اے عاشقانِ رسول! نماز ہم پر فرض کی گئی ہے، جو لوگ باجماعت پانچوں نمازیں پڑھتے ہیں ان کو فوائد ہی فوائد حاصل ہوتے ہیں، مگر نعوذ باللہ جو لوگ بلا اجازتِ شرعی نماز قضا کر دیتے ہیں ان کو اللہ کریم کے عذاب سے ڈر جانا چاہیے، ایسے لوگ اپنی آخرت تو خراب کرتےہی ہیں، ساتھ ساتھ اُن کو دنیا میں بھی نماز نہ پڑھنے کے سبب نُقصانات اُٹھانا پڑتے ہیں۔

1۔ پہلا نقصان یہ ہوتا ہے کہ ان کی عمر میں سے برکت ختم ہو جاتی ہے۔

2۔ ایسے لوگوں کے چہرے سے نیک بندوں کی علامت (نشان) مٹا دی جاتی ہے ۔

اللہ پاک اسے کسی عمل پر ثواب نہ دے گا۔

4۔ اس کی کوئی بھی دعا آسمان تک نہ پہنچے گی۔

5۔ اور نیک بندوں کی دعاؤں میں اس کا کوئی حصہ نہ ہوگا ،العیاذ باللہ

( کتاب الکبائر صفحہ24 ، فیضانِ نماز صفحہ 427)

پیارے اسلامی بھائیو! ہم ذرا غور تو کریں کہ اللہ کریم کے ہم پر کتنے سارے انعامات ہیں مگر ہم اس کریم ربّ کی نافرمانیوں میں لگے رہتے ہیں، آج ہمارے معاشرے میں نماز قضا کرنے کو کچھ سمجھا ہی نہیں جاتا، ایسا کیوں؟؟ کیا ہم پر صرف جمعہ یا عیدین کی نماز فرض ہے ، پانچوں نمازوں کے وقت مؤذن ہمیں بُلاتا ہے مگر ہم اپنے کاموں میں لگے رہتے ہیں، کاروباری لوگ اپنے کاروبار میں مصروف ہوتے ہیں حالانکہ یہ سب کو معلوم ہے کہ رزق اللہ کریم نے ہی عطا فرمانا ہے، مگر اس ربّ کا حکم ہے نماز پڑھو مگر ہم ہیں کہ غافل رہتے ہیں۔

اللہ کریم اپنے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے ہمیں پانچوں نمازیں پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے، اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم