محترم قارئینِ کرام! جب آپ سال کی منصوبہ بندی کرتی ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے
کہ آپ وقت کی منصوبہ بندی کرتی ہیں، سال 2022 کیسے گزارنا ہے؟یہ جاننا اتنا اہم نہیں
ہے، جتنا یہ جاننا اہم ہے کہ آج کا دن اور آنے والا لمحہ کیسے گزارنا ہے، تبھی رسول اللہ صلی
اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کی حدیثِ مبارکہ ہے:(آخرت کے معاملے میں) گھڑی بھر غوروفکر کرنا 60 سال کی عبادت سے بہتر ہے۔(جامع صغیرللسیوطی،
ص 365،حدیث: 5897)جب لفظِ آخرت آتا ہے تو اس سے دینی اور دُنیاوی دونوں
معاملات مراد ہوتے ہیں،لہٰذا حدیث ِ مبارکہ سے پتا یہ چلا کہ زیادہ اہم یہ ہے کہ
آپ لمحۂ موجودہ کس طرح گزارتی ہیں، لہٰذا ایک لمحے کو بھی اچھا گزارنا سیکھیں اور
آپ اچھا سال،دن یا لمحہ اس وقت گزار سکتی ہیں، جب آپ میں پہلے سے اچھا، نیا اور
بہتر کر کے دکھانے کا جذبہ اور سوچ ہو، اس لئے کہا جاتا ہے:زندگی صدیوں، سالوں اور
مہینوں میں نہیں بدلتی، بلکہ اس لمحے بدل جاتی ہے، جب آپ اسے بدلنے کا فیصلہ کرتے
ہیں۔ لہٰذا سب سے پہلے تو یہ فیصلہ کریں کہ آنے والے لمحوں میں کیا کیا نہیں کرنا،
اگر یہ معلوم ہو جائے کہ کن راستوں پر نہیں چلنا تو ان راستوں کی پہچان زیادہ آسان
ہو جاتی ہے کہ جن پر چلنا ہوتا ہے۔اس لئے آقا صلی اللہُ علیہ
واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:آدمی کے اسلام کی ایک خوبی بے مقصد کام کو چھوڑ دینا ہے۔ (اربعین نووی،
حدیث: 12، ص 45)لہٰذا جو بھی planning (منصوبہ بندی) کریں، اس میں دین
اور دنیا کا کوئی مقصد ضرور ہونا چاہئے۔ جیسا کہ خود کو اچھا انسان بنائیں، اپنی
صحت، اخلاق پر بھرپور توجہ دیں، کئی گناہوں مثلاً جھوٹ،تکبر اور بُرے اخلاق یا
نمازوں میں سستی ہو تو دور کرنے کی کوشش کریں،وہ اس طرح کہ ہر مہینے ایک بُری عادت
کو لیجئے اور یہ نیت کر لیں کہ اس عادت کو مجھے خود سے نکالنا ہے۔ اسی طرح جو
عادات اچھی ہوں مثلاًنفلی نمازیں، روزے، عاجزی، سلام و مصافحہ، شفقت اور برداشت کی
عادت کو لیجئے اور پورا مہینا مسلسل اسے کرتی جائیں تو وہ عادت آپ کے مزاج کا حصّہ
بنتی چلی جائیں گی، اسی طرح اپنے دنیاوی اور معاشرتی معاملات چاہے وہ خاندان سے ہو
یا سہیلیوں سے،انہیں بہتر بنانے اور ان کی تربیت پر بھی توجّہ دیں۔ایک بات یاد رکھیں!جب
بھی کوئی چیز plan کریں۔آغاز ہمیشہ چھوٹے سے یا تھوڑے سے کریں، مگر کریں مسلسل،تا کہ
کامیابی بڑی ملے، کامیابی کی طرف اُٹھایا جانے والا پہلا قدم مشکل ہوتا ہے، مگر یہ
یاد رکھیں! مشکل آسانی ضرور لاتی ہے۔آخر میں دعا ہے کہ اللہ پاک سال 2022 کو دینی اور
دنیاوی دونوں لحاظ سے عافیت کے ساتھ گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔امین بجاہ النبی
الامین صلی
اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم