شیخ الاسلام، امام برہان الاسلام، ابراہیم زرنوجی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں:”علم کو اس وجہ سے شرافت و عظمت حاصل ہے کہ علم ، تقویٰ تک پہنچنے کا وسیلہ ہے جس کے سبب بندہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے حضور بزرگی اور ابدی سعادت کا مستحق ہوجاتا ہے“۔( تعلیم المتعلم طریق التعلم،ص6)

کروڑوں حنفیوں کے پیشوا حضرتِ سیّدنا امامِ اعظم ابو حنیفہ رحمۃُ اللہِ علیہ سے کسی نے سوال کیا کہ آپ اس بلند مقام پر کیسے پہنچے آپ رحمۃُ اللہِ علیہ نے ارشاد فرمایا: ”میں نے (اپنے علم سے)دوسروں کو فائدہ پہنچانے میں بخل نہیں کیااور دوسروں سےاستفادہ کرنے (سیکھنے )میں شرم نہیں کی“۔ (در مختار،المقدمۃ،1/127)

اولیائے کرام رَحِمَہُمُ اللہُ السَّلَام کا ارشاد ہے:”صوفی بے علم مسخرۂ شیطان است“یعنی بے علم صوفی شیطان کا مسخرہ ہے۔(فتاویٰ رضویہ، 24/132)اعلیٰ حضرت مولانا شاہ امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الرَّحْمٰن فرماتے ہیں: ”بے علم مجاہدہ والوں کو شیطان انگلیوں پر نچاتا ہے ،منہ میں لگام ، ناک میں نکیل ڈال کر جدھر چاہے کھینچے پھرتا ہے“۔ (فتاویٰ رضویہ،21/528)

علم دین کی پھیلانے کے لئے ہر ہفتے کی طرح آج رات 18دسمبر 2021ء کو دعوت اسلامی کے زیر اہتمام بعد نماز عشاء عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا۔ اس مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔ اس پروگرام کو مدنی چینل پر بھی براہ راست نشر کیا جائیگا۔

تمام عاشقان رسول سے اس مدنی مذاکرے میں شرکت کرنے کی درخواست ہے۔