سرکار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم کے جنتی رفیق حضرت عثمان غنی ہیں،حاجی شاہد مدنی
حضرت عثمان غنی وہ خوش نصیب صحابی ہیں کہ انہیں رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کئی بار جنت کی بشارت دی
اللہ کے فضل سے عثمان غنی وہ بلند رتبہ صحابی ہیں جن کیلئے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ساری رات دعا فرمائی
آپ کو18ذوالحجہ کو
بھوکے پیاسے نہایت مظلومیت کیساتھ شہید کیا گیا،کلثوم مسجد میں بیان
کراچی(رپورٹ:محمود
عطاری) دعوت اسلامی کی
مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی محمد شاہد
عطاری مدنی نے کہا ہے کہ یوں تو ہر صحابی
ہی جنتی ہے،البتہ مسلمانوں کے تیسرے خلیفہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ وہ خوش نصیب صحابی ہیں کہ ان کو مالک جنت،قاسم نعمت رسول رحمت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ایک بار نہیں بلکہ کئی بار جنت کی بشارت دی،جنت میں ہر
نبی کا ایک رفیق ہوگا اور سرکار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے جنت کے رفیق
حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کلثوم مسجد ڈرگ کالونی میں
سنتوں بھرے اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ ابتدا ء ہی میں دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے تھے،آپ عشرہ
مبشرہ یعنی زبان مصطفی صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے جنت کی بشارت پانے والے
10صحابہ کرام میں سے ہیں،سرکار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اپنی دوشہزادیاں
حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے نکاح میں دیں۔
حاجی محمد شاہد عطاری نے کہا کہ محبوب خدا سرور انبیاء صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی رضا مل جانا کوئی عام بات نہیں،بہت بڑی فضیلت ہے،آخرت میں
اہل جنت کو جو سب سے بڑا انعام ملے گا وہ اللہ پاک کی رضا ہے،اب دیکھنا یہ ہے کہ اللہ پاک کی رضا ملتی کیسے ہے،
انہوں نے کہا کہ جس سے اللہ پا ک کے محبوب
ﷺ راضی ہوجائیں،وہ آخرت کے سب سے بڑے
انعام یعنی اللہ پاک کی رضا کا مستحق ہوجاتا ہے اور اللہ پاک کے فضل سے عثمان غنی رضی اللہ عنہ وہ بلند رتبہ
صحابی ہیں کہ رسول اکرم صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ساری رات آپ کیلئے دعا
فرمائی کہ یا اللہ میں عثمان سے راضی ہوں توبھی اس سے رضی ہوجا۔
حاجی محمد شاہد
عطاری نے کہا کہ یہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی خوش بختی ہے
کہ سرکار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے آپ کیلئے ساری رات دعا کی اور آپ کیلئے اللہ پاک کی رضا
طلب کرتے رہے،جس سے آقا صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم راضی ہوجائیں اسے اور کیا
چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے دوسرے خلیفہ حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بعد
مسلمانوں کی کثرت رائے سے حضرت عثمانی غنی رضی اللہ عنہ خلیفہ بنے،12سال تک آپ خلیفہ رہے،18ذوالحجہ 35ہجری کو
بھوکے پیاسے نہایت مظلومیت کے ساتھ شہید کیا گیا۔