16جنوری 2021ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی چینل پر مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقان رسول نے شرکت کی۔

مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کریں:

سوال:کیا لفظ"اللہ" پڑھ کر کسی کودم کریں تو اس سے فائدہ ہوتاہے؟

جواب: جی ہاں ! الفاظ میں بھی اثرہوتاہے ،اللہ پاک کانام لے کریا قرآنِ کریم پڑھ کرکسی کودم کریں تو اس کی برکت بھی حاصل ہوگی ۔

سوال: گھرمیں پھل یا کھلونے(Toys) لائیں توکیا کریں ؟

جواب: چھپا کر لائیں تاکہ غریب ہمسائےکے بچے ضد کرکے اپنے ماں باپ کو تنگ نہ کریں ،یوں ہمسائے کوتکلیف نہ ہو،مگرآجکل تو لوگ اپنی چیزوں کی نمائش کرتے اوراپنے گھروں کو سجاتے ہیں۔ہوٹل میں جائیں تو جیب سے نیانوٹ نکالیں گے ،اللہ کرےہمیں قناعت کی دولت ملے اورسادگی نصیب ہو۔

سوال: کسی مسلمان کی بُرائی کرنے میں کیانقصان ہے؟

جواب:کسی مسلمان کی بُرائی کرنے میں کوئی فائدہ نہیں ،یہ بہت بُری عادت ہے،یہ غیبت بھی ہے جوکہ بہت بڑاگُناہ ہے ، اس کی بہت تباہ کاریاں ہیں ،جس کی بُرائی کی جائے ،اس کے اوراس کی اولاد کے دل میں بُرائی کرنے کی نفرت پیداہوجاتی ہے ،اس بُری عادت کی وجہ سے دلوں میں کینہ، نفرت،بغض اورکئی بُرائیاں پیداہورہی ہیں ۔

سوال: نمازمیں چھینک کس کی طرف سے ہے؟

جواب: نمازمیں چھینک آنا شیطان کی طرف سے ہے۔

سوال:لوگوں کےسامنے کانوں میں اُنگلیاں ڈالناوغیرہ ایسی عادات کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:لوگوں کےسامنے کانوں میں اُنگلیاں ڈالنا،باربارناک صاف کرناوغیرہ ایسی عادتوں سےعزّت و وقارمیں کمی واقع ہوتی ہے ،اس سے دوسروں کو گِھن بھی آتی ہے ،اگرکسی کی عادت بن گئی ہوتو سنجیدہ ہوکراسے نکالنے کی کوشش کرے۔

سوال:دعوتِ اسلامی کی ابتدامیں جب آپ کاوفد(Delegation) دیگرشہروں میں جاتاتھا تو آپ کہاں ٹھہرتے تھے؟

جواب:جب دعوتِ اسلامی شروع ہوئی تو ہم عاشقانِ رسول کےدارالعلوم اورمدارس میں ٹھہرتے تھے،پشاور(یکہ توت)میں پیرمحمدچشتی صاحب کے مدرسے میں، سکھرمیں مولانا محمدحسین رضوی صاحب کے مدرسے میں اورسیالکوٹ میں بھی کسی مدرسے میں ۔یہ اسلام کے قلعے ہیں ،ان کی آن بان شان ہے، معاشرے سےانہیں نکالا نہیں جاسکتا،ان دارالعلوم،مدارس و جامعات میں علمااورائمہ بنائے جاتے ہیں اگریہ ختم ہوجائیں توقوم کو مساجدکے ائمۂ کرام کیسے مل سکیں گے؟ لوگوں کوان کے ساتھ مالی تعاون کرنا چاہئے۔اللہ پاک انہیں مزیدآبادفرمائے۔

سوال:فتاویٰ رَضویہ پڑھنے کے لیے کیاکرناچاہئے ؟

جواب:جس نے فتاویٰ رَضویہ کی تیس جلدیں(30 Volumes) پڑھیں تواُس نےکمال کیا ،ابتدامیں وہ جِلدیں پڑھیں جو روزمرہ کے مسائل پر مشتمل ہیں( جسے عربی میں الْحَضْرُوَالْاِبَاحَۃکیا جاتاہے ۔فتاوٰی رضویہ کی جلد21تا24انہی مسائل پرمشتمل ہے)مطالَعہ کے ساتھ ساتھ علماسےپوچھنے کی حاجت ہوگی ،بلکہ کوئی بھی مسائل کی کتاب ہواس کوپڑھنے کے ساتھ ساتھ علماسے رابطہ ضروری ہے ،علماسے پوچھ پوچھ کر آگے بڑھیں۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ’’صابر بوڑھا‘‘پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہنے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا ربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ” صابِر بوڑھاپڑھ یا سُن لے اسے مصیبتوں پر صبر کرنے کا حوصلہ عطافرما، اس کو پُل صراط سے سلامتی کے ساتھ گزار اور اس کی بے حساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم