23 جنوری 2021ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کو علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول عطا فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سینکڑوں جبکہ بیشتر مقامات ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنت نے پان گٹکاکھانےکےبارےمیں مدنی پھول دیتے ہوئے کہا کہ پان گٹکااچھی چیزنہیں ،اس سےبچنے میں ہی عافیّت ہے،پان میں چُونا بھی ہوتاہے، اس سے پتھری ہوجانے کا اندیشہ ہے ،لوگ منہ میں گٹکارکھ کرسوجاتے ہیں ،جس سےمنہ میں کینسرہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔

مدنی مذاکرے کےمزید مدنی پھول ملاحظہ فرمائیں

سوال:سناہے کہ دُعاقُبول ہونے کےلیے یہ یقین ہونا چاہئے کہ میری دُعاضرور قبول ہوگی ،یہ یقین کیسے حاصل ہو؟

جواب:بتکلُّف یقین بنانے کی کوشش کرے،اس کےساتھ علم بھی ہوناچاہئےکہ دُعاکی قُبولیّت کی کیاکیاصورتیں ہیں مثلاًدُعاکی قُبولیّت یہ بھی ہے کہ جو مانگامل جائے ،اس کے علاوہ بھی دُعاکی قُبولیّت کی صورتیں ہیں مثلاً دُعامانگی ،جومانگانہیں ملامگرکوئی نقصان ہونے والا تھادُعامانگنے کی برکت سے اُس نقصان سے بچ گیا،سب سے اعلیٰ دُعاکی قُبولیّت کی صورت یہ ہے کہ دُنیامیں جومانگانہ ملامگراُسے آخرِت میں ثواب کی صورت میں ذخیرہ کرلیاگیا۔

سوال: کیااسکوٹر(Motor Cycle)چلاتےہوئے نعت شریف پڑھ سکتےہیں ؟

جواب:جی ہاں!نعت شریف اورذکرواذکار پڑھ سکتے ہیں ۔

سوال:یَاحَیُّ یَاقَیُّوْمُ پڑھنے کی کیا برکات ہیں؟

جواب:اللہ پاک کا نام لینے میں برکت ہی برکت اورثواب ہی ثواب ہے، یَاحَیُّ یَاقَیُّوْمُ پڑھنے کی برکت سے مشکل آسان،آفت دُور،بیماری سے شِفااور فاصلے بھی سِمٹ جاتے ہیں ،یہ بہت ہی پیاراوِردہے،بُدھ اورجُمعرات کی درمیانی رات(6 جمادی الاخریٰ1442ھ)تھی ،مجھے اسلامی بھائیوں کے ہمراہ ائیرپورٹ سے گھرپہنچنا تھا،فجرکا وقت کم تھا ،دُھند(Fog)کی وجہ سے گاڑی چلانے والے نے کہاکہ میں آگے نہیں بڑھ سکتاکہ کچھ نظرنہیں آرہا ،پریشانی یہ تھی کہ نمازِ فجرکا وقت ختم ہونےوالاتھا ،کسی مقام پر وضو کرنے کاانتظام بھی مشکل تھا ،ہم نے مل کر یَاحَیُّ یَاقَیُّوْمُ کا وِردشروع کردیا ،حیرت انگیزطورپر دُھند (Fog) دُورہوگئی اورراستہ نظرآنےلگا،دوسری برکت یہ ظاہرہوئی کہ راستہ سمٹ گیا اورہم وقت پر گھرپہنچ گئے،اَلْحَمْدُلِلّٰہ نمازِفجرپڑھنے میں کامیاب ہوگیا ۔ ایک مرتبہ ہم حیدرآبادکی جانب آرہےتھے ،رات کافی گزرچکی تھی فاصلہ کافی تھا،حیدرآبادمیں ایک اسلامی بھائی نے سحری کا انتظام کیاہواتھا،وقت کم تھا ،اسی لیے پریشانی ہوئی کہ سحری نہیں کرسکیں گے ،اس پرمیں نےیہی وِرد کرناشروع کردیا یَاحَیُّ یَاقَیُّوْمُ ،اَلْحَمْدُلِلّٰہ راستہ سمٹ گیااورہم وقت پر حیدرآباد پہنچ گئے ،سُنّت ِسحری کی سعادت بھی نصیب ہوگئی ۔

سوال: دعوتِ اسلامی نوجوانوں کے لیے کیا مصروفیت مہیاکررہی ہے؟

جواب: دعوتِ اسلامی یوں تو بچوں ،بوڑھوں اورتمام عمرکے لوگوں میں دِینی کام کرتی ہے لیکن غالب اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے ،ان کے لیے ہفتہ واراجتماع میں شرکت،مدنی قافلوں میں سفر،نیک اعمال پرعمل ،جامعۃ المدینہ ،مدرسۃ المدینہ ،مدرسۃ المدینہ بالغان اورکئی طرح کے کورسز ہیں جن میں نوجوان داخلہ لے سکتے ہیں ،بعض نوجوانوں میں قِیادت(Leadership) کی صلاحیت ہوتی ہے ،گفتگومیں ٹھہراؤ ہوتاہے، ان پر زیادہ کوشش کرنی چاہئے کہ یہ راہِ سنت پر آجائیں کیونکہ اگریہ دعوتِ اسلامی میں مکمل آجائیں تو دِین کا کام کافی بڑھ سکتاہے۔یادرکھئے! دِین کے لیے جوکام کرتاہے ،دنیا میں بھی وہ بہترزندگی گزارتاہے ،ان شاء اللہ !آخرت بھی سنور جائے گی ،دین کاکام کرنے سے دنیانہیں چُھوٹتی، گناہ چُھوٹتے ہیں ۔

سوال: ہمیں کون سی کِتابوں کا مُطالَعہ کرنا چاہئے ؟

جواب:ہمارے مُعاشرے میں فقہی وشرعی مسائل کے مُطالَعے کا شوق کم ہے ،ضروری شرعی احکام سب کوسیکھنےچاہئیں،میرامشورہ ہے کہ بہارِشریعت اورجس سے ہوسکےفتاویٰ رضویہ کا مُطالَعہ کریں ،عقائدکا علم حاصل کرنا سب سے ضروری ہے،اس کے لیے بہارِشریعت کا پہلاحصہ اورمکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب‘‘ کا مُطالَعہ کریں بلکہ گھول کرپی لیں ،جتنا علم ِدین حاصل کرسکتے ہیں حاصل کریں ۔

سوال:لوگوں کو انگریزی مہینوں کی معلومات تو ہوتی ہیں مگراسلامی مہینوں کی نہیں ،اس کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:افسوس !آج عام طورپر لوگوں کو سب معلوم ہےمگراسلام کےبارے میں معلومات نہیں ،بہت بُری حالت ہے،اسلامی معلومات کی بہت کمی ہے، اسلامی مہینوں اوراسلامی سال کی معلومات ہونی چاہئیں ،تمام اسلامی تہوار(مثلاً حج،زکوٰۃ کی ادائیگی،قربانی وغیرہ)اسلامی سال کے مطابق ہوتے ہیں مگرہمیں یہ معلوم نہیں ہوتے،انگلش مہینے،سال اورتاریخ معلوم ہوتی ہے بلکہ اسلامی مہینوں کے نام بولنے بھی نہیں آتے ،مکتبۃ المدینہ نے اسلامی کلینڈرشائع کیا ہے اس میں اسلامی اورانگلش دونوں تاریخیں لکھی ہوئی ہیں اسے لیں ،اسے دیکھتے رہنے سے اسلامی تاریخوں اورمہینوں کی معلومات ہوتی رہیں گی ،مکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’اسلامی مہینوں کےفضائل ‘‘لےلیں ،اس میں 12 مہینوں کے فضائل ہیں ،بہت پیاری کتاب ہے ،پڑھنے والی ہے ،ہرگھرمیں ہونی چاہئے۔

سوال: دعوتِ اسلامی کا دِینی کام کب شروع ہوا؟

جواب:دعوتِ اسلامی کا دِینی کام 1401ھ مطابق 1981ءمیں شروع ہوا ،جب سے دعوتِ اسلامی بنی ہے کبھی ایک سیکنڈکے لیے بھی پیچھے نہیں ہٹی بلکہ آگے ہی بڑھتی جارہی ہے۔

سوال: اگر کسی دن یہ نیّت کی کہ میرافُلاں کام ہوگیا تو میں فُلاں بُزرگ کےمزارپر جاؤں گا پھروہ نہیں گیا تو کیسا؟

جواب: جانا چاہئے ورنہ بے برکتی ہوسکتی ہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ’’ شانِ صدیق اکبر‘‘پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہنے کیا دُعا دی ؟

جواب:یااللہپاک! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ’’ شانِ صدیق اکبرپڑھ یا سُن لے،اُس کو بے حساب بخش کر جنت الفردوس میں حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کا پڑوس عطا فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم