دعوتِ اسلامی عاشقانِ رسول کے دلوں میں   جہاں صحابۂ کرام کی محبت پیدا کرتی ہے وہاں آلِ نبی و اہلِ بیتِ اطہار سے عشق و محبت کے جام بھی بھر بھر کر پلاتی ہے۔ اہلِ بیتِ اطہار نجات کی کشتی اور صحابۂ کرام آسمان ہدایت کے روشن ستارے ہیں۔ ایمان والے ،اہلِ بیت کی کشتی میں سوار ہوکر نجومِ رسالت کی پیروی کرتے ہوئے اپنے ایمان کو سلامت رکھتے ہیں۔

اہلِ بیتِ اطہار میں بہت بڑا نام نواسۂ رسول ، امام عالی مقام ، شہیدِ کربلا حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہُ عنہ کا ملتا ہے ۔ آپ رحمۃُ اللہِ علیہ کا یومِ ولادت 5 شعبان المعظم کو آتا ہے۔ اسی مناسبت سے آج 8 مارچ کی شب 5 شعبا ن المعظم کی مناسبت سے دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”مدنی مذاکرہ بسلسلہ جشنِ ولادت امام حسین رضی اللہُ عنہ“ منعقد ہوگا۔

مدنی مذاکرے کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوگاجس کے بعد جلوسِ حسینی نکالا جائے گا، جلوس کے بعد شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہبیرونِ ملک سے بذریعہ ویڈیو لنک عاشقانِ رسول کے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔

ثناخوان حضرات حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہُ عنہ کی شان میں منقبتیں بھی پیش کریں گے جبکہ اختتام پر لنگر کا اہتمام بھی ہوگا۔

تمام عاشقانِ رسول سے گزارش ہے کہ جن سے ممکن ہو وہ فیضانِ مدینہ آکرشرکت فرمائیں، علاوہ ازیں مدنی چینل پر بھی یہ پروگرام نشر کیاجائے گا ،آپ مدنی چینل کے ذریعے گھر بیٹھے بھی علمِ دین حاصل کرسکتے ہیں۔