الحمدللہ نماز ایک عظیم نعمت ہے ، جو پابندی سے نماز پڑھے گا اور جو فرض نماز نہیں پڑے گا وہ عذاب ِ نار کا حقدار ہوگا۔ پارہ 16 سورۃ مریم آیت 59 میں اللہ پاک فرماتا ہے: فَخَلَفَ مِنْۢ بَعْدِهِمْ خَلْفٌ اَضَاعُوا الصَّلٰوةَ وَ اتَّبَعُوا الشَّهَوٰتِ فَسَوْفَ یَلْقَوْنَ غَیًّاۙ(۵۹) ترجَمۂ کنزُالایمان: تو ان کے بعد ان کی جگہ وہ ناخلف آئے جنہوں نے نمازیں گنوائیں(ضائع کیں) اور اپنی خواہشوں کے پیچھے ہوئے تو عنقریب وہ دوزخ میں غیّ کا جنگل پائیں گے ۔(مریم: 59)

بیان کی گئی آیت مقدسہ میں غی کا تذکرہ ہے ، حضرت علامہ مولانا مفتی محمد امجد علی عظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: غی جہنم میں ایک وادی ہے، جس کی گرمی اور گہرائی سب سے زیادہ ہے، اس میں ایک کنواں ہے جس کا نام ہب ہب ہے، جب جہنم کی آگ بجھنے پر آتی ہے اللہ پاک اس کنو یں کا منہ کھول دیتا ہے جس سے وہ بدستور( یعنی پہلے کی طرح) بڑھنے لگتی ہے۔

اے عاشقانِ رسول!خوفِ خُدا وندی سے لرز اٹھو اور گھبرا کے جلدی اپنے گناہوں کی توبہ کر لو!

منقول ہے:بروزِ قیامت بے نمازی اس حال میں آئے گا کہ اس کے جبڑے پر تین سطریں لکھی ہو گی(1) اے اللہ کا حق برباد کرنے والے(2) اے اللہ کے غضب کے مستحق(3) جس طرح تو نے دنیا میں اللہ کا حق ضائع کیا اسی طرح آج تو بھی اللہ کی رحمت سے مایوس ہو جا۔

( جہنم میں لے جانے والے اعمال، ج ا، ص 444)

مکی مدنی آقا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے فرض نمازیں بغیر عُذر کے چھوڑیں تو اس کا عمل ضائع ہوگیا۔(مصنف ابی ابن شیبہ، ج ص223، حدیث: 49)

پڑتے رہو نماز تو جنت کو پاؤ گے

چھوڑو گے گر نماز تو جہنم میں جاؤ گے

فرمانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ہے: اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: تین چیزیں ایسی ہیں جس شخص نے ان کی حفاظت کی وہ میرا سچا دوست ہے اور جس نے ان کو ضائع کیا وہ میرا دشمن ہے۔(1) پانچوں فرض نمازیں (2)رمضان کے روزے(3)جنابت سے غسل۔

(شعب الایمان ج3، ص 9،حدیث: 2749)

بے نمازی کی نحوست ہے بڑی

مر کہ پائے گا سزا بے حد کڑی

اللہ کے محبوب دانائے غیوب صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جس نے نماز ترک کی اس نے اعلانیہ کُفر کیا۔(معجم الاوسط حدیث3348، ج2، ص299)

رحمت کونین ہم غریبوں کے دلوں کے چین صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان عالیشان ہے: کہ بندے اور کفر یا شرک کے درمیان فرق نماز کو چھوڑنا ہے، لہذا جب اس نے نماز چھوڑ دی تو اس نے کفر کیا۔(مسند ابی یعلٰی الموصلی، الحدیث:4086، ج3،ص397)

نماز وں کونہ چھوڑو، گناہوں کو چھوڑو!

کبھی یادِ حق سےمنہ نہ اپنا موڑ و