26دسمبر 2020ءکی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی چینل پر مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقان رسول نے شرکت کی۔

مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کریں:

سوال:اگر کسی پریشانی کی وجہ سے غُصّہ آئے اور چِڑچڑا پَن محسوس ہوتو اس سے بچنے کا کیاطریقہ ہے؟

جواب: کوئی بھی پریشانی آئے تو غُصّہ اور جھگڑا کرنے کے بجائے صبر کیا جائے ، غُصّہ و جھگڑا کرنے سے دنیا کی تکلیف تو دُور نہیں ہوگی مگر آخرت برباد ہوسکتی ہے، جہنم کا ایک دروازہ ان لوگوں کے لیے مخصوص ہے یعنی وہ اس دروازے سےجہنم میں جائیں گے جن کا غُصّہ گناہ کے بعد ہی ٹھنڈا ہوتا ہے، غُصّے اورچڑچڑے پن سے بچنے کے لیے روزانہ ’’یَا قَہَّارُ ‘‘100بار پڑھنے کا معمول بنالیں۔

سوال: بعض لوگ کرونا کی بیماری کو سنجید ہ نہیں لے رہے ،ایس اوپیز(SOPs) کا خیال نہیں رکھتے، آپ اس بارے میں کیا فرماتے ہیں؟

جواب: لوگوں کو واقعی کرونا کا مرض ہورہا ہے،میرے پاس جو دعاکے پیغامات آتے ہیں، ان میں کرونا کےمریضوں کی تفصیلات بھی ہوتی ہیں، تقریبا ً روزانہ ہی پیغامات آرہے ہیں ۔اللہ پاک سے عافیت مانگنی چاہیے اوراسےسنجیدہ لینا چاہیے، اس کی تکلیف وہی محسوس کرسکتا ہے جسے کرونا ہوگیا ہو۔

سوال: وبائی مرض سے بچنے کا کوئی اور ورد بتادیجئے۔

جواب: ’’اَلْحَکِیْمُ‘‘ 88 بار روزانہ پڑھا کریں، یہ وبائی مرض سے بچنے کا وِرد ہے،کرونا بھی وبائی مرض ہے۔

سوال:پھول(Flowers) کہاں اچھے لگتے ہیں؟

جواب: پھول گملے (Flowerpot)میں ہی اچھے لگتے ہیں۔

سوال: حقیقی دعوتِ اسلامی والاکون ہے ؟

جواب: جو دعوتِ اسلامی میں دل و جان سے آجاتا ہے، ہفتہ وار اجتماع اورمدنی مذاکرے میں پابندی سے شرکت کرتاہے،ہرماہ 3 دن کےمدنی قافلے کا مسافربنتاہے ،نیک اعمال کے رسالے کے مطابق عمل کرتا ہے، ذیلی حلقے کے 12 دینی کاموں میں رچا بسا رہتا ہےوہی حقیقی دعوتِ اسلامی والاہے ۔

سوال: لوگوں کے درمیان کن باتوں سے بچنا چاہیے؟

جواب: محاورہ ہے کہ کھاؤ مَن بھاتا ،پہنو جگ بھاتا، بعض کام گھر میں کرسکتے ہیں مگر لوگوں کے سامنے نہیں کرنے چاہئیں، جیسے وہ کام جو تنفیرِ عوام (لوگوں کی نفرت)کا باعث ہوں ،لوگ اچھا نہ سمجھتے ہوں۔

سوال:مسلمان کیسے کام کرتا ہے؟

جواب: مسلمان خود بھی سلامتی والے کام کرتا ہے اور دوسروں کو بھی اُن کاموں سے بچاتا ہے جن سے وہ شر میں مبتلا ہوں۔

سوال:ہرماہ کی گیارہویں(11ویں) رات آپ کیا کرتے ہیں؟

جواب:میری کوشش ہوتی ہے کہ ہر ماہ کی گیارہویں(11ویں) رات حضور غوث ِپاک حضرت شیخ عبدالقادرجیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی فاتحہ کی جائے، آپ بھی اپنے گھروں میں اس کا معمول بنائیں۔

سوال: لاک ڈاؤن کی وجہ سےروزگاروغیرہ کے مسائل بھی ہیں ،کچھ مدنی پھول عنایت فرما دیجئے تاکہ پریشانی کم ہو۔

جواب: اللہ پاک بھوکا اُٹھاتا ہے مگر بھوکا سُلاتا نہیں ہے، مخلوق کو ر زق دینا اللہ پاک نے اپنے ذِمّہ کرم پر لیا ہواہے،پارہ 12سُورۂ ھُود کی آیت نمبر6 میں ارشاد ہوتاہے وَ مَامِنْ دَآبَّةٍ فِی الْاَرْضِ اِلَّا عَلَى اللّٰهِ رِزْقُهَا۔ ترجمۂ کنزُالایمان:"اور زمین پر چلنے والا کوئی ایسا نہیں جس کا رزق اللہ کے ذِمّۂ کرم پر نہ ہو"۔اس لیے پریشان ہونےکے بجائے رزقِ حلال کے تلاش کی کوشش کریں ،اپنے اخراجات کم کریں اور اللہ پاک سے دعاکریں ۔

سوال: غیر شرعی اورغیرقانونی انداز سے خوشی منانے والوں کو آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب: بسااوقات لمحہ بھر کی خوشی طویل غم کا باعث ہوتی ہے، مثلاً شادی میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ سے کسی کو کوئی گولی لگ جائے تو وہ زندگی بھر کے لیے غم کا باعث ہوجاتی ہے۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ’’شانِ رفاعی‘‘پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہنے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا اللہ پاک! جو کوئی رسالہ’’شانِ رفاعی‘‘کے 17 صفحات پڑھ یا سُن لے،اُس کو حضرت شیخ سیّد احمد کبیر رفاعی کا فیضان نصیب فرما اور اُسے بے حساب بخش دے۔اٰ مِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم