مرکزی تقریب  عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں منعقد ہوئی

ایک ہزار 35 فارغ التحصیل مدنی علماء کو دستار اور اسناد سے نوازا گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر ۔۔)گزشتہ رات دعوتِ اسلامی کی مجلس جامعۃالمدینہ کے زیرِ اہتمام 1035 فارغ التحصیل مدنی علمائے کرام کو اسناد اور دستار بندی سے نوازنے کے لئے کراچی، حیدرآباد،ملتان، فیصل آباد، اوکاڑہ، لاہور، گوجرانوالہ اور اسلام آباد میں پُر وقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

مرکزی تقریب معروف علمی درسگاہ جامعۃ المدینہ فیضانِ مدینہ عالمی مدنی مرکز کراچی میں ہوئی جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ ، سکھر سے مفتی ابراہیم قادری صاحب، راولپنڈی سے مولانا محمود غفران سیالوی صاحب، نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری،دیگر اراکینِ شوریٰ اور جید اساتذہ و طلبہ کرام نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

مدنی مرکز فیضان مدینہ لاہور میں دستار فضیلت اجتماع منعقد کیا گیا جس میں استاذ الحدیث مفتی محمد ہاشم خان عطاری، رکن شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری،سیاسی و سماجی شخصیات، جامعۃ المدینہ کے اساتذہ کرام اور طلبائے کرام سمیت دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔رکن شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے ”سیرت اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔ بیان کے بعدفارغ التحصیل ہونے والے 250 طلبائے کرام کی دستار بندی کی گئی۔

مدنی مرکز فیضان مدینہ فیصل آباد مدینہ ٹاؤن میں نگران پاکستان انتظامی کابینہ حاجی محمد شاہد عطاری نے سنتوں بھرا بیان فرمایا جبکہ اس مقام پر عالم کورس مکمل کرنے والے 94 طلبائے کرام کی دستار بندی کی گئی۔اس تقریب میں دعوت اسلامی کے دیگر ذمہ داران، اساتذہ کرام، طلبائے کرام اور ان کے سرپرست سمیت اہل علاقہ نے شرکت کی۔

حیدر آباد کے علاقے آفنڈی ٹاؤن میں قائم مدنی مرکز فیضان مدینہ میں بھی 266 طلبائے کرام کی دستار فضیلت کی گئی۔ اس موقع پراراکین شوریٰ حاجی محمد اسد عطاری مدنی، حاجی فاروق جیلانی عطاری، دعوت اسلامی کے ذمہ داران، جامعۃ المدینہ کے اساتذہ وطلبائےکرام اور دیگر عاشقان رسول موجود تھے۔ رکن شوریٰ حاجی محمد اسد عطاری مدنی نے ” اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہکے موضوع پر سنتوں بھرا بیان فرمایا۔

ملتان شریف کے مدنی مرکز فیضان مدینہ میں جامعۃ المدینہ سے درس نظامی مکمل کرنے والے 78 طلبائے کرام کی دستار بندی کی گئی۔ اس محفل میں علمائے کرام، سیاسی وسماجی شخصیات اور دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ رکن شوریٰ قاری سلیم عطاری نے عرس ”اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ “کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان فرمایا اور اعلیٰ حضرت کی سیرت پر روشنی ڈالی۔ رکن شوریٰ قاری سلیم عطاری اور دیگر علمائے کرام نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبائے کرام کی دستار فضیلت کی۔

مدنی مرکز فیضان مدینہ اسلام آباد کے جامعۃ المدینہ سےبھی 70طلبائے کرام نے عالم کورس مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس منعقدہ محفل میں رکن شوریٰ حاجی وقار المدینہ عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا جس میں علمائے کرام، دعوت اسلامی کے ذمہ داران، جامعۃ المدینہ کے اساتذہ و طلبائے کرام اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔ بیان کے اختتام پرفارغ التحصیل ہونے والے طلبائے کرام کی دستار بندی کا سلسلہ ہوا۔

اسی طرح گوجرانوالہ میں 88 جبکہ اوکاڑہ میں 55 طلبائے کرام کی دستار بندی کا سلسلہ ہوا ۔ دستار فضیلت کی اس محفل میں مذہبی و سیاسی شخصیت کے علاوہ جامعۃ المدینہ کے اساتذہ و طلبائے کرام اور ان کے سرپرستوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں تشریف لائے ہوئے مفتی ابراہیم سکھروی قادری صاحب کا کہنا تھا کہ عالمی مدنی فیضان مدینہ میں طلبہ کا جم غفیر اوران کے سروں پر سجے ہوئے تاج کو دیکھ کر بہت خوشی اور قلبی مسرت حاصل ہوئی جبکہ راولپنڈی سے تشریف لائے ہوئے مولانا محمود غفران سیالوی صاحب نے پاکستان بھر کےجامعات المدینہ سے 1035 طلبائے کرام کو عالم کورس مکمل کروانے پر دعوت اسلامی کو مبارکباد پیش کی۔آپ نے مزید فرمایا کہ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ دعوت اسلامی ہر سال اپنے ریکارڈ میں اضافہ کررہی ہےاور بالخصوص علمی میدان میں دعوت اسلامی دن بدن آگے بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ اسی طرح جامعات المدینہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبائے کرام کے سرپرستوں نے بھی اپنی خوشی کا اظہار کیا اور دعوت اسلامی کی مزید ترقی کے لئے دعائیں کیں۔