عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت کراچی کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں کی دینی، اخلاقی اور تنظیمی اعتبار سے رہنمائی کرنے کے لئے 1 تا  2 جون 2024ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”ذمہ داران کا عظیم الشان اجتماع“ منعقد کیا گیا جس میں کراچی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئےذمہ داران، مبلغینِ دعوتِ اسلامی اور دیگر عاشقانِ رسول نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔

اجتماع کا آغاز 1 جون 2024ء کو ہفتہ وار مدنی مذارے سے ہوا جس میں حاضرین و ناظرین کی جانب سے مختلف سوالات کئے گئے جس کے شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے اور مدنی پھولوں سے نوازا۔بعدِ مدنی مذاکرہ عاشقانِ رسول نے جانشینِ امیرِ اہلسنت حضرت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مدظلہ العالی سے ملاقات کی جبکہ خصوصی مدنی مذاکرے کا بھی انعقاد ہوا جس میں امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اور جانشینِ امیرِ اہلسنت مدظلہ العالی نے مختلف امور پر عاشقانِ رسول کی تربیت و رہنمائی کی ۔

2 جون 2024ء کو بعد نمازِ ظہر مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری کا سنتوں بھرا بیان ہوا جس میں فیصل آباد پنجاب سےمرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری بھی بذریعہ انٹرنیٹ شریک ہوئے۔نگرانِ شوریٰ نے دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگیاں بیان کی اور 12 دینی کاموں کے متعلق اسلامی بھائیوں کی ذہن سازی کرتے ہوئے انہیں دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دلائی نیزاسلامی بھائیوں کو آئندہ کے اہداف بھی دیئے ۔

بعد نمازِ عصرمرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا اور عاشقانِ رسول کو احسن انداز میں دعوتِ اسلامی کا ساتھ دینے اور دینی و فلاحی کاموں میں اپنا حصہ ملانے کا ذہن دیا جس پر عاشقانِ رسول نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔ اس اجتماعِ پاک میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین اور مختلف سطح کے ذمہ داران و نگران اسلامی بھائی بھی موجود تھے۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)