شعبہ میڈیا ڈیپارٹمنٹ  کے تحت نواب شاہ میں صحافیوں کے ساتھ ملاقات

میڈیا ڈپارٹمنٹ نواب شاہ کابینہ: میڈیا ڈیپارٹمنٹ( دعوتِ اسلامی) ڈسٹرکٹ شہید بینظیر آباد کے تحت ڈسٹرکٹ ذمہ داران نے تعلقہ پریس کلب قاضی احمد کاوزٹ کیا اور وہاں موجود صحافیوں کو نیکی کی دعوت پیش کی۔

اس موقع پر میڈیا ڈپارٹمنٹ کے ڈسٹرکٹ ذمہ دار قاری محمدراشد عطاری نے صحافیوں کو درود پاک کے فضائل کے متعلق بتایا اور کہا کہ درود شریف کی کثرت کرنے والے کو قیامت کے دن ہر قسم کی سختیوں سے محفوظ رکھا جائے گا اور بروز قیامت درود شریف پڑھنے والے خوش نصیب سے آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مصافحہ فرمائیں گے۔

ذمہ دار نے صحافیوں کو حقوق اللہ وحقوق العباد کے متعلق بھی بتایا اور کہا کہ پنج وقتہ نماز کی پابندی کے ساتھ ساتھ نوافل کی کثرت بھی کرنی چاہیئے اور حقوق العباد کے حوالے سے ذمہ دار اسلامی بھائی نے صحافیوں کو حدیث پاک کا مفہوم بتاتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمدِ عَرَبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اِرشاد فرمایا : مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان کو تکلیف نہ پہنچے۔

ذمہ دار کا مزید کہنا تھا کہ صحافت کا شعبہ عظیم پیشہ ہے اس شعبے سے وابستہ ہوکر اپنے قلم اور زبان سے دین اسلام کا پرچار بہترین انداز میں کرسکتے ہیں جبکہ معاشرے میں برائیوں کے خاتمے کے حوالے سے بھی اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ذمہ داران نے اُنہیں دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کا تعارف پیش کرتے ہوئے دنیابھر میں دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں کے متعلق کی جانےوالی خدمات کےحوالےسےبریفنگ دی اور 2020 ءکی لاک ڈاؤن میں تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو بلڈ ڈونیٹ کرنے اور آقا کریم کی دکھیاری امت کی خیر خواہی کرنے کے حوالے سے دعوتِ اسلامی کی خدمات کے متعلق بتایا اور آخر میں صحافی اسلامی بھائیوں کو مکتبۃ المدینہ کے رسائل تحفے میں پیش کئے۔

بعدازاں تعلقہ پریس کلب قاضی احمد کے صدر ممتاز علی جتوئی ، غلام مصطفیٰ چانڈیو ،غلام حیدر انڑ ،ممتاز علی سومرو ،اشفاق احمد راجپوت اور دیگر نے دعوتِ اسلامی کی دینی و فلاحی خدمات کو خوب سراہا نیز ڈسٹرکٹ ذمہ دار نے صحافیوں کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی وزٹ کی دعوت دی ،جوکہ صحافیوں نے قبول کی اور خوشی کا اظہار کیا۔( رپورٹ: قاری محمدراشد عطاری میڈیا ڈیپارٹمنٹ)