اسماء الحسنی کا معنی ہے بہت اچھے نام۔ قرآن مجید میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے کہ  :

وَ لِلّٰهِ الْاَسْمَآءُ الْحُسْنٰى فَادْعُوْهُ بِهَا۪-ترجمہ کنزالعرفان : ”اور بہت اچھے نام اللہ ہی کے ہیں تو اسے ان ناموں سے پکارو“۔(پ : 9 ، الاعراف:180)

اس میں اسماء الحسنی کے ساتھ اللہ پاک سے مدد مانگنے کا حکم ہےجیسا کہ ایک روایت میں ہے کہ،” اللہ پاک کے ننانوے نام ہیں جس نے ان کے ذریعے دعا مانگی تو اللہ پاک اس کی دعا قبول فرمائے گا۔(جامع صغیر،ص:143،الحدیث:2370)

حضرت علامہ یحییٰ بن شرف نووی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:” علماء کا اس پر اتفاق ہے کہ اسمائے الہی ننانوے میں مُنحَصِر (قید/گھرےہوئے/بند) نہیں ہیں“۔ (نووی علی المسلم،کتاب الذکر والدعا والتوبۃ۔۔۔ الخ،5/9، الجز ٕالسابع عشر)

یعنی حدیث کا مقصود صرف یہ ہے کہ اتنے ناموں کے ساتھ دعا کرنے سے دعا مقبول ہو گی۔ورنہ اسمائے الٰہیہ اس سے کئی گُنا زائد ہیں ۔

ان اسماء میں سے دس کو ذکر کیا جاتا ہے جوکہ قرآن مجید کی سورہ حشر کی آیت نمبر 23،24 ، پارہ 28 میں موجود ہیں : هُوَ اللّٰهُ الَّذِیْ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَۚ-اَلْمَلِكُ الْقُدُّوْسُ السَّلٰمُ الْمُؤْمِنُ الْمُهَیْمِنُ الْعَزِیْزُ الْجَبَّارُ الْمُتَكَبِّرُؕ-سُبْحٰنَ اللّٰهِ عَمَّا یُشْرِكُوْنَ(۲۳) هُوَ اللّٰهُ الْخَالِقُ۔

(1) لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَۚ-:نہیں ہے کوئی معبود مگر وہ : اللہ پاک کے سوا کوئی معبود نہیں (2) اَلْمَلِكُ:بادشاہ: ملک و حکومت کا حقیقی مالک ہے(3) الْقُدُّوْسُ:نہایت پاک: ہر عیب سے اور تمام برائیوں سے نہایت پاک ہے(4) السَّلٰمُ: سلامتی دینے والا :اپنی مخلوق کو آفتوں اور نقصانات سے سلامتی دینے والا(5) الْمُؤْمِنُ:امن بخشنے والا: اپنے فرمانبردار بندوں کو اپنے عذاب سے امن بخشنے والا(6) الْمُهَیْمِنُ:حفاظت فرمانے والا : ہر چیز پر نگہبان اور اس کی حفاظت فرمانے والا ہے(7) الْعَزِیْزُ: بہت عزت والا : ایسی عزت والا ہے جس کی مثال نہیں مل سکتی(8) الْجَبَّارُ: عظمت والا: اپنی ذات اور تمام صفات میں عظمت اور بڑائی والا ہے (9) الْمُتَكَبِّرُ:اپنی بڑائی بیان فرمانے والا ہے: تکبر یعنی اپنی بڑائی کا اظہار کرنا اسی کےشایاں اور لائق ہے(10) الْخَالِقُ: بنانے والا: وہ بنانے والا ہے عدم( وجود نہ ہونے) سے وجود میں لانے والاہے۔

احادیث میں اسماء حسنی کے بہت فضائل بیان کیے گئے ہیں،جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانِ جنت نشان ہے کہ :”بے شک اللہ پاک کی ننانوے نام ہیں یعنی ایک کم سو، جس نے انہیں یاد کر لیا وہ جنت میں داخل ہوا“(بخاری ، 2/229، الحديث :2736)

اللہ پاک ہمیں بھی اسماء حسنٰی یاد کرنے اور پڑھ کر خوب برکات حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین