اوصاف وصف کی جمع ہے، جس کا لغوی معنیٰ خوبی ہے۔ انسانی تاریخ میں ایسے بہت سے لوگ گزرے ہیں جنہوں نے اپنی زندگیاں بنی نوع انسان کے لئے پیش کیں۔ لیکن محمدِ مصطفےٰ ﷺ کی زندگی مسلمانوں کے لئے مکمل نمونہ ہے۔ اللہ پاک قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے:

لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰهِ اُسْوَةٌ حَسَنَةٌ (پ21، الاحزاب: 21) ترجمہ کنزا لایمان: بےشک تمہیں رسول اللہ کی پیروی بہتر ہے۔

اللہ پاک نے حضور کی ذاتِ مبارکہ میں بےبہا اوصاف شامل کئے، ان میں سے چند ایک اوصاف یہ ہیں:

(1) رحمۃ للعلمین: اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وَ مَاۤ اَرْسَلْنٰكَ اِلَّا رَحْمَةً لِّلْعٰلَمِیْنَ(۱۰۷) (پ17، الانبیاء: 107) اور ہم نے تمہیں تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر ہی بھیجا۔

تفسیر صراط الجنان میں تفسیرِ روح البیان کے حوالے سے مذکور ہے کہ حضور ﷺ کو تمام جہانوں کے لئے عامل، کامل، شامل اور جامعِ نعمت بنا کر بھیجا ہے اور جو تمام عالموں سے افضل ہو تو لازم ہے کہ وہ تمام جہانوں سے افضل ہو۔ (تفسیر صراط الجنان، 6/388)

(2) پاک کرنے والے:اللہ پاک نے قرآن پاک میں حضرت یحییٰ علیہ السّلام کے بارے میں ارشاد فرمایا کہ ہم نے اپنی طرف سے انہیں پاکیزگی دی۔ اور اپنے نبی ﷺ کے بارے میں ارشاد فرمایا:

لَقَدْ مَنَّ اللّٰهُ عَلَى الْمُؤْمِنِیْنَ اِذْ بَعَثَ فِیْهِمْ رَسُوْلًا مِّنْ اَنْفُسِهِمْ یَتْلُوْا عَلَیْهِمْ اٰیٰتِهٖ وَ یُزَكِّیْهِمْ (پ4، اٰل عمران: 164) ترجمہ کنزا لایمان: بےشک اللہ نے ایمان والوں پر بڑا احسان فرمایا، جب ان میں ایک رسول عطا فرمایا، جو انہی میں سے ہے، وہ ان کے سامنے اللہ کی آیتیں تلاوت کرتا ہے اور انہیں پاک کرتا ہے۔

(3) اطاعتِ رسول: اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَطِیْعُوا اللّٰهَ وَ اَطِیْعُوا الرَّسُوْلَ (پ5، النساء: 59) ترجمہ کنز الایمان:اے ایمان والو!اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو۔ اس آیت میں رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کا حکم دیا گیا ہے، کیونکہ رسول اللہ ﷺ کی اطاعت ہی اللہ کی اطاعت ہے۔ (تفسیر صراط الجنان، 2/229)

(4) اجرِ عظیم: اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ علیہ لکھتے ہیں: حق جل و علا نے فرمایا: وَ اِنَّ لَكَ لَاَجْرًا غَیْرَ مَمْنُوْنٍۚ(۳) (پ 29، القلم: 3) کہ تو ان دیوانوں کی بد زبانی پر صبر کرتا اور حلم و کرم سے پیش آتا ہے۔ مجنون تو چلتی ہوا سے الجھا کرتے ہیں تیرا سا حلم و صبر کوئی تمام عالم کے عقلا میں ہے تو بتائیے۔ اسی لئے نبی کے لئے اجرِ عظیم ہے۔ (فتاویٰ رضویہ، 30/164)

(5) نبیِ امی: اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: هُوَ الَّذِیْ بَعَثَ فِی الْاُمِّیّٖنَ رَسُوْلًا مِّنْهُمْ یَتْلُوْا عَلَیْهِمْ اٰیٰتِهٖ وَ یُزَكِّیْهِمْ وَ یُعَلِّمُهُمُ الْكِتٰبَ وَ الْحِكْمَةَۗ-(پ28، الجمعۃ: 2) ترجمہ کنزا لایمان: وہی ہے جس نے ان پڑھوں میں انہیں میں سے ایک رسول بھیجا کہ ان پر اس کی آیتیں پڑھتے ہیں اور انہیں پاک کرتے ہیں۔

آپ ﷺ امتِ امیہ کی طرف مبعوث ہوئے۔ کتابِ شعیا میں ہے: میں امیوں میں سے ایک امی بھیجوں گا اور اس پر نبوت کو ختم کروں گا۔ (تفسیر صراط الجنان، 10/142)

(6) خصائصِ مصطفےٰ: اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وَ لَلْاٰخِرَةُ خَیْرٌ لَّكَ مِنَ الْاُوْلٰىؕ(۴) (پ30، الضحیٰ: 4) ترجمہ کنز الایمان: اور بے شک پچھلی تمہارے لیے پہلی سے بہتر ہے۔ نبیِ کریم ﷺ کے لئے دنیا آخرت سے بہتر ہے، کیونکہ وہاں آپ کے لئے مقامِ محمود و حوضِ کوثر و خیر اور بے انتہا عزتیں اور کرامتیں ہیں۔ آنے والے احوال آپ ﷺ کے لئے گزشتہ احوال سے بہتر و برتر ہے۔ (تفسیر خزائن العرفان، ص 1083)

(7) حضور کا جذبۂ تبلیغ: اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: فَلَعَلَّكَ بَاخِعٌ نَّفْسَكَ عَلٰۤى اٰثَارِهِمْ اِنْ لَّمْ یُؤْمِنُوْا بِهٰذَا الْحَدِیْثِ اَسَفًا(۶) (پ15، الکہف: 6) ترجمہ کنز الایمان: تو کہیں تم اپنی جان پر کھیل جاؤ گے ان کے پیچھے اگر وہ اس بات پر ایمان نہ لائیں غم سے۔ اس طرح کی آیات سے نبیِ کریم ﷺ کا جذبۂ تبلیغ، امت پر رحمت و شفقت کی انتہا اور رسالت کے حقوق کو انتہائی اعلیٰ طریقے سے ادا کرنے کا بھی پتا چلتا ہے۔ (تفسیر صراط الجنان، 5/537)

(8) عقلِ مبارک: اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وَ عَلَّمَكَ مَا لَمْ تَكُنْ تَعْلَمُؕ-ترجمہ کنزا لایمان: اور آپ کو وہ سب کچھ سکھادیا جو آپ نہ جانتے تھے۔ (پ5، النساء: 112)

(9) عظیم اخلاق: اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وَ اِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِیْمٍ(۴) (پ29، القلم: 4) ترجمہ کنز الایمان: اور بیشک تمہاری خوبو بڑی شان کی ہے۔ خالق کی شان اپنی تخلیق کے شہکار کی توصیف فرمارہی ہے۔ اس آیت کے ایک ایک لفظ میں نبی کے عمدہ اخلاق کی جھلکیاں نمایاں نظر آتی ہیں۔ (تفسیر ضیاء القرآن، 5/331)

(10) معراجِ مصطفےٰ: اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: سُبْحٰنَ الَّذِیْۤ اَسْرٰى بِعَبْدِهٖ لَیْلًا مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ اِلَى الْمَسْجِدِ الْاَقْصَا الَّذِیْ بٰرَكْنَا حَوْلَهٗ لِنُرِیَهٗ مِنْ اٰیٰتِنَاؕ-( پ15، بنی اسرائیل: 1) ترجمہ کنزا لایمان: پاکی ہے اس کے لئے جو راتوں رات اپنے بندے کو مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک لے گیا، جس کے ارد گرد ہم نے برکتیں رکھی کہ ہم اسے اپنی عظیم نشانیاں دکھائیں۔

تیرے تو وصف عیب تناہی سے ہیں بری حیراں ہوں میرے شاہ میں کیا کیا کہوں تجھے