حدیث پاک (1)   حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی انگھوٹی چاندی کی تھی اور اس کا نگینہ حبشی تھا ۔( شمائل ترمذی شریف، ص 82)

حدیث پاک (2)قتادہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے دریافت کیا کہ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے نعل شریف کیسے تھے تو انہوں نے فرمایا کہ ہر ایک جوتے میں تسمے تھے ۔ (شمائل ترمذی شریف، 71)

حدیث پاک (3) حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم درمیانہ قد تھے ، نہ زیادہ طویل نہ کچھ ٹھگنے ، نہایت خوبصور ت معتدل بدن والے ، حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بال نہ بالکل پیچیدہ تھے نہ بالکل سیدھے بلکہ تھوڑی سی پیچیدگی اور گھونگریالہ پن تھا( نیز آپ گندمی رنگ کے تھے ۔ ( شمائل ترمذی، شریف 2)

حدیث پاک(4)حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اس قدر صاف شفاف حسین و خوبصورت تھے کہ گویا کہ چاندی سے آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا بدن مبارک ڈھالا گیا ہے آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بال مبارک قدرے خمدار گھونگریالے تھے۔ (شمائل ترمذی شریف 11)

حدیث پاک (5)حضرت ابو اسحاق رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ کسی شخص نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ کیا حضور اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا چہرہ مبارک تلوار کی طرح شفاف تھا ، انہوں نے کہا کہ نہیں بلکہ بدر کی طرح روشن گولائی سے ہوئے تھے ۔ ( شمائل ترمذی شریف 10)

حدیث پاک (6)حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ وہ فرماتے ہیں کہ میں ایک مرتبہ چاندی رات میں حضورِ اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو دیکھ رہا تھا حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اس وقت سرخ جوڑا زیبِ تن فرما تھے میں کبھی چاند کو دیکھتا اور کبھی آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو بالآخر میں نے یہ ہی فیصلہ کیا کہ حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم چاند سے کہیں زیادہ جمیل ، حسین اور منور ہیں ۔(شمائل ترمذی شریف 9)

حدیث پاک (7)حضرت جابر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم فراخ دہن تھے ، آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی آنکھوں کی سفیدی میں سرخ ڈورے پڑے ہوئے تھے ، ایڑی مبارک پر بہت کم گوشت تھا ۔ ( شمائل تر مذی شریف 8)

حدیث پاک (8) حضرت براء رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے کبھی بھی کسی سرخ جوڑے والے کو حضورِ اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے زیادہ حسین نہیں دیکھا ، اس وقت حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بال مبارک مونڈھوں کے قریب تھے۔ (شمائل ترمذی شریف 60)

حدیث پاک( 9)حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے منقول ہے کہ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سب کپڑوں میں کرتے کو پسند فرما تے تھے ۔(شمائل ترمذی شریف 52)

حدیث پاک (10) حضرت اسماء رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ حضورِ اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے کرتے کی آستین پہنچے تک ہوتی تھی ۔( شمائل ترمذی شریف 54)

حدیث پاک (11)حضرت کعب بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضورِ اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اپنی انگلیاں تین مرتبہ چاٹ لیا کرتے تھے ۔(شمائل ترمذی شریف 129)

حدیث پاک (12)حضرت ابو جحیفہ رضی اللہ عنہ فرماتی ہیں کہ حضور اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا کہ میں ٹیک لگا کر کھانا نہیں کھا تا۔(شمائل ترمذی شریف 131)

حدیث پاک( 13) حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ حضورِ اقدس ص صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا کی تین چیزیں نہیں لوٹانی چاہئیں: (1)تکیہ (2)خوشبوو تیل اور(3) دو دھ۔(شمائل ترمذی شریف 207)

حدیث پاک (14) حضرت عبد اللہ بن حارث رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضور اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے زیادہ تبسم کرنے والا نہیں دیکھا ۔ ( شمائل ترمذی شریف 215)