” یومِ دعوت اسلامی“ کے حوالے سے 21اگست 2021ء کو دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اراکین کا آن لائن مدنی مشورہ ہوا جس میں تمام اراکین شوریٰ نے بذریعہ آن لائن شرکت کی۔مدنی مشورے میں یومِ دعوت اسلامی منانے کے حوالے سے باہمی گفتگو کی گئی ۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کی جانب سے اس مدنی مشورے کے مدنی پھول بھی جاری کردیئے گئے ہیں جن پر عمل کرکے اچھے انداز میں یومِ دعوتِ اسلا می منایا جاسکتا ہے۔

مدنی مشورے میں طے ہونے والے مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

یوم دعوتِ اسلامی کے بارے میں امیراہل سنت کے فرامین :

شیخ طریقت ،امیراہلِ سُنّت حضر ت علّامہ مولانامحمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے 21 ،اگست 2021ء کو بعدِعشاء ہونے والے مدنی مذاکرےمیں ارشادفرمایا : بچے کی سالگرہ میں خوشی منائی جاتی ہے ،ہماری پیاری تحریک دعوتِ اسلامی کے 40 سال مکمل ہورہے ہیں تو ہمیں بھی خوشی منانی چاہئے ،ایک باریک نقطہ بھی ہے کہ بچے کی قسمت میں جوعمرلکھی جاتی ہے ایک سال مکمل ہونے پراس کی زندگی کا ایک سال کم ہوجاتاہے جبکہ دعوت اسلامی کا تو ایک سال بڑھ جاتاہے ،یوم دعوت ِاسلامی کو مَیں نے نئے کپڑے پہننے کی نیّت کی ہے ،آپ بھی پہن سکتے ہیں ،تمام اسلامی بھائی اوراسلامی بہنیں 2ستمبرکو شکرانے کے دونوافل اداکریں،ائمۂ کرام 2ستمبرکو عشاء کی نمازکےبعد شکرانے کے دونوافل باجماعت اداکرنے کا اہتمام فرمائیں ،ہفتہ واراجتماع میں شرکت کیجئے ، میری خواہش ہے کہ ہفتے کو ہونے والے مدنی مذاکرے کے اجتماعات میں اسلامی بھائی سفیدلباس اورسفیدعمامے میں شرکت کریں ، جامعۃ المدینہ کے طلبہ بھی سفیدلباس اورسفیدعمامے میں بھرپورشرکت کریں ، اس موقع پر اپنی گاڑیوں پر مکتبۃ المدینہ سے جاری ہونے والے اسٹیکرزلگائیں۔

یوم دعوتِ اسلامی منانے کا شیڈول :

٭ یوم دعوتِ اسلامی کی تقریبات کا آغاز2ستمبر2021ءبروزجمعرات ہفتہ واراجتماع سے ہوگا ،مبلغین دعوتِ اسلامی کی 40سالہ خدمات پر بیانات کریں گے ،یہ بیان پاکستان مشاورت آفس سے میل(mail) اورواٹس ایپ (WhatsApp) کیا جائے گا ۔ اسلامی بھائی ہفتہ واراجتماع میں سینے پر دعوت اسلامی کابیج لگائے ،ہاتھوں میں دعوتِ اسلامی کا پرچم تھامے شرکت کریں ۔

٭بروزجمعرات 2ستمبر2021ء کوعالمی مدنی مرکز فیضان ِمدینہ کراچی میں امیراہل سنت علامہ محمدالیاس عطارقادری دامت برکاتہم العالیہ تقریبا رات 09:30بجے ہفتہ وارسنّتوں بھرے اجتماع میں بیان فرمائیں گے،جو براہِ راست مدنی چینل پر ٹیلی کاسٹ ہوگا ،بعد ِاجتماع مدنی چینل پر یوم دعوتِ اسلامی کے بارے میں سلسلہ ہوگا ،امیراہلِ سنّت بھی اس میں تشریف لائیں گے ۔جن مقامات پر ممکن ہوامیراہل سنت کا بیان اوربعدمیں ہونے والاسلسلہ دکھانے کی ترکیب بنائی جائے ۔

٭بروزجمعہ 3ستمبر2021ءکوعلماء وائمہ کرام نمازِجمعہ سے پہلے دعوتِ اسلامی کی 40سالہ خدمات پر بیانات فرمائیں گے ،مدنی چینل پربھی صبح تارات گئے تک اس سلسلے میں نشریات جاری رہیں گی،بعدِعشاہونے والے سلسلے ’’ماضی کی یادیں ‘‘میں دعوتِ اسلامی کے بارے میں گفتگوہوگی ،اس سلسلے کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس میں امیراہل سنت علامہ محمدالیاس عطارقادری دامت برکاتہم العالیہ بنفس نفیس تشریف لائیں گے ۔

٭یوم دعوتِ اسلامی کی سب سے بڑی تقریب بروزہفتہ 4ستمبر2021ء کو بعدِنمازعشاء ہفتہ وارمدنی مذاکرے کے (جہاں قانونی طورپر اجازت ہو) میدان اجتماعات کی صورت میں ہوگی ۔ اسلامی بھائی ان اجتماعات میں سفید لباس اورسفیدعمامہ پہنے ،سینے پر دعوتِ اسلامی کابیج لگائے، ہاتھوں میں دعوت ِاسلامی کا پرچم تھامےایس اوپی کا خیال رکھتے ہوئے شرکت کریں۔یہ میدان اجتماع ہرہرکابینہ یا دوکابینہ کو ملاکر ایک مقام پر کئے جائیں ۔

٭بروزاتوار،5 ستمبر2021ء صبح09:00بجے سے مدنی چینل پریوم دعوتِ اسلامی سے متعلق نشریات کا آغازہوگاجو شام تک جاری رہیں گی۔

یوم دعوتِ اسلامی کے لیے تیاریاں :

٭دعوتِ اسلامی کے 40 سال مکمل ہونے پر’’ 2ستمبریوم دعوتِ اسلامی ‘‘منانے کی بھرپور تیاریاں کی جائیں ٭ اپنے اندر’’یوم دعوتِ اسلامی‘‘ منانے کا جذبہ اورجوش وخروش پیداکیجئے،ان شاء اللہ اس کے اثرات دنیا بھرمیں محسوس کئے جائیں گے ٭ کوئی کام اس وقت تک شانداراندازمیں نہیں ہوسکتاجب تک اُسے اوڑھ نہ لیا جائے ،موتی ہمیشہ گہرائی میں غوطہ لگانے والے کو ہی ملتاہے٭ کوئی کام ’’ہونے‘‘اور’’شاندار ہو نے ‘‘میں واضح فرق ہے ۔

شعبوں میں یوم دعوتِ اسلامی کی تیاریاں :

٭عاشقان ِرسول 2،3،4ستمبر2021ء جمعہ تا اتوارمدنی قافلوں میں سفرکرنے کے لیے ہفتہ واراجتماع میں اپنے ساتھ زادِسفرلے کرآئیں اورجمعہ تااتوارمدنی قافلے میں سفرکرکے یوم دعوتِ اسلامی منائیں ۔

٭ تمام نگرانِ مجالس اپنے اپنے شعبے کے اسلامی بھائیوں سے مشورے کریں اوران کا شعبہ کس طرح ’’یوم دعوتِ اسلامی منانے میں اپنا حصہ لے گا ؟‘‘اس کے مدنی پھول اورلائحہ عمل طے کریں ۔

٭شعبۂ میڈیا ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے بارے میں اخبارات میں مضامین شائع کروائے ۔

٭شعبۂ تعلیم اسکولزکالجزمیں یوم دعوتِ اسلامی کے اجتماعات منعقدکرے۔ایم فل،پی ایچ ڈی کرنے والوں اوریونیورسٹیز کے وائس چانسلرحضرات کے تاثرات لے کرمدنی چینل کوبھیجے جائیں ۔

٭ شعبۂ رابطہ برائے تاجران مارکیٹوں میں یوم دعوتِ اسلامی کے اجتماعات منعقد کرے۔

٭جامعۃ المدینہ ،مدرسۃ المدینہ اوردارالمدینہ میں اراکین شوریٰ اورمبلغین کے یوم دعوت ِاسلامی سے متعلق بیانات کروائے جائیں ۔

٭ مدنی مراکز پر شرعی رہنمائی لے کر مدنی پرچم لگائے جائیں ۔

٭ یوم دعوتِ اسلامی منانے کے تمام معاملات کی شرعی رہنمائی اراکینِ شوری حاجی محمدامین عطاری اورحاجی عبدالحبیب عطاری لیں گے ۔

تاثرات لینے کے بارے میں مدنی پھول:

٭شعبہ ازدیادِحُب اوائلِ دعوتِ اسلامی سے منسلک ہونے والے اسلامی بھائیوں کے تاثرات لے ،نگران ریجن اس میں اپنا کرداراداکریں ،فوت ہونے والے ذمہ داران کے بچوں یادیگررشتہ داروں سےبھی تاثرات لئے جائیں۔

۞۔ شعبۂ اصلاح برائے قیدیان اُن قیدیوں کے تاثرات ریکارڈ کرے، جن میں دعوتِ اسلامی کی وجہ سے تبدیلی آئی اوروہ راہ ِ سنت کے مسافربن گئے ،ان کے والداوربھائیوں کے تاثرات بھی مفیدہوں گے ۔

٭ مختلف ممالک کے بچوں سے ان کے ملک کے مذہبی لباس میں’’یوم دعوتِ اسلامی مبارک ہو ‘‘ ”شکریہ دعوتِ اسلامی“ I Love Dawateislamiوغیرہ جملےریکارڈ کروائے جائیں ، اس کی اچھی ویڈیوبنا کرمدنی چینل کو بھیجی جائیں ۔

٭ مجلس رابطہ برائے شخصیات کے تمام شعبے ،شعبہ رابطہ بالعلماء اورشعبۂ تعلیم کے نگران اپنے اپنے شعبے کی اہم ترین شخصیات کے نام منتخب کرکے اپنے ذمہ داران کودیں اوران کے یوم دعوتِ اسلامی کے بارے میں تاثرات لئے جائیں ۔

٭ اسپیشل پرسن ڈیپارٹمنٹ سے منسلک گونگے بہرے اسلامی بھائیوں کے والداوربھائیوں نیزنابینا اسلامی بھائیوں کے تاثرات لئے جائیں۔

٭ شعبۂ فیضان اسلام بھی نومسلم سے تاثرات لینے کی ترکیب بنائے ۔

٭ مختلف ممالک کے جامعۃ المدینہ کے طلبہ کے تاثرات لئے جائیں ۔

٭ آئندہ ’’یوم دعوتِ اسلامی ‘‘کی تیاریاں 4ماہ پہلے مئی سے شروع کی جائیں ۔