عاشقانِ رسول کو عشقِ رسول کا جام پلانے والی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہر سال عید میلاد النبی ﷺ نہایت جوش و خروش سے منائی  جاتی ہے۔ اس سال بھی ربیع الاول کا چاند نظر آنے سے قبل ہی عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کو دلہن کی طرح سجادیا گیا ہے، جس کا رات کے وقت منظر قابلِ دید ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز میں یکم ربیع الاول سے عشاء کے بعد مدنی مذاکروں کا سلسلہ بھی شروع ہوچکاہے جو 13 ربیع الاول تک جاری رہے گا۔

گزشتہ روز 2 ربیع الاول 1441 ہجری کو مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس کے آغاز میں بانیِ دعوتِ اسلامی مولانا محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اور عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد نے مرحبا یا مصطفےٰ کے نعروں کی گونج میں جلوسِ میلاد نکالا۔ جلوس کے بعد امیر اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔ مدنی مذاکرے میں کراچی کے مختلف علاقوں سے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ بالخصوص گلشن معمار، گڈاپ، نوری آباد اورٹھٹھہ سمیت سات کابینہ سے عاشقان رسول شریک ہوئے۔

واضح رہے!مدنی مذاکرے کے بعد خصوصی مدنی مذاکرے کا بھی اہتمام ہوا جس میں عاشقان رسول نے امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی صحبت سے فیض پایا اور ملاقات کی سعادت بھی پائی۔