(1) جماعت کے ساتھ منسلک رہنا: حضرت حارث اشعری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:میں بھی تم لوگوں کو پانچ چیزوں کا حکم دیتا ہوں ۔ جن کا اللہ تعالیٰ نے مجھے حکم دیا ہے، ان میں سے ایک یہ ہے کہ مسلمانوں کی جماعت کے ساتھ منسلک رہنا ۔ اس لیے کہ جو جماعت سے ایک بالشت کے برابر بھی الگ ہوا، اس نے اپنی گردن سے اسلام کی رسی نکال دی مگر یہ کہ وہ دوبارہ جماعت سے مل جائے ۔( ترمذی ، الامثال ، رقم 2863، ص 1939 ۔مسند احمد: 202، 130/4)

(2) مال کی حرص : حضرت مالک انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر دو بھوکے بھیڑیے بکریوں کے ریوڑ میں چھوڑ دیئے جائیں تو وہ اتنا نقصان نہیں کرتے جتنا مال اور مرتبے کی حرص انسان کے دین کو خراب کرتی ہے۔(ترمذی، الزهد ، رقم 1890، 2376)

(3)جنت میں پڑوس : حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے دو بچیوں کی پرورش کی ، میں اور وہ جنت میں ان دو انگلیوں کی مثل داخل ہوں گے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی دو انگلیوں کو ملا کر اشارہ فرمایا ۔ ( ترمذی، البر والصلۃ ، رقم 1914، ص 1845)

(4) نیکیاں کھانے والی چیز: حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا : حسد نیکیوں کو کھا جاتا ہے جیسے آگ لکڑی کو کھا جاتی ہے اور صدقہ گناہوں کو مٹا دیتا ہے جیسے پانی آگ کو ختم کر دیتا ہے۔ (ابوداؤد، الادب ، رقم 4903 ص 1583)