کراچی: (ویب ڈیسک) گزشتہ روز المدینۃ العلمیہ (Islamic Research Center) کے شعبہ ذمہ داران کا مدنی مشورہ دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں منعقد ہوا۔ مدنی مشورے میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی ابوماجد محمد شاہد عطاری مدنی نے ذمہ داران کی رہنمائی فرمائی جبکہ ذ مہ داران نے رکنِ شوریٰ کو اپنے شعبے کی سابقہ کارکردگی کے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر رکنِ شوریٰ کا کہنا تھا کہ بچوں بچیوں کی اسلامی تربیت کے لئے ایک نیا شعبہ ”شعبۂ اطفال“ بنایا گیا ہے جس کے تحت ایسا لیٹریچر تیار کیا جائےگا جس میں اسلامی عقائد، روزمرہ کے مسنون اعمال، ضروری آداب واحکام ، اچھے اخلاق کی تعلیم و ترغیب اور بُرے اخلاق سے حفاظت کے لیے ان کی نشاندہی ، اسلامی تاریخ سے منتخب اصلاحی واقعات ،دلچسپ کہانیاں اور وہ سب کچھ جو بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ضروری ہے وہ سب کچھ اس لیٹریچر کا حصہ ہوگا۔

رکنِ شوریٰ نے مزید بتایا کہ المدینۃ العلمیہ کا ایک اور شعبہ بنام ”فقہِ شافعی“ قائم کیا گیا ہے جس میں مذہبِ شافعی کی کتب پر تحریر و تصنیف کا کام کیا جائے گا۔ یہ شعبہ فیصل آباد میں موجود المدینۃ العلمیہ کی شاخ میں قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سال دعوتِ اسلامی کا 40واں یومِ تاسیس منایا جائے گا، اس موقع پر علمیہ کا اداراہ”دعوتِ اسلامی نمبر“ شائع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کے لئے ابھی سے تیاریاں شروع کی جاچکی ہیں۔

رکنِ مجلس المدینۃ العلمیہ محمد عدنان چشتی مدنی نے بتایا کہ بخاری شریف کی شرح پر کام شروع ہوچکا ہے، کتاب الایمان تک شرح لکھی جاچکی ہے۔ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ یہ علمی خزانہ 10 جلدوں پر مشتمل ہوگا۔

ذمہ دار شعبہ کتبِ اعلیٰ حضرت محمد کاشف سلیم مدنی کا کہنا تھا کہ حواشی ہدایۃ اور فتح القدیر کا کام مکمل ہوچکاہے، کتاب کی اشاعت جلد ہوجائے گی۔

شعبہ فیضانِ حدیث کے ذمہ دار محمد اعجاز نواز مدنی نے کہا ریاض الصالحین کی 6 جلدیں شائع ہوچکی ہیں، ساتویں طباعت کے مرحلے میں ہے جبکہ 8ویں اور 9ویں جلد پر ابھی تحریر ی کام جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ریاض الصالحین کی مدد سے تین جلدوں پر ایک کتاب تیار کی جارہی ہے جس میں صرف صحاح ستہ کی احادیث مذکور ہوں گی۔ ہمارا ہدف ہے کہ جنوری 2021 تک یہ کتاب مکمل ہوجائے۔