پوری دنیا میں دعوت اسلامی کی اسلامی بہنوں کے مدنی کام کو دیکھنے والی ”عالمی مجلس مشاورت“ کی ذمہ دار اُم میلاد عطاریہ کی والدہ انتقال کرگئیں۔

بانیِ دعوتِ اسلامی نے اظہارِ تعزیت، مغفرت اور بلندیِ درجات کے لئے دعا فرمائی۔

امیر اہل سنت نےاپنے پیغام میں ”لوحِ محفوظ میں لکھی سب سے پہلی عبرت انگیز بات“ بیان فرمائی۔ مصیبت پر صبر کرنے اور اللہ پاک کا شکر کرنے والے کو اللہ پاک صدیقین میں لکھ دیتا ہے (امیر اہلسنت کے مدنی پھول سے ماخوذ)کسی کا انتقال ہمارے لیے ذریعہ عبرت ہے کہ آج یہ دنیا سے چلا گیا، کل میری باری آنی ہے اور مجھے بھی دنیا سے جانا ہے۔ بانیِ دعوتِ اسلامی

تفصیلات کے مطابق اسلامی بہنوں کی عالمی مجلسِ مشاورت کی ذمہ دار اُم میلاد عطاریہ کی والدہ محترمہ 20 دسمبر 2019ء کو کراچی میں انتقال کرگئیں۔مرحومہ کی نمازِ جنازہ آج 21 دسمبر 2019ء کراچی کے علاقے کھارادر کی شہید مسجدکے قریب رکنِ شوریٰ حاجی امین عطاری کی امامت میں ادا کی گی۔ نمازِ جنازہ میں رکنِ شوریٰ حاجی ابو ماجد محمد شاہد عطاری مدنی اور رکنِ شوریٰ حاجی محمد علی عطاری سمیت کثیرعاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ انتقال کی خبر ملنے پر امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے ایک صوتی پیغام(Audio Massage) جاری کیا، جس میں مرحومہ کے لئے دعا فرمائی، ایصالِ ثواب کیا اور نصیحت کیلئے ایک مدنی پھول بیان فرمایا:

اللہ پاک نے لوحِ محفوظ میں سب سے پہلی جو بات لکھی اس میں یہ بھی تھا کہ جس نے میری طرف سے آئی ہوئی مصیبت پر صبر کیا اور میری نعمتوں کا شکر ادا کیا تو میں نے اسے صدیق لکھا اور اس کو صدیقین کے ساتھ اٹھاؤں گا اور جس نے میری طرف سے آئی ہوئی مصیبت پر صبر نہیں کیا اور میری نعمتوں کا شکر ادا نہیں کیا وہ میرے سوا جسے چاہے اپنا معبود بنا لے۔(تفسیر قرطبی، البروج، تحت الآیۃ22، ج10، ص210، دارالفکر بیروت، ملتقطاً)

لواحقین کو نصیحتیں کرتے ہوئے امیرِا ہلِ سنت کا کہنا تھا: صبر و ہمت سے کام لیجئے! اللہ کی رضا پرراضی رہیے،کسی کا انتقال ہمارے لیے ذریعہ عبرت ہے کہ آج یہ دنیا سے چلا گیا، کل میری باری آنی ہے اور مجھے بھی دنیا سے جانا ہے۔ ہم اپنی تیاری جاری رکھیں اور جانے والے کے لیے دعائے مغفرت کریں، ایصالِ ثواب کریں۔ صرف رونا دھونا اس کے لیے مفید نہیں ہوگا۔

امیر اہل سنت نے مزید ارشاد فرمایا: ہوسکے تو اپنے پلے سے 2500 کے رسائل مکتبۃ المدینہ سے لے کر ایصالِ ثواب کے لیے تقسیم فرمادیں۔ زہے نصیب! آپ کے بیٹے کے ابو ایصالِ ثواب کے لیے اسی ماہ قافلے میں سفر کی سعادت حاصل کرلیں، بلکہ جلدی جلدی تیجے کے فورا بعد یا اس سے بھی پہلے سفر کریں تو مرحبا، جتنا جلدی ایصالِ ثواب کیا جائے اچھا ہے۔ آپ کے دونوں بیٹے اور ان کے ابو کم از کم 12 مدنی مذاکروں میں شرکت کی نیت فرمالیں اور ہر مدنی مذاکرہ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں آکر سوال جواب شروع ہونے سے لے کر کم از کم ایک گھنٹہ 12 منٹ سنیں اور اس میں ایصالِ ثواب کی نیت کرلیں۔ زہے نصیب! دونوں بیٹے، ان کے ابو اور آپ بھی ”فیضانِ نماز“ 63 دن کے اندر اندر ختم کرلیں اور ایصالِ ثواب کی نیت کرلیں، اللہ کریم خوب برکتیں دے گا۔ بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔

صلوا علی الحبیب

صلی اللہ تعالی علی محمد