صحبت کے اثرات سے کوئی بھی شخص انکار نہیں کرسکتا، حدیثِ مبارَکہ کے ساتھ ساتھ بزرگانِ دین نے بھی اس پر بہت کچھ ارشاد فرمایا ہے، یہ حقیقت ہے کہ آدمی جس طرح کے لوگوں کی صحبت میں بیٹھتا ہے ویسا ہی بن جاتا ہے، لہٰذا علَما کی صحبت میں بیٹھنے والا علم سے مَحبّت کرنے والا بن جاتا ہے۔ صحیح العقیدہ عالم کی صحبت میں بیٹھنا دین پر استقامت اور عقائد کی درستی و ایمان کے لئے سلامتی ہے جو کہ ایک مسلمان کا قیمتی سرمایہ اور دارَین کی فلاح کا باعث ہے۔علمائے کرام کی صحبت علم اور تقویٰ تک پہنچنے کا وسیلہ ہے، جس کے سبب بندہ اللہ پاک کے حضور بزرگی اور ابدی سعادت کا مستحق ہوجاتا ہے کہ حضرت سیّدناامامِ اعظم ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ سے کسی نے سوال کیا کہ آپ اس بلند مقام پر کیسے پہنچے، تو آپ نے فرمایا کہ میں نے دوسروں کو فائدہ پہنچانے میں بخل نہیں کیا اور نہ ہی ان سے استفادہ کرنے میں شرم محسوس کی۔(درمختار، 1/127 )

فقیہ ابواللّیث سمر قندی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جو شخص عالم کی مجلس (صحبت) میں جائے اس کو سات فائدے حاصل ہوتےہیں اگرچہ اس سے استفادہ نہ کرے:٭طلبہ میں شمار کیا جاتا ہے ٭جب تک اُس مجلس میں رہنا ہے گناہوں اور فسق و فجور سے بچتا ہے ٭جب گھر سے نکلتا ہے تو اس پر رحمت نازل ہوتی ہے ٭اس رحمت میں کہ جلسۂ علم پر نازل ہوتی ہے شریک ہوتا ہے ٭جب تک علمی باتیں سنتا ہےتو اس کے لئے نیکیاں لکھی جاتی ہیں ٭فرشتے ان کے عمل سے خوش ہوکرانہیں اپنے پروں سے ڈھانپ لیتے ہیں تو وہ بھی ان میں ہوتا ہے اور٭اس کا ہر قدم گناہوں کا کفارہ، درجات کی بلندی اور نیکیوں میں زیادتی کا سبب بن جاتاہے۔ (تنبیہ الغافلین ،ص237 )

ہر ہفتے کی طرح آج رات 11 دسمبر 2021ء کو دعوت اسلامی کے زیر اہتمام بعد نماز عشاء عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا۔ اس مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔ اس پروگرام کو مدنی چینل پر بھی براہ راست نشر کیا جائیگا۔

تمام عاشقان رسول سے اس مدنی مذاکرے میں شرکت کرنے کی درخواست ہے۔