19دسمبر کو فیضان مدینہ کراچی میں مدنی
مذاکرے کا انعقاد، امیر اہل سنت نے مدنی پھول ارشاد فرمائے
19دسمبر
2020ءکی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی چینل پر مدنی
مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقان رسول نے شرکت کی۔
مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت حضرت علامہ محمد الیاس
عطار قادری دَامَتْ
بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول ارشاد
فرمائے۔
مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے آپ نے فرمایا: جب
نمازکی اذان ہوجائے تو ہمیں نمازکی تیاری
میں مصروف ہوجانا چاہئے،ہمارے گھرمیں مسجدکا ساماحول ہو،ہمارے بزرگوں کے گھروں کا
یہی حال تھا ،مثلاًجب اذان ہوتی تو مُفسّرِ قرآن مفتی احمدیارخان صاحب رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کے گھر سنّاٹاہوجاتا،مرد مسجدکی جانب روانہ
ہوجاتے اورگھروالے نمازکی تیاری میں مصروف ہوجاتے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اِحسان کرنا اچھا ہے ،اللہ پاک اِحسان کرنے والے کودوست رکھتاہے،اللہ پاک
کی رِضا کے لیے کسی پر اِحسان کرناچاہئے ،اِحسان کرکے جتایا نہ جائے کہ اِحسان
جتانے سے جس پر اِحسان کیا ہواُس کی دل آزاری اوراِیذا(تکلیف)ہوتی
ہے،جس پر اِحسان کیاگیا ہواُسے اِحسان کرنے والے کا شکریہ اداکرنا چاہئے ۔
مدنی مذاکرے کے دیگر چند مدنی پھول بھی
سوالاً جواباً ملاحظہ کیجئے
سوال: بچے پھلوں اورسبزیوں کی طرف رغبت کریں ،اس کے لیے کیا طریقہ اختیار کیا
جائے ؟
جواب: پھل اور سبزیاں صحت کے لیے بہت ہی مفیدہیں اوربیماریوں سے حفاظت کا باعث
ہیں ،علاج بھی غذاکے ذریعے ہونا بہترہے جہاں دوا کام نہ دے وہاں پھل اورسبزیوں سے
علاج کارگرہوتاہے ،بچوں کو چاکلیٹ اورٹافیاں نہ کھلائی جائیں کیونکہ ان سے بھوک
مرجاتی ہے ،جتنا ممکن ہوان چیزوں سے بچوں کوبچائیں ،خودبھی بچیں ،پھل کھانے کے فوائدکیسے ہوتے ہیں آپ تجربہ کرکے
دیکھ لیں ،جب آپ کو تھکاوٹ ہوتو ایک کیلاکھا لیں ان شاء اللہ آپ کی تھکاوٹ دُورہوجائے گی ۔
سوال:خون (Blood)کی کمی ہوتوکون سا وظیفہ
کیاجائےکہ خون بڑھ جائے؟
جواب:دُرُودِتاج دن میں کم ازکم 1 باریا 3 بارپڑھ کر پانی پر دَم کرکے پی لیں،
تاحصولِ شفااس طرح کرتےرہیں ، کچھ ہی دن بعدرزلٹ بہتر آجائے گا۔ اِنْ شاۤء اللہ۔(دُرودِ تاج مکتبۃ المدینہ کی کتاب مدنی پنج سورہ
کے صفحہ نمبر 176پر ملاحظہ کیجئے)
سوال: بیان وغیرہ میں مکتبۃ المدینہ کی مختلف کتب و رسائل کی ترغیب دلاتے ہوئے کیا حکمتِ عملی اختیارکی
جائے؟
جواب: ہوناتویہ چاہئے کہ سارے کا
سارامکتبۃ المدینہ گھرمیں سماجائے مگر لوگوں کی موجودہ حالت کو پیشِ نظررکھتے
ہوئے ایک وقت میں ایک ہی چیزکی بھرپور
ترغیب دلائی جائے ،اگرایک وقت میں دوتین چیزوں کی ترغیب دلائیں گے تو ہوسکتاہے
کہ سننے والےاُلجھاؤ(Confusion) کا
شکارہوجائیں اورتینوں کو نہ لیں ۔
سوال:مریض ناسازحالت میں کیاپڑھے ؟
جواب:چالیس (40)مرتبہ آیتِ کریمہ لَاۤ اِلٰـهَ اِلَّاۤ اَنْتَ سُبْحَانَكَ اِنِّيْ كُنْتُ مِنَ
الظَّالِمِيْنَ پڑھ لے ،زبان نہ چلے تو دل ہی دل
میں اللہ پاک کو یادکرتارہے ۔
سوال:بعض اوقات بیماری میں مالی صدقہ کرنے کا ذہن بنتاہے ،آپ کیا فرماتے ہیں
بیماری میں ہی صدقہ کردینا چاہئے یا شفاہونے کے بعدکرنا چاہئے؟
جواب:مالی صدقہ نفس کو بہت گِراں یعنی مشکل ہوتاہے ،اس لیے جیسے ہی نیّت اورذہن
بنے تو فوراًمالی صدقہ کرڈالنا چاہئے ۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ” وضو کا ثواب “پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟
جواب:یا اللہپاک! جو کوئی رسالہ ”
وضو کا ثواب “ کے 17 صفحات پڑھ یا سُن لے اس کا نامۂ اعمال گناہوں
سے پاک کردے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم