لوگوں کے دینی و شرعی مسائل حل کرنے اور اُن کی اخلاقی تربیت کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 20 دسمبر 2023ء کو جامعۃ المدینہ بوائز فیضانِ مدینہ جوہر ٹاؤن لاہور میں تخصصات آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں دورۂ حدیث شریف کے طلبۂ کرام شریک ہوئے۔

معلومات کے مطابق اس سیشن میں دارالافتاء اہلسنت کے مفتی محمد ساجد عطاری مدنی نے تخصص کرنے کی اہمیت و ضرورت کیا ہے؟ اس حوالے سے طلبۂ کرام کی ذہن سازی کی اور اس کے فوائد و ثمرات بتائے۔

دورانِ سیشن مفتی محمد ساجد عطاری مدنی کا کہنا تھا: لوگوں کے لئے بہتر شرعی رہنما بننے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے درسِ نظامی میں پڑھے ہوئے علوم کو up to date رکھیں۔ موجودہ زمانے میں پیش آنے والے نئے سے نئے مسائل پر ہماری نظر ہونی چاہیئے۔ ہمیں ان مسائل کا اور لوگوں کے درمیان رائج اصطلاحات و عقود و معاملات کا ادراک ہونا چاہیئے تاکہ ہم سے جب کوئی موجودہ زمانے کا مسئلہ پوچھے تو ہمیں اس کی بنیادی معلومات پہلے سے معلوم ہوں اور ہم اس کی رہنمائی کر سکیں۔

مفتی محمد ساجد عطاری مدنی کا مزید کہنا تھا کہ درس نظامی میں پڑھے گئے علوم کے انطباق (implementation) کا فن ہر طالب علم کو آنا چاہیئے۔ یہ دونوں چیزیں ہمیں تخصص کرنے سے حاصل ہوتی ہیں۔ ہمارا علمup to date بھی ہوتاہے اور انطباق کا فن بھی آجاتا ہے اس لئے طلبۂ کرام کو تخصص ضرور کرنا چاہیئے۔

علاوہ ازیں مفتی محمد ساجد عطاری مدنی نے دعوت اسلامی کے جامعات المدینہ میں ہونے والے تخصصات بالخصوص تخصص فی فقہ الحلال و تخصص فی الاقتصاد الاسلامی کا تفصیلی تعارف کروایا اور موجودہ زمانے میں اس کی اہمیت پر گفتگو کی جبکہ تخصص کا نظام (system) اور کلاسوں کی ترتیب وغیرہ پر طلبۂ کرام کو بریفنگ دی۔ بعدازاں تخصصات میں داخلے اور سسٹم سے متعلق طلبۂ کرام نے سوالات کئے جس کے احسن انداز میں جوابات دیئے گئے۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)