نیا سال نئی اُمیدیں،
نئی سوچ اور نئے تجربات لے کر آتا ہے، ہر
گزرتا ہوا لمحہ نئے سال کی طرف بڑھنے کی ایک نوید سناتا ہے، جو وقت گزر گیا وہ دوبارہ آ نہیں سکتا، مگر جو آنے والا ہے، اس کو بہتر بنانے کے لئے کاوش ضرور کی جا سکتی
ہے، نیا سال ایک طرح کا نیا امتحان ہوتا ہے،ہر اس غلطی کو سُدھارنے کا ایک موقع جو
کسی نہ کسی طرح جانے اَنجانے میں گزشتہ سال ہو گئی، ہر اس بُرائی کو ختم کرنے کا ایک موقع ہوتا ہے، جو کسی نہ کسی طرح ہماری زندگیوں کا حصّہ بن گئی
ہے۔ہماری زندگی اور اس کا گزرتا ہواوقت ویسے تو ہمیں آخرت کی طرف لے جا رہا ہے، نئے
سال کے آغاز کےساتھ زندگی کا ایک سال کم
ہو جاتا ہے، مگر ہمارے ہاں اس کو نیا سال
کہا جاتا ہے، مگر افسوس!اس طرف دھیان بہت
کم جاتا ہے کہ جو بیت گیا، وہ بھی تو نیا
تھا مگر ہائے! ہم نے اس کو صحیح استعمال نہ کیا، ہم اچھائیاں نہ کر پائیں، سچ اور انصاف نہ کر
پائیں، خود کو بُرائیوں سے بچا نہ پائیں ۔نیا
سال اگر گزارنا ہے تو خود کو سنتوں کا پابند بنا لیجئے، ہر حال میں خود کو سنتِ مصطفے کا پیروکار بنا لیجئے،
اس آنے والے سال میں اگر کوئی عہد کرنا ہی
ہے تو یہ کیجئے کہ میری ذات سے میرے کسی مسلمان بھائی یا بہن کو تکلیف نہیں پہنچے
گی، میری ذات صرف اور صرف دوسروں کی بھلائی اور ان کے کام کے آنے میں صرف ہو گی،
نہ کہ چالاکیوں اور جھوٹ، غیبت،حسد کا شکار ہو کر نئے سال میں بھی خود کو دوسروں
اور سب سے بڑھ کر پیارے پیارے آقا، مدینے
کے والی، نبی آخر الزمان صلی اللہُ علیہ
واٰلہٖ وسلم کے سامنے شرمسار ہو گی، نیا سال دراصل اللہ پاک کا ہم پر احسان ہے کہ اس نے ہمیں اپنے اعمال کو اچھا اور
مثبت کرنے کا ایک موقع عطا فرما دیا ہے۔لہٰذا اس سال خود کو دنیاوی تمام بُرائیوں
سے بچا کر اپنی آخرت کا ثواب بڑھانے کی
کوشش کیجئے۔اپنی ذات کو صرف اور صرف دوسروں کے لئے خیر کا ذریعہ بنائیے،جو (اچھا کام)خود کو آتا ہے وہ
دوسروں کو سکھائیے، کیونکہ علم بانٹنے سے
بڑھتا ہے۔ کہاوت ہے:اگر تمہارے چراغ میں روشنی کم پڑھنے لگے تو اپنے دئیے کا کچھ تیل
دوسرے دیئے میں ڈال دو، ہو سکتا ہے اس کی
چمک سے تمہاری چمک بھی چمک اُٹھے۔ سال 2021 کے تلخ تجربات سے سبق حاصل کر کے سال
2022 کو روشن اور مزید مثبت بنائیے، اپنا زیادہ سے زیادہ وقت دینی کاموں میں صرف کیجئے،
نماز، روزہ، زکوۃ تو کرتی ہیں، مگر اس میں
مزید خشوع خضوع پیدا کیجئے، قرآنِ پاک کی تلاوت کو اپنی زندگی کا لازمی جُزو بنائیے،
کیونکہ دنیا کی کوئی بھی کتاب ہمیں وہ علم
اور معلومات نہیں دے سکتی، جو اللہ پاک
نے اپنی اس مقدس کتاب میں لکھ دیا ہے، جو روزِ روشن کی طرح عیاں ہے اور اس میں ہمارے
تمام مسائل کا حل ہے۔ بے شک اس میں نشانیاں ہیں عقل مندوں کو۔ (پ14، النحل:12)