27 رجب المرجب کی رات اللہ پاک کے آخری نبی محمد عربی صلی اللہ علیہ و سلم کے سر پر معراج شریف کا تاج سجایا گیا اور انہوں نے اپنی جاگتی آنکھوں سے لامکاں پر اللہ رب العزت کا دیدار کیا۔

اسی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام آج 7 فروری 2024ء بمطابق 27 رجب المرجب 1445ھ کی رات عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں ”اجتماعِ جشنِ معراج النبی صلی اللہ علیہ و سلمکا انعقاد کیا جائے گا جس میں ”تلاوتِ قراٰن“، ”نعت خوانی“، ”جلوس“، ”بیان“ اور ”لنگر“ کا اہتمام کیا جائے گا۔

معلومات کے مطابق عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں اجتماع کا آغاز بعد نمازِ عشا تقریباً 9 بجے کیا جائے گا اور نعت خوانی کے بعد امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ، جانشینِ امیرِ اہلسنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی اور نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری عاشقانِ رسول کی مختلف امور پر تربیت کریں گے اور مدنی پھولوں سے نوازیں گے۔

تمام عاشقانِ رسول اپنے اپنے علاقے میں دعوتِ اسلامی کے تحت منعقد ہونے والے ”اجتماعِ جشنِ معراج النبی صلی اللہ علیہ و سلممیں شرکت کر یں اور ڈھیروں ڈھیر ثواب حاصل کریں۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)