اسلامی تعلیمات میں نمایاں بات یہ ہے کہ
ہر سال کی ابتدا میں اللہ کریم
کی بارگاہ سے دستِ سوال دراز کیا جاتا ہے ، ہمیں سال کی ابتدا اچھے طریقے سے کرنی چاہیے
تاکہ پورا سال ہم پر برکتیں اور رحمتیں نازل ہوں اور ہمارا سارا سال گناہوں سے بچتے
ہوئے عبادتوں میں گزرے اور ہمارا یہ سال 2022 آنے والے تمام سابقہ سالوں سے بہترین
انداز میں گزرے ۔ لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی روزمرہ معاملات میں ان کاموں کو شامل
کریں تاکہ ہمارا سال 2022 گناہوں سے دور نیکیوں میں گزرے ۔1۔پنج وقتہ نماز:نماز دینِ اسلام
کے بنیادی ارکان میں سے ہے ، اس کی فرضیت قرآن و سنت اور اجماعِ امت سے ثابت ہے۔ یہ
شبِ معراج کے موقع پر فرض کی گئی ، قرآنِ کریم میں کئی مقامات پر نماز کا ذکر آیا ہے
: وَ اَقِیْمُوا الصَّلٰوةَ
وَ اٰتُوا الزَّكٰوةَ وَ ارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِیْنَ0(پ1،البقرہ : 43)نیز کئی اَحادیثِ نبوی میں بھی نماز کی
تاکید آئی ہے۔تو آئیے! نیت کرلیتی
ہیں کہ 2022 میں ہماری کوئی نماز قضا نہیں ہوگی ۔2۔تلاوتِ قرآنِ پاک:قرآنِ
مجید اسلام کی بنیادی کتاب ہے۔تلاوتِ قرآن کی فضیلت احادیث کی روشنی میں واضح ہے:حضرت
عثمان بن عفان رَضِیَ اللہُ عنہ سے روایت ہے:رسول اللہ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:تم
میں سب سے بہتر وہ ہے جو قرآن سیکھے اور اسے سکھائے۔ (بخاری،3/410،حدیث:5027) ہمیں اولیائے کرام
رحمۃُ اللہِ علیہم کی
سیرت پر عمل کرتے ہوئے قرآنِ پاک کی تلاوت کو روزانہ کا معمول بنالینا چاہیے اور اس
کا فیض حاصل کرنا چاہیے۔3۔درود شریف:محمدِ مصطفےٰ صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ
وسلم
کی مقدّس ذات پر دُرود شریف بھیجنا ایک مسلمان کے لئے بہت بڑی نعمت ، اعزاز اور خوش
قسمتی کی بات ہے۔ درود شریف کی فضیلت احادیثِ مبارکہ سے بھی ثابت ہے۔نبی اکرم صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ
وسلم
نے ارشاد فرمایا:تمہارے دنوں میں سب سے افضل دن جمعہ کا دن ہے ، اس دن کثرت سے درود
پڑھا کرو، کیونکہ تمہارا درود مجھے پہنچایا جاتا ہے۔ (ابوداود،1/391،حدیث:1047)آئیے! نیت کرتی
ہیں کہ 2022 میں درود شریف کی کثرت کریں گی
۔4۔دینی کتب کا مطالعہ:ہمیں
2022 میں دینی کتب کا زیادہ سے زیادہ مطالعہ کرنا چاہیے۔مطالعہ اور علم کی اہمیت کو
اجاگر کرتے ہوئے اللہ پاک نے اپنے سب سے پہلے پیغام میں فرمایا : اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِیْ خَلَقَ
ۚترجمۂ
کنزالایمان:پڑھو اپنے رب کے نام سے جس نے پیدا کیا ۔مطالعے کی بہت
اہمیت ہے،دینی مطالعہ ذہنی و اخلاقی تربیت کا اہم ذریعہ ہے،مطالعہ کی عادت انسان کو
بہت ساری بے فائدہ مصروفیات سے بچالیتی ہے۔ ایک شاعر کا قول ہے:حصول
ِعلم ہے ہر اک فعل سے بہتر۔دوست نہیں ہے کوئی کتاب سے بہتر۔اس کے علاوہ یہ بھی نیت
کرلیتی ہیں کہ 2022 میں جھوٹ،غیبت،چغلی،وعدہ خلافی،گانے باجے،حسد،تکبر،ماں باپ کی نافرمانی
، رشتےداروں سے قطعِ تعلق ، نیز ہر صغیرہ کبیرہ گناہ سے بچیں گی ۔ذرا غور کیجئے! ایک
سال میں 31،536،000 سیکنڈز ہوئے ، تو 2021
میں 31،536،000 سیکنڈز کا ہم نے کہاں استعمال کیا؟وقت مفت ہے لیکن یہ قیمتی ہے۔خیر
ماضی تو گزر گیا آئیے! اب وقت کا صحیح استعمال کرتے ہوئے نیت کرلیں کہ سال 2022 کو
گناہوں سے بچتے ہوئے نیک کاموں میں گزاریں گی۔ایک مشہور مقولہ ہے:وقت کے پاس بھی اتنا
وقت نہیں کہ گیا وقت آپ کو دوبارہ وقت دے ۔آئیے!ہم نیت کرلیتی ہیں کہ اپنے وقت کو قیمتی
جانتے ہوئے اس سال کو ایسے گزاریں گی کہ بروزِ قیامت اپنے اس وقت پر شرمندگی اور ندامت
کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔