اُمت مسلمہ پر دن رات میں پانچ (5) نمازیں فرض کی گئی ہیں۔قرآن و حدیث میں جا بجا نماز کی تاکید فرمائی گئی اور نماز ترک کرنے پر  مختلف قسم کی سزائیں و عذابات ذکر کیے گئے ہیں۔ترک نماز کی پانچ سزائیں ملاحظہ ہوں:

1:ہولناک کنواں:

فَخَلَفَ مِنْۢ بَعْدِهِمْ خَلْفٌ اَضَاعُوا الصَّلٰوةَ وَ اتَّبَعُوا الشَّهَوٰتِ فَسَوْفَ یَلْقَوْنَ غَیًّاترجمہ کنز العرفان:تو ان کے بعد وہ نالائق لوگ ان کی جگہ آئے جنہوں نے نمازوں کو ضائع کیا اور اپنی خواہشوں کی پیروی کی تو عنقریب وہ جہنم کی خوفناک وادی غی سے جاملیں گے۔(پارہ 16 سورۃ مریم آیت 59)

آیت مبارکہ میں لفظ "غیّ" کے متعلق صدر الشریعہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: "غیّ" جہنم میں ایک وادی ہے ،جس کی گرمی اور گہرائی سب سے زیادہ ہے، اس میں ایک کنواں ہے، جس کا نام ’’ہب ہب‘‘ ہے، جب جہنم کی آگ بجھنے پر آتی ہے، اﷲ عزوجل اس کوئیں کو کھول دیتا ہے جس سے و ہ بدستور بھڑکنے لگتی ہے۔یہ کنواں نمازیوں، زانیوں،شرابیوں،سود خواروں اور ماں باپ کو ایذا دینے والے کیلئے ہے۔(بہار شریعت جلد اول صفحہ 434 ملتقطا)

2:سر کچلنے کی سزا:

سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام علیہم الرضوان سے فرمایا: آج رات دو شخص (جبرائیل و میکائیل علیہما السلام) میرے پاس آئے اور مجھے ارض مقدّس (بیت المقدس) میں لے آئے۔(بُخاری ج 1 ص 467 حدیث 1386)

میں نے دیکھا کہ ایک شخص لیٹا ہے اور اس کے سرہانے ایک شخص پتھر اٹھائے کھڑا ہے اور پے در پے پتھر سے اس کا سر کچل رہا ہے،ہر بار کچلنے کے بعد سر پھر ٹھیک ہوجاتا ہے۔میں نے اُن فرشتوں سے کہا:سبحان اللہ! یہ کون ہے؟ اُنہوں نے عرض کی :آگے تشریف لے چلیے!(مزید مناظر دکھانے کے بعد)فرشتوں نے عرض کی:پہلا شخص جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دیکھا یہ وہ تھا جس نے قرآن پڑھا پھر اس کو چھوڑ دیا اور فرض نمازوں کے وقت سوجاتا تھا۔

(بُخاری ج 4 ص 425 حدیث 7047 ملخصاً ، فیضان نماز ص 432)

3:اللہ پاک کے غضب کا مستحق:

"قرۃ العیون" میں نقل کردہ حدیث پاک میں یہ مضمون ہے کہ اُمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے دس افراد ایسے ہیں جن پر اللہ پاک بروز قیامت غضبناک ہوگا،ان کے چہرے بغیر ہڈیوں کا ڈھانچہ ہوں گے اور انہیں جہنم کی طرف لے جانے کا حکم صادر فرمائے گا(ان میں سے دسواں ہے) بے نمازی۔ مگر بے نمازی کیلئے دُگنا عذاب ہوگا اور بے نمازی بروز قیامت اس حال میں اٹھے گا کہ اس کے دونوں ہاتھ اس کی گردن میں بندھے ہونگے اور فرشتے اُس کی پٹائی کر رہے ہوں گے۔(فیضان نماز 453 ملخصا و ملتقطا)

4:جہنم کے دروازے پر نام:

سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جو جان بوجھ کر ایک نماز چھوڑ دیتا ہے اُس کا نام جہنم کے دروازے پر لکھ دیا جاتا ہے جس سے وہ داخل ہوگا۔

(حلیہ الاولیاء ج 7 ص 992 حدیث 1059،فیضان نماز ص 425)

5:قبر میں سزا:

قبر میں اس (بے نمازی) پر ایک اژدھا (بہت بڑا سانپ) مسلّط کر دیا جائے گا۔جب وہ اسے(مردے کو) مارے گا تو وہ ستّر 70 ہاتھ تک زمین میں دھنس جائے گا۔

(فیضان نماز ص 427 ملتقطا)

اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں ان ہولناک عذابات سے بچائے ۔ اور سچا پکّا نمازی بنائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم