امتِ محمدیہ کو دین ِ اسلام کی روشن تعلیمات فراہم کرنے اور زندگی گزارنے کے سنہرے اصولوں سے آشنائی کے لئے عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی اپنی خدمات جس طرح انجام دے رہی ہے اس سے ہر شخص واقف ہے۔ دعوتِ اسلامی کے ہزاروں مبلغین لاکھوں حضراتِ امت کو دین سے وابستہ کرنے کے لیے دنیا بھر میں محنت کر رہے ہیں جس کے ثمرات و نتائج بھی حوصلہ افزا ہیں۔

دعوتِ اسلامی نے انسانوں تک اسلام کی دعوت اور پیغام پہنچانے کے لیے ابلاغ کے دوسرے ذرائع کے ساتھ ساتھ سنتوں بھرے اجتماعات کا سلسلہ بھی شروع کیا ہوا ہے جن میں بلاشبہ لاکھوں افراد اپنے شہر میں ہونے والے اجتماعات میں شرکت کرتے اور علم کی شمع سے اپنے سینوں کو منور کرتے ہیں۔ ان اجتماعات میں ہونے والے بیانات دعوتِ اسلامی کے اسلامک ریسرچ سینٹر میں تیار کئے جاتے ہیں ۔ دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کی ہدایات پر اسلامی بہنوں کے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات پہلے ہی کتابی صورت میں شائع کردئیے جاتے ہیں۔ اس سلسلے میں اب تک سن 1441 ھ سے لے کر سن 1442ھ کے پہلے آٹھ ماہ کے بیانات پانچ جلدوں بنام ”اسلامی بیانات جلد 1 تا 5“ شائع ہوچکے ہیں ۔ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے رمضان المبارک تا ذوالحجۃ الحرام سن 1442ھ کے 17 بیانات پر مشتمل چھٹی جلد بھی مکتبۃ المدینہ سے شائع کردی گئی ہے جس میں خاتونِ جنت کی شان و عظمت، وضو کے طبی فوائد، مکہ مکرمہ کی شان وعظمت، ایک زمانہ ایسا آئے گا، والد کے ساتھ حسنِ سلوک سمیت مختلف موضوعات پر تحریری بیانات موجود ہیں۔

اس کتاب کے اکثر حصے کو مرتب کرنے کی سعادت مولانا عبدالجبار عطاری مدنی نے حاصل کی ہے جبکہ شعبہ بیاناتِ دعوتِ اسلامی کے محمد حامد سراج عطاری مدنی،محمد جان عطاری مدنی، محمد منعم عطاری مدنی، محمد حسین فریدی عطاری مدنی، سید عدیل چشتی اور حفیظ الرحمن عطاری مدنی نے بھی اس کتاب پر کام کرنے کی سعادت پائی ہے۔

واضح رہے کہ اس کتاب کو انگلش، بنگلہ اور ہندی زبان میں ٹرانسلیٹ بھی کیا گیا ہے۔

380صفحات پر مشتمل یہ کتاب دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے مفت حاصل ڈاون لوڈ بھی جاسکتی ہے

Download