20مارچ 2021ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کو علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول عطا فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سینکڑوں جبکہ بیشتر مقامات پر ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنت نے سوشل میڈیا پر جواب دینے کے حوالے مدنی پھول دیتے ہوئےفرمایا کہ مجھے یادنہیں کہ میں نےکبھی زندگی میں کسی کو جواب دینے کا کہاہو،میری پالیسی یہی ہے کہ میں کسی کو جواب نہیں دیتا،کیونکہ جواب دیا جائےتو جوابُ الجواب آجائے گا ،اب اس کا جواب دو!اس لیےبہترہے کہ میں جواب دینے کے بجائے کسی کو نمازسکھا دوں۔مجھ سے غلطی نہ ہوایسانہیں ہے ، اگرمجھ سے کوئی غلطی ہوجائےاورآپ کےپاس شرعی دلیل ہوتو مجھے سوشل میڈیا پرسمجھانے کےبجائے ڈائریکٹ سمجھادیا جائے، میں تو رُجوع کرتاہی ہوں آپ کو معلوم ہے ،مجھ سے جواب نہ طلب کیا جائے ،کیونکہ بعض اوقات جواب ہوتاہے مگرہرایک کےسامنے بیان نہیں کیا جاسکتا۔ یہ بھی یادرکھیں کہ جب تک شرعاًواجب نہ ہوسوشل میڈیا پر کسی کونہیں سمجھانا چاہئے۔

مدنی مذاکرے کے مزیدمدنی پھول ملاحظہ کریں:

سوال : والدین فوت ہونے کے بعد بڑے بہن بھائیوں کو اپنے چھوٹے اورغریب بھائی بہنوں کےساتھ کیساسُلُوک کرناچاہئے ؟

جواب :صِلۂ رحمی یعنی رشتے داروں سے اچھاسُلوک کرنا تو واجِب ہے ،والدین کی وفات کے بعداَخلاقی طورپر بڑے بہن بھائیوں کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے ،یہ اُن کی د لجُوئی کریں ،بڑابھائی باپ اوربڑی بہن ماں کی کمی محسوس نہ ہونے دے،یہ مالی طورپر مضبوط ہوں تو چھوٹوں کی مددکریں، بالخصوص غیرشادی شدہ بھائی بہنوں کی شادی کروائیں ،بھائیوں کو کاروبارمیں شریک کرے تاکہ وہ بھی مالی طورپربھی مضبوط ہوں۔جانی مالی ہرطرح سے حُسنِ سُلوک کرنا چاہئے ۔

سوال : روٹی کو چُھری سے کاٹنا کیسا،یہ رزق کی بے ادبی تو نہیں ؟

جواب: چُھری سے کاٹ سکتے ہیں ،یہ رزق کی بے ادبی نہیں ۔

سوال: کم الفاظ پر مشتمل کون سادُرُودشریف ہے؟

جواب:کم الفاظ کے دُرُود شریف (1) صَلَّی اللہ ُعَلٰی مُحَمَّد(2)صَلَّی اللہ ُعَلَی النَّبِیّ(3)صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم ،جوچاہیں پڑھیں ،بُزرگوں نے یہ بھی فرمایاہے کہ صیغے بدل بدل کردُرُودشریف پڑھنا چاہئے ۔

سوال: سب سے افضل دُرُودشریف کون سا ہے ؟

جواب: سب سے افضل دُرُودشریف دُرُودِابراہیمی ہے،البتہ اس میں سلام نہیں ،اس کے ساتھ وہ دُرُودشریف پڑھا جائے جس میں سلام بھی ہومثلاً صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم،قرآن ِ کریم میں اللہ پاک نے دُرُودشریف اورسلام دونوں پڑھنےکا حکم فرمایاہے۔

سوال : آپ کی بات سنتے ہیں تورُوح پر اثرہوتاہے لیکن جب گھرکے کاموں میں مصروف ہوتے ہیں تویہ اثرختم ہوجاتاہے ،اس کا حل ارشادفرمائیں ؟

جواب: جیسی بیماری ویساعلاج ،تھوڑاسابُخارہوتوطبیب کے مشورے سے ایک گولی کافی اوراگرزیادہ ہوتو زیادہ دوالینی پڑتی ہے،بیماری مزیدہوجائے تو ہسپتال میں داخل ہونا پڑتاہے،اسی طرح کانٹاچُبھ جائے توپہلے کانٹانکالناپڑتاہے ،اسی طرح جو زیادہ گنہگارہوتو اسے توبہ کرکے علمِ دین حاصل کرکے نیک اعمال میں مصروف ہوناچاہئے ،دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول سے ہردم وابستہ ہوجائیے، آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم کے پیچھےپیچھے جنّت میں داخل ہوں گے۔ اِنْ شَاۤءَ اللہ

سوال: امیراہلِ سُنّت نے اپنے لڑکپن میں محافل میں شرکت کےبارے میں کیا فرمایا؟

جواب:میں اپنے لڑکپن میں محافلِ ذکر ونعت میں شرکت کرتاتھا ،اس میں جو کلام پڑھا جاتا تھا،میرے دل میں اثرکرتاتھا جس کے دوشعریہ ہیں :

سونے والے رب کو سجد کرکے سو ٭کیا خبراُٹھے نہ اُٹھے صُبح کو

کیا خبر تیری صبح ہو نہیں ٭تو کہیں صبح نہ ہو زیر زمیں

سوال: کرونا وائرس سےبچنے کا کوئی وظیفہ ارشادفرمادیں۔

جواب: کرونا وائرس وبائی مرض ہے ، بعض بزرگوں نے فرمایا:جواللہ کا صفاتی نام’’ یَاحَکِیْمُ‘‘ وباکے دنوں میں 88مرتبہ پڑھے،وہ اُس وبائی مرض سے محفوظ رہے گا۔اِن شاءَاللہ

سوال: امیراَہل سُنّت نےنئے رُکن ِشُوریٰ قاری محمدایازعطاری کے بارے میں کیا فرمایا ؟

جواب:الحاج قاری ایازعطاری چھوٹی سطح سے کام کرکرکے(دُھوم مچاکرشوریٰ میں پہنچے،رکنِ شوری بننے کے لیے ) کام کرنے کے ساتھ ساتھ عقل بھی ہونی چاہئے ، اچھاکردارہو ، باصلاحیّت ہو، اَخلاقی اِعتبارسے کمزورنہ ہو،دیگرمثلاً مالی مسائل بھی نہ ہوں،دُنیا بھرمیں جاسکتاہو، ہم تو اراکینِ شوریٰ کو دوڑاتے ہیں،ہمیں مزدورِ مدینہ چاہئے ۔ ہم نےرُکنِ شوری بنانےکا گیٹ بہت تنگ کردیا ہے،اُسےعہدے کی طلب بھی نہ ہو،کوئی بھی رُکن شوریٰ ایسانہیں ہے، جس نے رُکن شوریٰ بننے کامُطالَبہ کِیا ہو،ہم خود مشورہ کرکے رُکن ِشوری بنانے کا طے کرتے ہیں تاکہ وہ زیادہ دِین کا کام کرسکے۔

سوال: مبلغین ومبلغات نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے لیے کیا الفاظ بولتے رہیں ؟

جواب:مبلغین ومبلغات کو چاہئے کہ وہ گاہے بگاہے نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کےلئے’’اللہ کے آخری نبی ‘‘کے الفاظ کہتے رہیں تاکہ بچے بچے کو معلوم ہوجائے کہ ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم اللہ کے آخری نبی ہیں ۔

سوال: رِسالہ مطالعہ کارکردگی میں کیا اِحتیاط کی جائے ؟

جواب: جو مکمل رِسالہ پڑھے اُسی کی کارکردگی شامل کی جائے،اگرکوئی آیت یاعربی عبارت یا شعرنہ پڑھا ہوتو حرج نہیں ۔

سوال : جو شخص قرآنِ کریم یا دکرے، پھراُسے بُھلادے تو وہ قِیامت کے دِن کس طرح اُٹھایا جائے گا؟

جواب : جوشخص قرآنِ کریم یا دکرے پھراُسے بُھلادے تو قِیامت کےدن اللہ پاک سے کوڑھی ہوکرملے۔ (ابوداؤد،حدیث1474)

سوال: اِس ہفتے کارِسالہدرود شریف کی برکتیں پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ! جو کوئی 16 صفحات کا رسالہدُرود شریف کی برکتیں پڑھ یا سن لے،اُس سے ہمیشہ کے لئے راضی ہوجا اور اس کو مدینۂ پاک میں درود و سلام پڑھتے ہوئے جلوۂ محبوب صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں عافیت کے ساتھ شہادت عطا فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم