دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 29 فروری 2020 ء کی رات ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے علم و حکمت سے لبریز جوابات ارشاد فرمائے۔ ہزاروں کی تعداد میں اسلامی بھائیوں نے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ آکر مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی جبکہ سینکڑوں مقامات پر اسلامی بھائیوں نے جمع ہوکر مدنی مذاکرے دیکھنے سننے کی سعادت پائی۔

ان مدنی مذاکروں میں پاکستان کے مختلف شہروں سے عاشقان رسول تشریف لارہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق 29 فروری 2020ء کے مدنی مذاکرے میں واہ کینٹ سے 300، جہلم وچکوال سے 300،میر پور سے 450 مظفر آبادسے 100، سیالکوٹ سے950، ساہیوال 650 سے، خیبر پختونخواہ 250 سے، فیصل آبادسے 25، ملتان سے 25، شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد 80 سمیت دیگر شہروں سےکم و بیش 3400 سے زائد اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال:سُلطانُ الہندحضرت سیدناخواجہ غریب نواز حسن سنجری رحمۃُ اللہِ علیہ کا یومِ وصال وعرس کیا ہے ؟

جواب:6رجب المرجب

سوال:آپ جب اجمیر شریف میں خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کے دربارپرحاضرہوئے تو وہاں کا کوئی یادگارواقعہ سنا دیں ۔

جواب:میں2مرتبہ اجمیر شریف حاضرہواہوں ،ایک مرتبہ ہم سب مل کرخواجہ غریب نواز رحمۃُ اللہ علیہکے دربارپر حاضر تھے اورمل کر یہ پڑھ رہے تھے :یاخواجہ میری جھولی بھردو!اچانک ایک گلاب کی پتی اُڑکرمیری جھولی میں آگئی، میں نے یہ پڑھنا شروع کردیا :خواجہ نے میری جھولی بھردی ۔وہ پتی فوراًحاجی عبیدرضا نے میری جھولی سے لے کراپنے پاس محفوظ کرلی ۔

سوال:حیا کی صفت پیداہوجائے ،اس کے لیے کیا کِیا جائے ؟

جواب:ہرایک میں کچھ نہ کچھ حیا توہوتی ہے،لیکن مسلمان کی حیا کی اپنی شان ہے ، اپنے رب سے حیا کرتے ہوئے گنا ہوں سے بچنا چاہئے ،نیک کام کرنے میں شرم آتی ہوتو اس کو ختم کرنےکی کوشش کرتے ہوئے وہ نیک کام کرلینا چاہئے ،مزید معلومات کے لیے مکتبۃ المدینہ کا رسالہ ’’باحیا نوجوان‘‘کا مطالعہ کیجئے ۔

سوال: آپ نے تصورِمدینہ کروانا کب شروع کروایا ؟

جواب:دعوتِ اسلامی کی ابتدامیں جامع مسجد گلزارِحبیب(گلستانِ علامہ اوکاڑوی سولجربازارکراچی) کے ہر ہفتہ واراجتماع میں تصورِمدینہ شروع ہوا،پھر بڑے اجتماعات میں بھی ہونے لگا۔

سوال:بچوں سے کتنے کام لینے چاہئیں؟

جواب:بچوں سے اتنے ہی کام لئے جائیں جو وہ کرسکیں ۔

سوال:اولاد کی تربیت کیسےکریں ؟

جواب:اولاد سے پیاربھی کریں ،ضرورتاً سختی بھی کی جاسکتی ہے، مگربات بات پر ڈانٹ ڈپٹ کا اندازدرست نہیں ،یہ اولاد کو باغی بناسکتاہے۔

سوال:نمازکے دوران غلط خیال آئیں تو کیا کریں ؟

جواب:ان سے توجہ ہٹانے کی کوشش کریں ،کچھ نہ کچھ خیالات تو سبھی کو آتے ہیں ۔

سوال:اعلیٰ حضرت امام احمدرضاخان رحمۃ اللہ علیہ کے سفرِحج سے واپسی پر کس شخصیت نے آپ کو جبل پور(ہند)آنے کی دعوت دی تھی؟

جواب:خلیفۂ اعلیٰ حضرت،حضرت علامہ مفتی محمد عبدالسلام رضوی جبل پوری رحمۃ اللہ علیہ نے۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ” جہنّم کی غذا“ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یااللہ! جو کوئی رسالہ”جہنّم کی غذا“کے 20صفحات پڑھ یا سُن لےاُسےجہنّم کے ہرطرح کے عذاب سے محفوظ فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

رجب میں یہ دُعا پڑھنا سُنّت ہے:اَللّٰہُمَّ بَارِکْ لَنَا فِیْ رَجَبٍ وَّشَعْبَانَ وَبَلِّغْنَارَمَضَان:اے اللہ!تُو ہمارے لیے رجب اور شعبان میں برکتیں عطا فرمااورہمیں رمضان تک پہنچا۔(المعجم الاوسط للطبرانی ج3ص85حدیث:3939)