دعوتِ اسلامی لوگوں کے عقائد و نظریات کی حفاظت کرنے، انہیں قراٰنِ کریم و حدیثِ رسول  کی تعلیمات سے آگاہ کرنے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں لوگوں کی رہنمائی کرنے والی عالمی سطح کی دینی تحریک ہے۔

دعوتِ اسلامی کے تحت دنیا بھر کے لوگوں کو قراٰنِ مجید کی تعلیم دینے کے لئے جامعۃ المدینہ و مدرسۃ المدینہ (بوائز، گرلز) قائم ہے جہاں طلبہ و طالبات کو تجربہ کار اساتذۂ کرام و معلمات کے زیرِ نگران قراٰن و حدیث کی تعلیمات دی جاتی ہے۔

الحمد للہ دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام جامعۃ المدینہ و مدرسۃ المدینہ (بوائز، گرلز) سے تخصصات، درسِ نظامی اور حفظ و ناظرہ قراٰنِ پاک مکمل کرنے والوں کے لئے پاکستان کے مختلف شہروں میں ”دستارِ فضیلت و تقسیمِ اسناد اجتماعات“ کا انعقاد ہونے جا رہا ہےجن کی تفصیل درج ذیل ہے:

٭9 جنوری 2025ء کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ اسلام آباد G/11 میں، 10جنوری 2025ء کو کمپنی باغ، شیخوپورہ میں، 12 جنوری 2025ء کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کاہنہ، فیروز پور روڈ، لاہور میں، 16 جنوری 2025ء کو دھوبی گھاٹ گراؤنڈ، فیصل آباد میں اور 27 جنوری 2025ء کو علامہ اقبال گراؤنڈ ، یونٹ نمبر 2 لطیف آباد، حیدرآباد میں رکنِ شوریٰ و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری ٭17 جنوری 2025ء کو مرے کالج گراؤنڈ سرکلر روڈ، سیالکوٹ میں اور 22 جنوری 2025ء کومدنی مرکز فیضانِ مدینہ شاہ رکنِ عالم کالونی نزد انصاری چوک ملتان میں رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری ٭19 جنوری 2025ء کو مِنی اسٹیڈیم شیخوپورہ روڈ، گوجرانوالہ شہر میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد اظہر عطاری ٭20 جنوری 2025ء کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ شاہ جہانگیر روڈ، گجرات میں رکنِ شوریٰ حاجی قاری محمد سلیم عطاری سنتوں بھرے بیانات فرمائیں گے۔

واضح رہے سابقہ سال 2024ء میں دعوتِ اسلامی کے تحت 280 طلبہ و طالبات نے تخصصات، 2 ہزار 553 طلبہ و طالبات نے درسِ نظامی (عالم و عالمہ کورس)،15 ہزار 547 طلبہ و طالبات نے حفظِ قراٰن اور 58 ہزار 51 طلبہ و طالبات نے ناظرہ قراٰنِ پاک مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی ہے۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)