22مئی بروز جمعۃالمبارک کو لاہور سے کراچی آنے والا P.I.A کا طیارہ A-320کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی میں گِر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 97 افراد جان کی بازی ہار گئےاور تقریباً 16 گھر اور متعدد گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ اس موقع پر دیگر فلاحی اداروں کے ساتھ ساتھ دعوتِ اسلامی ویلفیئر کی امدادی سرگرمیاں بھی قابلِ ذکر ہیں کارکنان نے جائے وقوعہ، جناح اور سول اسپتال میں پہنچ کر متاثرین کی خیر خواہی کی ۔

اس افسوس ناک حادثے کی اطلاع ملنے پر عالمی اسکالر بانیِ دعوتِ اسلامی علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنا دعائیہ ویڈیو پیغام جاری فرمایا جس میں آپ کا کہنا تھا کہ یا رب المصطفےٰ جل جلالہ و صلیٰ اللہ علیہ وسلم 1441سن ہجری کے رمضان المبارک کے اٹھائیسویں روزے جمعۃ الوداع کے دن کراچی میں جو لاہور سے آنے والا ہوائی جہاز گر کر تباہ ہوا اس میں جتنے مسلمان فوت ہوئے ان سب کو بے حساب مغفرت سے مشرف فرما، الٰہ العالمین! ان سب کی خطاؤں کو معاف فرما، چھوٹے بڑے سارے ہی گناہ معاف کردے، مولیِٰ کریم! جہنم سے آزادی کا عشرہ ہے ان سب کو جہنم سے آزادی نصیب فرما ، الٰہ العالمین! ان کے اگر کوئی زخمی زندہ بچ گئے ہیں یا مکانات پر طیارہ گرنے کے سبب سے جو زخمی ہوئے ان سب کو رُو با صحت فرما، ان کے نقصانات کا نعم البدل عطا فرما، الٰہ العالمین!
سب پر رحمت کی نظر فرما، فضل و کرم فرما اور ان کے سوگواروں کو صبرِ جمیل اور صبر جمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔

مزید کہا کہ میں طیارہ حادثے میں فوت ہوجانے والوں کے عزیزوں اور سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبر کی تلقین کرتا ہوں یاد رکھیئے شور شرابہ کرنے اور غُل مچانے سے جانے والے کو پلٹ کر نہیں آنا ہے۔

امیراہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اپنے ہوائی سفر کے معمولات بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ میں جب بھی طیارے میں جاتا ہوں تو احتیاطی توبہ کرتا ہوں ، اگر کوئی کفر نکل گیا ہو تو ان کفریات سے توبہ کرتا ہوں ، کلمہ پڑھتا ہوں ، سارے گناہوں سے توبہ کرتا ہوں اور طیارہ گرنے سے محفوظ رہنے کی دعا بھی پڑھتا ہوں ۔

طیارہ حادثے کی اطلاع ملنے پر مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمدعمران عطاری نے بھی جاں بحق ہونے والوں کے سوگواروں سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی اور موت کی یاد اور آخرت کی تیاری کرنے کا ذہن دیا۔