تلاوتِ قرآن کے فضائل

Tue, 25 Feb , 2020
4 years ago

قرآنِ پاک اُس ربِّ کریم عَزَّوَجَلَّ کا بے مثل کلام ہے جو ساری کائنات کا حقیقی مالک ہےاور اس نے اپنا یہ کلام حبیبِ بے مثال صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر نازل فرمایاتاکہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کفر و شرک میں بھٹکے ہوئے لوگوں کو صراطِ مستقیم دکھائیں۔ یقیناً قرآنِ مجید پڑھنے اور پڑھانے کے بے شمار فضائل ہیں جیساکہ نبیِّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:خَیْرُ کُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُراٰنَ و َعَلَّمَہٗ یعنی تم میں بہترین شخص وہ ہے جس نے قرآن سیکھا اور دوسروں کو سکھایا۔(بخاری)

تلاوتِ قرآن ایک بہت ہی عظیم عبادت ہے۔وہ اس طرح کہ قرآنِ پاک پڑھنا ہو یا پڑھانا ،سننا ہو یا سنا نا سب ہی ثواب کے کام ہیں۔اور تلاوتِ قرآن میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ بندہ حرف ایک پڑھتا ہے لیکن ثواب اسے دس نیکیوں کا ملتا ہے۔ چُنانچِہ نبیِّ رحمت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمان ہے:”جو شخص کتابُ اللہ کا ایک حَرف پڑھے گا، اُس کو ایک نیکی ملے گی جو دس کے برابر ہوگی۔ میں یہ نہیں کہتا الٓمّٓ ایک حَرف ہے، بلکہ اَلِف ایک حَرف ، لام ایک حَرف اور میم ایک حَرف ہے۔“(ترمذی، 4/417، حدیث:2919)

تلاوت کی توفیق دیدے الہٰی گناہوں کی ہو دور دل سے سیاہی

یقیناً قرآنِ مجید کو جُزدان و غلاف میں رکھنا ادب ہے۔ صَحابہ و تابِعین کے زمانے سے اس پر مسلمانوں کا عمل ہے۔ لیکن آج کل تو حالت اتنی عجیب و غریب ہے کہ قرآنِ مجید کو تو لوگوں نے صرف تبرکاً گھر میں رکھا ہوا ہے،پڑھنا تو دور کی بات ہے کبھی کبھار اس مقدس کتاب کے اوپر آئی ہوئی غبار بھی صاف کر لی جائےتو غنیمت ہے۔ ایک مرتبہ کسی گھر میں جانا ہوا، اتفاقاً قرآنِ پاک پڑھنے،پڑھانے کی بات چلی تو میں نے ویسے ہی سوال کر لیا کہ آپ میں سے کتنوں نے قرآنِ مجید ناظرہ پڑھا ہوا ہے ؟ تو آپ یقین کریں کہ اُس وقت اُس گھر میں جو بھی موجود تھے سب کا جواب نفی میں تھا،حالانکہ مسجد اُن کے گھر کے بالکل سامنے تھی۔قرآنِ مجید تو ربِّ کریم کی ایسی لاجواب کتاب ہے کہ جو کل بروزِ قیامت شفاعت بھی کرے گی اور جنت میں بھی لے کر جائے گی چنانچہ حضرتِ سیِّدُنااَنَس رضی اللہ عنہ سے رِوایت ہے کہ رسولِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کافرمانِ معظَّم ہے: جس شخص نے قراٰنِ پاک سیکھا اور سکھایا اور جو کچھ قراٰنِ پاک میں ہے اس پر عمل کیا ، قرآن شریف اس کی شفاعت کریگااور جنّت میں لے جائے گا۔(معجم کبیر، 10/198،حدیث:10450)

لہٰذا اپنے بچوں کو فضائلِ قرآن بتائیں،انہیں قرآنِ پاک حفظ کروائیں کیونکہ اللہ عَزَّوَجَلَّ زمین والوں پر عذاب کرنے کا ارادہ فرماتا ہے لیکن جب بچّوں کو قراٰنِ پاک پڑھتے سنتا ہے تو عذاب کوروک لیتا ہے۔(دارمی،2/530، حدیث:3345)

ہو کرم اللہ! حافِظ مدنی مُنّوں کے طفیل جگمگاتے گُنبدِ خضرا کی کرنوں کے طفیل

تو جو افراد قرآنِ پاک پڑھے ہوئے ہیں وہ تو آج سے نیت کر لیں کہ روزانہ کچھ نا کچھ قرآنِ پاک ضرور پڑھیں گے اور جو قرآنِ پاک نہیں پڑھے ہوئے تو ان کو دعوتِ اسلامی مہیا کر رہی ہے ایک بہت ہی اچھا پلیٹ فارم:وہ ہے بڑوں کے لیے مدرسۃ المدینہ بالغان اور بچوں کے لئے مدرسۃُ المدینہ للبنین و للبنات۔اللہ پاک ہمیں خوب خوب تلاوتِ قرآن کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔