13 رجب کو ہونے
والے مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنت کے علم و حکمت بھرے مدنی پھول
13 رجب المرجب
1444ھ بمطابق 4 فروری 2023ء بروز ہفتے کی شب عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ
اسلامی کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرہ منعقد ہوا جس
میں شہرِ کراچی کے مختلف علاقوں سے عاشقانِ رسول نےفیضانِ مدینہ کراچی آکر جبکہ
دیگر شہروں اور ملکوں سے کثیر اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔
اس مدنی مذاکرے میں
عاشقانِ رسول کی جانب سے مختلف موضوعات پر سوالات کئے گئے جس کے امیرِ اہلِ سنت
حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت سے بھرپور جوابات
ارشاد فرمائے۔
ان سوال و جواب میں سے
بعض درج ذیل ہیں:
سوال:اولیائے کرا م رحمہم اللہ
علیہم کے
مزارات پر حاضری دینے کا کیا طریقہ ہے؟
جواب:قدموں کی طرف سے حاضرہوں
،پُشت قبلے کی جانب اورچہرہ ولی اللہ کے مزارکی جانب ہو،پھرسلام عرض کریں، ہاتھ اٹھا کر کچھ کلام مثلاً فاتحہ پڑھ کر انہیں
ایصالِ ثواب کریں اور اللہ پاک سے دعا کریں۔
سوال:گناہوں سے کیسےبچا
جائے؟
جواب:گناہوں سے بچنے کے لئے سب
سے پہلے تمام گناہوں سے توبہ کریں،گناہوں کے عذابات اورگناہوں سے بچنے کے فضائل کا
مطالعہ کیجئے۔
سوال:نظرِبداوردیگربیماریوں سے
بچنے کا کوئی وظیفہ ارشاد فرمادیجئے؟
جواب:سورۂ فاتحہ 41 بارپڑھ کر
کسی بھی مریض کو یا خودمریض ہوں تو اپنے اوپردم کرلیں ،پانی پر دم کرکے بھی پیتےرہیں، اِنْ شآءَ اللہُ الکریم فائدہ ہوگا۔
سوال:اہلِ سنت وجماعت کہاجائے یا
اہلسنت والجماعت؟
جواب:اہلِ سنت وجماعت کہاجائے، ہمارے علما اسی طرح کہتے ہیں۔
سوال:غوثِ پاک حضرت شیخ
عبدالقادرجیلانی رحمۃ اللہ علیہ کو گیارہویں
والا پیرکیوں کہتے ہیں؟
جواب:آپ کاوصال 11 ربیع الاخرکو
ہوا،اس وجہ سے گیارہویں والا پیر مشہورہوگئے اورانہیں اس طرح کہنے میں حرج بھی نہیں۔
سوال :سفروحضرمیں نمازقضا نہ ہو،اس کے لئے کیا کریں؟
جواب :نمازپڑھنے کاجذبہ مل جائے اوربندہ نمازپڑھنے کے
معاملے میں سنجیدہ (Serious) ہو جائے تو نمازقضا نہیں ہوگی۔ اِنْ شاۤءَ اللہُ الکریم۔
سوال:فیضانِ قرآن ڈیجیٹل پین (Faizan e Quran Digital Pen) لینے اور تقسیم کرنے
والوں کوامیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیادُعادی؟
جواب:یااللہ پاک !جو فیضانِ قرآن ڈیجیٹل پین اپنے گھرمیں بسائے، اسے خریدے اورتحفے میں
دے، علمائے کرام کو پیش کرے، ائمہ کرام کو دے، اپنے دوستوں اوررشتہ داروں کو پیش
کرے، اپنے سسرال کودے، شادیوں میں جوتحفے دئیے جاتے ہیں اس کی جگہ یہ تحفہ دے، یااللہ پاک !جوجس طرح بھی اسے آگے بڑھائے،اس کوفیضانِ قرآن سے مالامال کر۔اس کی، اس کے ماں باپ اورآل
اولادکی بے حساب مغفرت کردے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبِیِّیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
سوال:سردی کی وجہ سے ہفتہ واراجتماع میں شرکت میں
سُستی ہوتو کیا کریں؟
جواب:افضل ترین عمل وہ ہے جس میں
زحمت زیادہ ہو، جو عمل دنیا میں جتنا مشکل ہوگا، میزانِ عمل میں اتناہی وزن
دارہوگا، ان فضائل پرنظر رکھیں، سخت سردی اورسخت گرمی میں ہفتہ واراجتماع میں حاضر
ہوتے رہیں اور ہفتہ واراجتماع میں ہی رات گزاریں۔
سوال:رمضان شریف آنے سے
پہلےرمضان کی تیاری کیسے کریں؟
جواب:جتنا ممکن ہونفل روزے رکھیں
اوریہ نیت کریں کہ ماہِ رمضان کے سارے روزے رکھوں گا۔ اِنْ شاۤءَ
اللہُ الکریم
سوال:کیا اسلامی بہنیں بھی مفتیہ بن سکتی ہیں؟
جواب:جی ہاں! مفتیہ بن سکتی ہیں، اُمُّ المؤمنین حضرت
عائشہ صدیقہ رضی اللہ
عنہا بہترین
مفتیہ تھیں، کراچی میں دعوتِ اسلامی کے تحت اسلامی بہنوں کا مفتیہ کورس شروع ہوگیا
ہے۔
سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ”افضل ترین اعمال“ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت مدظلہ العالی نے کیا دُعا دی؟
جواب:یارَبَّ المصطفٰے!جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”افضل ترین اعمال“ پڑھ یا سُن لے اُس کو پانچوں نمازیں باجماعت پہلی صف میں ادا کرنے کی توفیق دے اور اس کی بے حساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبِیِّیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم