دعوتِ اسلامی کے شعبہ اصلاح اعمال للبنات کےتحت  11 اور 12 جولائی 2025ء کو لاہور سٹی میں ذمہ دار اسلامی بہنوں کا لرننگ سیشن ہواجس میں لاہور اور پنجاب کی صوبائی، سٹی، ڈویژن، ڈسٹرکٹ، تحصیل اور ٹاؤن سطح کی اسلامی بہنوں کی شرکت ہوئی۔

شعبہ اصلاح اعمال للبنات کی عالمی سطح ذمہ دار اسلامی بہن نے بذریعہ انٹرنیٹ شعبے کے حوالے سے اسلامی بہنوں کی رہنمائی کی اور اُن کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دیئے۔

نگرانِ پاکستان مجلسِ مشاورت اسلامی بہن نے ”فضول گوئی کی عادت نکل جائے“کے موضوع پر بیان کیا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ پیاری پیاری اسلامی بہنو! ذرا سوچئے! بروز محشر اس وقت تمام اولین و آخرین کی موجودگی میں اپنا وہ نامہ ٔاعمال کس طرح پڑھ کر سنائیں گی؟ جو فضول گفتگو سے بھرا ہوگا۔

حجۃ الاسلام حضرت سیدنا امام محمد غزالی رحمۃُ اللہِ علیہ چار وجوہات کی بِنا پر فضول باتوں کے نقصان بیان کرتے ہیں :

٭فضول باتیں کر اماً کاتبین یعنی اعمال لکھنے والے فرشتوں کو لکھنی پڑتی ہیں لہٰذا آدمی کو چاہیئے کہ ان سے شرم کرے اور انہیں فضول باتیں لکھنے کی تکلیف نہ دے٭یہ بات اچھی نہیں کہ فضول باتوں سے بھر پور اعمال نامہ اللہ کریم کی بارگاہ میں پیش ہو ٭فضول باتوں کی مذمت کی تیسری وجہ یہ ہے کہ اللہ کے دربار میں تمام مخلوق کے سامنے بندے کو حکم ہو گا کہ اپنا اعمال نامہ پڑھ کر سناؤ! اب قیامت کی خوفناک سختیاں اس کے سامنے ہوں گی ، انسان بے لباس ہو گا، سخت پیاسا ہو گا، بھوک سے کمر ٹوٹ رہی ہو گی، جنت میں جانے سے روک دیا گیا ہو گا اور ہر قسم کی راحت اُس پر بند کر دی گئی ہوگی، غور کیجئے ایسے تکلیف دہ حالات میں فضول باتوں سے بھر پور اعمال نامہ پڑھ کر سناناکس قدر پریشان کن ہو گا ٭ بروز قیامت بندے کو فضول باتوں پر ملامت کی جائے گی اور اُس کو شر مندہ کیا جائے گا۔ بندے کے پاس اس کا کوئی جواب نہ ہو گا اور وہ اللہ پاک کے سامنے شرم و ندامت سے پانی پانی ہو جائے گا۔ (مِنہاجُ العابِدین، ص 67)

شعبہ اصلاح اعمال پاکستان سطح کی ذمہ دار اسلامی بہن نے شعبے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئےشعبے کے دینی کاموں کو بڑھانے سے متعلق اسلامی بہنوں کی ذہن سازی کی جس پر انہوں نے شعبے کے دینی کاموں کو بڑھانے کے لئے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔

آیئے ہم بھی دین ودنیا کی برکات حاصل کرنے کے لئے ولی کامل شیخ طریقت امیر اہلسنت دامت برکاتھم العالیہ کے عطا کر دہ 63 نیک اعمال پر عمل کرنے اور انگریزی ماہ کی پہلی تاریخ کو ذیلی حلقے میں جمع کروانے کی نیت کرتے ہیں۔