شعبہ رابطہ برائے وکلا (دعوت اسلامی) کے تحت 11 تا 13 اگست 2023ء تین دن کا عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں پاکستان کے کئی شہروں سے سٹی /ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے وکلا و ججز سمیت متعلقہ شعبے سے وابستہ عاشقانِ رسول حصول علم دین کے لئے شریک ہوئے۔ تین دن کے ہونے والے اجتماع میں مبلغین دعوت اسلامی کے اصلاحی بیانات سمیت سیکھنے سکھانے کے سلسلے ہوئے۔

دورانِ اجتماع مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے شرکا کو حقوق اللہ ادا کرنے اور اس میں کوتاہی نہ کرنے کا ذہن دیا۔آپ نے مزید فرمایا کہ ہمیں یہ طے کرکے زندگی گزارنی ہے کہ کل بروز قیامت ہمیں ظالم بناکر نہ اٹھایا جائے، اس کے علاوہ ہماری کوشش ہو کہ ہمارے پروفیشن میں ہمارے ساتھ اگر کچھ نہ مناسب ہوجائے تو غصے کا اظہار اپنے اہل و عیال پر نہیں کرنا۔

وکلا برادری کے درمیان بیان کرتے ہوئے رکن شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے کہا کہ ہمیں اپنے پروفیشن میں رہتے ہوئے دین کا کام کرنا ہے اور ہمیشہ مظلوم کی مدد کرکے اس سے اچھی دعا لینے کا سبب بننا ہے۔

سنتوں بھرے اجتماع میں رکن شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے بیان کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ہماری حیثیت مسافر کی ہے، ہمیں دنیا میں بس تھوڑی دیر کے لئے رُکنا ہے اور آگے چلا جانا ہے، اللہ پاک نے زندگی اور موت کو اس لئے پیدا فرمایا کہ ہمارے اچھے اعمال کی جانچ ہوسکے۔ اسی طرح رکنِ شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری نے بھی اپنے بیان میں شرکا کو سنت کے مطابق زندگی گزارنے کی ترغیب دلائی۔