مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری کے والد حاجی یعقوب گنگ کے انتقال پر بانیِ دعوتِ اسلامی کا اظہارِ تعزیت

مرحوم دعوت اسلامی کے سب سے پہلے مالی سپورٹر تھے۔مولانا الیاس قادری

ہر جمعے والدین کو اولاد کے اعمال پیش کیے جاتے ہیں۔مولانا الیاس قادری

اولاد کے برےاعمال کی وجہ سے مرحوم والدین کو رنج پہنچتا ہے۔ مولانا الیاس قادری

تفصیلات:

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری کے والد محترم حاجی یعقوب گنگ 30محرم الحرام 1441ھ مطابق 30 ستمبر 2019ء کو انتقال کر گئے۔ امیر اہلِ سنّت مولانا محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے نمازِ جنازہ کے بعد لواحقین سے تعزیت کی اور دعا فرمائی۔

نیز مدنی پھول دیتے ہوئے فرمایا: یہ ذہن میں رکھیں کہ ہر جمعے مرحوم والدین کو ان کی اولاد کے اعمال پیش کئے جاتے ہیں، ماشاءاللہ آپ والد صاحب سے بڑی محبت کا اظہار کر رہے ہیں لیکن ایسا نہ ہو کہ بے عملیاں کر کے والدین کو رنج پہنچاتے رہیں کیونکہ جب والدین کے پاس اولاد کے نیک اعمال پہنچتے ہیں تو ان کا چہرہ بشاشت سے کِھل اٹھتا ہے یعنی ان کے چہرے پر خوشی کے آثار ہوتے ہیں اور اگر برے اعمال پہنچیں تو ان کا چہرہ بجھ سا جاتا ہے یعنی ان کے چہرے پر کدورت آجاتی ہے۔ جن کے والدین اس دنیا سے چلے گئے یہ مدنی پھول ان سب کے لئے ہے۔ اور ظاہر سی بات ہے جن کے والدین حیات ہیں انہیں بھی ہر صورت میں گناہوں سے بچنا ہے۔

فرمانِ مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم :”اللہ پاک نیک بندے کے جنت میں درجے بلند فرماتا ہے تو وہ عرض کرتا ہے: یا اللہ میرے درجے کیسے بلند ہوئے؟ اللہ پاک فرماتا ہے:اس لئے کہ تیری اولاد نے تیرے لئے بخشش کی دعا کی ہے۔“ (مسند احمد بن حنبل، ج3، ص584، حدیث10615) لہذا اپنے مرحوم والدین کے لئے خوب مغفرت کی دعا کیجئے۔ جو زندہ ہیں ان کے لئے بھی مغفرت کی دعا کی جاسکتی ہے۔

امیر اہل سنت نے مزید فرمایا: زہے نصیب! آپ والد صاحب کے ایصالِ ثواب کے لئے کوئی عالی شان مسجد بنادیں۔ مسجد کانام ماہِ رضا کی مناسبت سے فیضانِ اعلیٰ حضرت رکھ لیں۔ آپ کے لئے بھی صدقہ جاریہ ہوگا اور مرحوم کا بھی بیڑہ پار ہوگا اِنْ شَآءَ اللہ ۔ امی جان کے ایصالِ ثواب کی نیت بھی کرلیں ۔ امیر اہلِ سنت کی ترغیب پر مولانا عبدالحبیب عطاری نے کہا کہ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ مسجد جلد تعمیر ہوجائے گی۔

یہ دعوت اسلامی کے شروع میں ہمارے سب سے پہلے financer (مالی سپورٹر) تھےبانی دعوتِ اسلامی کا مزید کہنا تھا: حاجی یعقوب گنگ ماشاء اللہ ، ہمارے ساتھ قافلوں میں آتے تھے، انہوں نے اس دور میں جب کوئی سائیکل بھی نہ دے ہمیں اپنی گاڑی دی ہوئی تھی اور ڈرائیور بھی دیا تھا کہ دین کے کام کے سلسلے میں جہاں جانا ہے جاؤ۔ ہمارے گھر کے پاس ان کی گاڑی کھڑی رہتی تھی۔ یوں ہمارے ساتھ بہت مالی و جانی تعاون کیا ۔اللہ ان کی سب خدمات قبول فرمائے ۔آمین