6فروری 2021ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کو علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول عطا فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سینکڑوں جبکہ بیشتر مقامات ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کریں:

سوال:کیاطوطے (Parrot) کے سامنے اللہ اللہ کرنے سے ثواب ملےگا؟

جواب: اگریہ ذہن میں ہوکہ میں اللہ پاک کوخوش کرنے کے لیے اللہ پاک کا ذکرکررہا ہوں تو ثواب ملے گا،طوطے کے سامنے اس لیے اللہ اللہ کرےکہ یہ بھی اللہ اللہ کرنے والا بن جائےگا،اس طوطے سے اللہ کا ذکرسننے والے خوش ہوں گے اورانہیں بھی اللہ کی یادآئےگی تو اس نیت کی وجہ سےبھی ثواب ملے گا،ایک اورصورت ہے کہ میں اللہ اللہ کروں گا اوریہ طوطامیرےذِکرُ اللہ کا گواہ ہوجائے گاتویہ بھی کارِ ثواب ہوگا۔

سوال: اسلام کے پہلے مجدّدکون ہیں ؟

جواب:حضرت عمربن عبدالعزیز رحمۃ اللہ علیہ ،یہ تابعی بزرگ،مسلمانوں کے عادل خلیفہ اورنہایت پرہیزگار تھے۔

سوال: نبیِ پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےحجۃ الوداع کا خطبہ جبلِ رَحمت کے اُوپر اِرشادفرمایا یااس کے پاس ؟

جواب: نبیِ پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےحجۃ الوداع کا خطبہ اُونٹنی پر بیٹھ کر دیا تھا ، جبلِ رحمت کو قُرب بخشاتھا۔

سوال: اچانک موت پر کس طرح صبرکیا جائے؟

جواب:پہلے سے ذہن بناہو کہ کسی کو کسی وقت بھی موت آسکتی ہے ،یوں صبرآجائے گا ،پہلے کے دَورمیں بُزرگ قبرکےسوالات جوابات اورسورۂ مُلک یادکرواتےتھے،اس میں موت وآخرت کا تذکرہ ہے(سورۂ ملک کی تلاوت عذابِ قبرسے نجات دِلانے والی ہے ،یوں موت کو یادرکھنے کے مواقع موجود ہیں۔)صبرکے فضائل بھی پیشِ نظررکھیے کہ صبراللہ پاک کے خزانوں میں سے ایک خزانہ ہے ،صبرکرنے والوں کو اللہ پاک جنت میں داخل فرمائے گا۔

سوال:بِلّی اورجنّات میں کیا تعلّق ہے؟

جواب:کوئی تعلّق نہیں ہے ،جن ّآگ سے بنا ہے اوربِلّی جانورہے ،البتہ بِلّی اورشیرکاتعلّق بچپن سے سنا ہے، اسے شیرکی خالہ کہا جاتاہے ۔

سوال:کیا عمدہ عمدہ کھانے کی عادت ہونی چاہئے یا عمدہ غذاکبھی کبھی کھانی چاہیے ؟

جواب:عادت نہیں ہونی چاہئے کھبی کبھی کھانا چاہئے کھانے میں حرج بھی نہیں ،ایک قول یہ بھی ہے کہ جو عمدہ عمدہ غذاؤں کا عادی ہوگا، نزع(روح نکلنے) کے وقت اسے تکلیف زیادہ ہوگی ۔

سوال: سفرِمدینہ میں کوئی مشکل تشریف لائے تو کیا کریں کہ ادب بھی رہے اورصبربھی ملے؟

جواب:اب تو سفربہت آسان ہے سفرتو کرنے والے کرگئے ،پہلےسفرِ مدینہ میں دنوں بلکہ مہینوں لگتے تھے،اب تو یہ سفرگھنٹوں میں ہوتا ہے،پھر بھی کوئی مشکل آتی ہے تو صبرکیا جائے اوراجرکے مستحق بنیے،اس کا تو اپنا لطف ہے ،میں سفرِمدینہ میں بیماربھی ہواہوں ،ہسپتال میں بھی داخل ہواہوں ،میٹھا مدینہ دُورہے جاناضرورہے ۔

سوال: کون سے مچھلی(Fish) کھانی چاہئے؟

جواب: مچھلی اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے ،مچھلی کی لاکھوں قسمیں ہیں ،ہرایک کی اپنی اپنی پسندہوتی ہے،مچھلی کھانے کےاپنے فوائد ہیں۔بالخصوص مچھلی کاسر(Head)کھانے سے عقل بڑھتی ہے ۔مچھلی موٹاپا نہیں لاتی ۔ہفتے میں ایک یادوبارمچھلی کھانی چاہئے ،مچھلی تلی(Fri) ہوئی نہ کھائی جائے ،گرلڈ فِش(Grilled Fish) یعنی کوئلوں میں بُھنی ہوئی کھائی جائے یا اس کا سالن پکاکر کھایاجائے۔

سوال: ٹِن پیک کھانوں کے بارے میں آپ کیا فرماتےہیں ؟

جواب: ٹِن پیک کھانے سے بچنا چاہئے،میری معلومات کے مطابق اس میں ایساکیمیکل ہوتاہے جو صحت کے لیے نقصان دہ ہوتاہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہاذان کی برکتیںپڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہنے کیا دُعا دی ؟

جواب:یااللہ پاک! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ اذان کی برکتیں“ پڑھ یا سُن لے،اُسے مؤذِنِ رسول حضرت بلال کا جنت الفردوس میں پڑوس نصیب فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم