کراچی : کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں ایک کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے کے سبب  16 افراد انتقال کرگئے۔

ذرائع کے مطابق اب تک 16 مزدوروں کے انتقال کی تصدیق ہوئی ہے۔

آگ سےجل کر شہید ہونے والے12 افراد کی نماز جنازہ گزشتہ رات عثمان آباد(نزد چیل چوک لیاری) قطب مدینہ مسجد کے قریب ادا کردی گئی۔ نمازِ جنازہ میں مختلف سیاسی سماجی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے رکن و ماہرِ علومِ تجارت و حج مفتی علی اصغر عطاری نے پڑھائی جبکہ ایک کی نمازِ جنازہ قیوم آباد میں ادا کی گئی۔

واضح رہے کہ کیمیکل فیکٹری میں صبح 10 بجے کے قریب آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری میں پھیل گئی، فیکٹری میں دھویں کے باعث امدادی کارکنان کا اندر جانا ممکن نہیں تھا، ایک فائر فائٹر بھی کارروائی کے دوران عمارت سے گرنے سے شدید زخمی ہوگیا۔انتقال ہونے والوں میں دو سگے بھائیوں سمیت 5 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔