14 جماد الاولیٰ  1443ھ بمطابق 18 دسمبر 2021ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں شہر کراچی اور بیرون شہر سے کثیر عاشقان رسول نے شرکت کی۔مدنی مذاکرے میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال : بعض اوقات لوگ ایساسوال کردیتے ہیں کہ سامنے والا جھوٹ بولنے پر مجبور ہو جاتاہے، ایسا سوال کرنا کیسا ؟

جواب : ایساسوال نہیں کرنا چاہئے ،جواب دینے میں احتیاط کرتے ہوئے جھوٹ سے بچنا چاہئے ۔

سوال: سردی سے بچنے سے متعلق کچھ مدنی پھول عنایت فرمادیں۔

جواب: بعض لوگ سردیوں میں سویٹروغیرہ نہیں پہنتے اوراسے بہادری سمجھتے ہیں ،ایساہرگز نہیں کرنا چاہئے ،ورنہ سردی سے بیمارہونے کا اندیشہ ہے، سردہوا لگنے سے دردہوسکتاہے ،سردی میں بھی سویٹروغیرہ نہ پہنناکوئی بہادری نہیں ،بہادری تو یہ ہے کہ غُصّہ آنے پر بندہ غُصّہ پی جائے ۔

سوال: 26،25،24دسمبر2021ء، مدنی قافلے میں سفرکرنے والوں کو امیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعادی ؟

جواب :یااللہ پاک ! جوکوئی عاشق رسول،24،25،26دسمبرکو مدنی قافلے کامسافربنے یا جو میری مدنی بیٹی کسی اپنے محرم کو مدنی قافلے کا مسافربنانے میں کامیاب ہوجائے تُو انہیں دونوں جہاں کی بھلائیاں عطافرما،اےاللہ پاک !بُرے خاتمے سے بچا، انہیں حج کی سعادت دے، مدینے کا مسافربنا دے۔

سوال: بچوں کوکیاسکھانا چاہئے ؟

جواب: بچوں کو سکھانا چاہئے کہ کوئی پوچھے کہ کیا چاہیئے؟ تو وہ جواب دیں :مدینہ۔

سوال : بزرگوں کے ایصالِ ثواب کے لئے جو نیازتیارہوتی ہے وہ کس نیت سے کھانی چاہیئے ؟

جواب: میں حصولِ برکت کے لیے12 ربیع الاول کی نیاز منگواکر کھاتاہوں ،حُسنِ عقیدت سے نیازکھانی چاہیئے، ان شاء اللہُ الکریم بہت برکتیں حاصل ہوں گی ۔

سوال : سُنّت کی نیت سے پائنچے ٹخنوں سے اوپررکھنے والے عاشقانِ رسول کے لیے امیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعافرمائی ؟

جواب : یا اللہ ! جو میرامدنی بیٹا،جو مسلمان اپنے پاجامے ،شلواراورجبےّ وغیرہ کو ٹخنے سے اوپررکھے،پروردگارِعالم! اسے اِس سے پہلے موت نہ دینا جب تک وہ تیرے پیارے محبوب صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا جلوہ نہ دیکھ لے اورتیرے محبوب صلی اللہ علیہ والہ وسلم وقتِ نزع اسے کلمہ پڑھائیں ۔

سوال: قوتِ برداشت کیسے پیداہو ؟

جواب: قوت ِبرداشت بعض لوگوں میں توہوتی ہے اوریہ اللہ کی عطا ہے ،کچھ لوگوں میں قوتِ برداشت نہیں ہوتی پھروہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچ جاتے ہیں ،جس میں قوتِ برداشت نہ ہوتو وہ بتکلف اپنے اندرقوت ِ برداشت پیداکرنے کی کوشش کرے ،جو کوئی ظلم کرے اسے معاف کردے ،معاف کرنے کے بہت فضائل ہیں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” فیضان حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہپڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یارب المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ” فیضانِ حضرت عبداللہ بن زبیر“ پڑھ یا سُن لے،اُسے سجدوں کی لذتیں نصیب فرمااور بے حساب بخشش سے مشرف فرما ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔