہ ہاری اورآخر ِکارکامیاب ہوگئی ،اس سے اسے حوصلہ ہوااوروہ بھی کامیاب ہوگیا۔ حوصلے میں رہنا چاہئے اورکوشش کرتے رہناچاہئے ،اگرکوئی ہمت نہ ہارے تویہ ناکامی کامیابی کازِینہ ہوگی،مایوسی نہیں ہونی چاہئے،کوئی فیل ہوتاہے تو اس کی معلومات میں اضافہ ہوتاہے، میں تودرسِ نظامی(عالم کورس) کے طلبہ کرام کوکہتارہتاہوں کہ مفتی کورس ضرورکرو،مفتی نہ بھی بنے تو علمِ دین توحاصل ہوگا ۔اپنی توعبادت درست ہوگی ۔مَنْ جَدَّوَجَدَیعنی جس نے کوشش کی اُس نے کامیابی حاصل کی ۔

سوال:آپ نےدعوتِ اسلامی کاآغازفرمایا تھاتو کیا آپ کوبھی مخالفت کاسامناہوا؟

جواب:اپنوں میں دعوتِ اسلامی کی مخالفت کرنےوالوں کی تعدادبہت کمرہی ،اگرکسی ایک نے مخالفت کی تو دس حمایتی تھے،پھرمخالفت کرنےوالے کی غلط فہمی دُورہوگئی یا وہ خاموش ہوگیا ،جب سے دعوت اسلامی شروع ہوئی کبھی پیچھے نہیں ہٹی ،آگےہی کُوچ جاری ہے ،ابتدامیں مجھے کئی صدمات ہوئے مگرجب سے مرکزی مجلس شوریٰ بنی ہے اوراِس نے اُٹھان لی ہے تو انھوں نے اپنی پکڑجمالی ہے،اب سمجھئے میری تنظیمی اولادجوان ہوگئی ہے ،مجھے صدموں سےبچایا ہواہے۔کوئی بھی رکنِ شوریٰ ایسانہیں ہے جو میرےسامنےآوازاُونچی کرے ، اَلْحَمْدُ لِلّٰہ ہماری محبتیں مضبوط ہیں،تنظیم اسی طرح چلتی ہے ۔

سوال:حضرتِ بی بی فاطمہ رضی اللہ عنہاکی بیٹیاں کتنی تھیں؟

جواب:تین بیٹیاں تھیں: (1)حضرت ِاُمِّ کلثوم(2)حضرتِ زینب (3)حضرتِ رُقیّہ۔

سوال:نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے مکہ مکرمہ سے باہرکتنے ممالک کاسفرفرمایا؟

جواب:نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے مُلکِ شام میں دوسفراوریمن میں ایک سفرفرمایا۔

سوال:نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ہاں سب سے پہلے کس کی وِلادت ہوئی؟

جواب:آپ کےبیٹے حضرتِ قاسم رضی اللہ عنہکی پیدائش ہوئی۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ریا کار کی علامات پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا ربَّ المصطفےٰ ! جو کوئی رسالہ ریا کار کی علامات کے 35 صفحات پڑھ یا سُن لے اُسے ریاکاری کی آفات سے محفوظ فرما۔ اٰمِیْن ۔