کنزالمدارس بورڈ پاکستان کے زیرِ اہتمام 30 شوال المکرم 1444ھ بمطابق 9 مئی 2024ء کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں واقع پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں جامعۃ المدینہ کے اُن طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ”تقسیمِ اسناد پروگرام“ کا انعقاد کیا گیا جنہوں نے کنزالمدارس بورڈ پاکستان کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کیں۔

تفصیلات کے مطابق اس پروگرام میں شیخ الحدیث و التفسیر مفتی محمد قاسم عطاری مدظلہ العالی، نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری، دارالافتاء اہلسنت کے مفتیانِ کرام، علمائے کرام، اراکینِ شوریٰ، جامعۃ المدینہ و مدرسۃ المدینہ کے اراکین و ذمہ داران، طلبۂ کرام، اساتذۂ کرام اور طالبات کے سرپرستوں سمیت مختلف شعبہ جات سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز اللہ عزوجل کے پاک کلام قراٰنِ مجید سے ہوا اور بارگاہِ رسالت صلی اللہ علیہ و سلم میں ہدیۂ نعت پیش کی گئی جس کے بعدرکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے حاضرین و ناظرین کو کنزالمدارس بورڈ کی اپریل 2021ء سے اپریل 2024ء تک (جن میں کنزالمدارس بورڈ کے نصابِ تعلیم، نظام، ریسرچ، ہم نصابی سرگرمیاں اور اسٹوڈنٹس کی دینی و اخلاقی تربیت شامل ہے)کی کارکردگی، اس کے قیام اور اس کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بتایا۔

رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے بتایا کہ آج کا پروگرام اُن طلبۂ کرام کے اعزاز میں منعقد کیا گیا ہے جنہوں نے 2022ء اور 2023ء میں حفظِ قراٰن، تجویدِ قرأت، درسِ نظامی اور تخصصات میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کیں ہیں۔ رکنِ شوریٰ کا مزید کہنا تھا کہ الحمد للہصرف 3 سال کے مختصر سے عرصے میں کنزالمدارس بورڈ کے تحت 30 ممالک میں 15زبانوں میں دینی تعلیم کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔

چائنہ فرینڈ شپ سینٹر اسلام آباد میں ہونے والے پروگرام میں شیخ الحدیث و التفسیر مفتی محمد قاسم عطاری مدظلہ العالی نے ”علمِ دین کی فضیلت“ پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے دینی مدارس کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی جبکہ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمرا ن عطاری نے اپنے خصوصی بیان میں سرکار صلی اللہ علیہ و سلم کے اسوۂ حسنہ کے بارے میں حاضرین کو بتایااور سیرِتِ رسول پر عمل کرتے ہوئےاسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا ذہن دیا۔

کنزالمدارس بورڈ کے تحت ہونے والے اس پروگرام کے اختتام پر علمِ دین حاصل کرنے میں نمایاں پوزیشن لینے والوں کی حوصلہ افزائی کے لئے مفتیانِ کرام اور اراکینِ شورٰی کے ہاتھوں سرٹیفکیٹ اور شیلڈز تحفے میں دی گئیں جبکہ مفتی محمد قاسم عطاری، مفتی علی اصغر عطاری، مفتی ہاشم خان عطاری، مفتی محمد سجاد عطاری، مفتی محمد حسان عطاری اور رکنِ شوریٰ حاجی وقار المدینہ عطاری کو نگرانِ شورٰی مولانا حاجی محمد عمران عطاری اور نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری کے ہاتھوں گیسٹ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)